مظلوم مدینہ حضرت سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ

حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں ایک چمکتا دمکتا ستارہ ، ایک مہر منیر ، ایک آفتابِ عالم تاب حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی مقدس ہستی بھی ہے ۔ 18 ذی الحجہ یوم شہادت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی مناسبت سے آپ رضی اللہ عنہ کے کچھ حالات نذر قارئین ہیں ۔

آپ ؓ مکہ مکرمہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے چھ برس بعد567 ءمیں مکہ مکرمہ کے مشہور تاجر عفان بن ابی العاص کے ہاں پیدا ہوئے ۔ آپ ؓ کانام ونسب مندرجہ ذیل ہے:
ابو عبد اللہ عثمان غنی ذو النورین بن عفان بن ابو العاص بن امیہ بن عبد شمس۔

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پانچ طرح رشتے داری ہے ، جس کی تفصیل یہ ہے ۔
(۱) .... آپؓ کے والد کا شجرہ پانچویں پشت میں حضور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے ملتا ہے ۔
(۲) .... حضرت عثمان ؓ کی نانی ام حکیم البیضا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سگی پھوپھی ہیں ، یوں آپ ؓ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بھانجے ہوئے ۔
(۳) .... آپؓ کی والدہ ارویٰ بنت کریز کا نسب بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ملتا ہے ، یوں آپ ؓ ماں کی دادھیال کی طرف سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بھتیجے ہوئے ۔
(۴).... حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے عقد میں آئیں یوں آپ ؓ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے داماد ہوئے ۔
(۵) .... حضرت رقیہؓ کی وفات کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دوسری صاحبزادی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے نکاح میں آئیں ۔ یوں آپؓ کو حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی دہری دامادی کا شرف حاصل ہوا ، جو کسی اور کو نہیں ملا ۔ اسی وجہ سے آپ ؓ کو ذو النورین ( دونوروں والا ) کہا جاتا ہے ۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا :

حضرت عثمان ( رضی اللہ عنہ ) کو عرش والے بھی ذو النورین کہتے ہیں ۔( ابن عساکر )

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے والد ایک کامیاب تاجر تھے ، ان کے انتقال کے بعد حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنی فراست سے تجارت کو مزید ترقی دی اور اس کا دائرہ کئی ممالک تک پھیلا دیا ۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو خوب مال دیا تھا اسی طرح اسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں لگانے کا جذبہ بھی خوب عطا فرمایا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ؓ کو زبان نبوت سے ” غنی “ کا خطاب ملا ۔

آپؓ کی فیاضی و سخاوت تاریخ اسلام کا درخشاں باب ہے ، بطور نمونہ چند واقعات ذیل میں درج کیے جاتے ہیں ۔
(۱) .... ہجرت کے بعد مسلمانوں کو پینے کے پانی کی بڑی تکلیف تھی ، کیونکہ شہر کے باہر میٹھے پانی کا ایک ہی کنواں تھا ، جو ایک یہودی کی ملکیت میں تھا ۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے 20 ہزار درہم میں یہ کنواں خرید کر مسلمانوں کے لئے وقف کردیا ، اس پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے آپ کو جنت کی عظیم خوشخبری عطا ہوئی ۔
(۲) .... مسجد نبوی کی توسیع کے لئے 25 ہزار درہم میں پلاٹ خرید کر وقف کردیا ۔
(۳) .... قحط کے دنوں میں غزوہ تبوک کے موقعے پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ترغیب پر 300 اونٹ بمعہ سازو سامان ( جو لشکر کاایک تہائی تھا ) مجاہدین اسلام کو فراہم کیے ۔ اس موقعے پر زبان رسالت سے ارشاد ہوا ! ” آج کے بعد عثمان کا کوئی عمل بھی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا “۔
(۴) .... اسی غزوے میں نقد ایک ہزار دینار بھی جہادی فنڈ میں جمع کرادیے ۔ اسی موقعے پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ اٹھا کر تین باریہ دعا فرمائی ۔ ” اے اللہ ! میں عثمانؓ سے راضی ہوں ، اے اللہ ! تو بھی اس سے راضی ہوجا ۔ پھر صحابہ ؓ سے بھی فرمایا تم سب بھی عثمان ؓ کے حق میں دعا کرو ( ازالة الخفاءعن خلافتہ الخلفاء) ۔
(۵) .... آپ ؓ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے گھرانے کی خدمت میں بھی وقتاً فوقتاً ہدایا بھتیجے تھے ۔
(۶) .... دور صدیقی ؓ میں پڑنے والے قحط کے موقعے پر ایک ہزار اونٹوں پر آنے والا پورا غلہ ضرورت مندوں میں صدقہ کردیا ، حالانکہ تاجران سے کئی گنازیادہ قیمت پر خریدنے کے لئے تیار تھے ، مگر آپ ؓ نے سب غلہ راہ الٰہی میں صدقہ کردیا ۔
(۷).... عہد نبوی سے لے کر اپنے دور خلافت کے اختتام تک آپ ؓ کا یہ پسندیدہ مشغلہ رہا کہ قدیم مساجد کی تزئین و توسیع میں رقم لگاتے اور نئی عالی شان مساجد تعمیر فرماتے تھے ۔
(۸) .... امہات المو منین کو علیحدہ علیحدہ مکانات تعمیر کراکے دیئے ۔
(۹).... جس دن اسلام لائے ، اس دن سے لے کر شہادت والے دن تک بلا ناغہ ہر جمعے کو ایک غلام خرید کر اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے آزاد کرنے کا معمول رہا ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق آپ ؓ نے کل 2 ہزار 4 سو غلام آزاد فرمائے ۔ اسی طرح ہر جمعہ ایک اونٹ ذبح کراکر اس کا گوشت غریبوں میں بانٹنے کا بھی معمول تھا ۔
(۰۱) .... شہداءکے گھرانوں کی کفالت آپ ؓ اپنا فرض منصبی سمجھ کر اپنے مال سے کیا کرتے تھے ۔
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ تیسرے خلیفہ راشد ہیں ۔ اہل بدر میں سے ہیں ۔ ان دس صحابہ ؓ میں سے ہیں جنہیں دنیا میں جنت کی بشارت ملی ۔ اللہ کی راہ میں دو مرتبہ ہجرت کرنے والوں میں سے ہیں ۔ سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں سے ہیں ۔

آپؓ کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے 1400 صحابہ ؓ سے اپنی رضا مندی کا اعلا ن فرمایا ۔اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ 6 ھ میں حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم عمرے کی نیت سے اپنے جانثار صحابہ کرام ؓ کے ساتھ عازمِ مکہ ہوئے ، پھر حدیبیہ کے مقام پر کفار مکہ سے مذاکرات ہوئے ، اس حوالے سے بطور قاصد حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو روانہ فرمایا ۔ جن کے قتل کی جھوٹی افواہ پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک درخت کے نیچے تمام صحابہ ؓ سے قصا ص عثمان ؓ پر بیعت لی کہ جب تک ایک بھی زندہ ہے ، حضرت عثمان ؓ کا بدلہ ضرور لیں گے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس بیعت کو پسند فرمایا اور سورة الفتح نازل ہوئی ، جس میں فرمایا کہ” میں تمام بیعت کرنے والوں سے راضی ہوں ، اللہ کا ہاتھ ان کے ہاتھ پر ہے “( الفتح ۰۱ تا ۸۱)

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی تعریف و توصیف فرمائی ۔ ذخیرہ احادیث ایسی احادیث سے بھرا پڑا ہے ایک شخص کا جنازہ صرف اس بنیاد پر نہیں پڑھایا کہ وہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے بغض رکھتا ہے ۔ متعدد احادیث میں آپ ؓ کی حیا اور سخاوت کی تعریف فرمائی ۔ ایک بار فرمایا کہ عثمان ؓ دنیا و آخرت میں میرے رفیق ہیں ۔ بارہا یہ ارشاد فرمایا کہ اے اللہ ! میں عثمان ؓ سے راضی ہوں ، آپ بھی ان سے راضی ہوجائیں ۔ جب حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے حرم میں موجود حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دوسری صاحبزادی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا بھی رحلت فرماگئیں تو ارشاد فرمایا : اگر میری چالیس صاحبزادیاں بھی ہوتیں تو سب کو عثمان ؓ کے نکاح میں دے دیتا ( بروایت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ) یہ الفاظ اس بات کی واضح دلیل تھے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے راضی تھے ۔

یہی وجہ تھی کہ حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی بلا تفریق آپ رضی اللہ عنہ کے مقام و مرتبے کے قائل تھے اور آپ ؓ کو حضرات صدیق اکبر وفاروق اعظم رضی اللہ عنہما کے بعد سب سے افضل سمجھتے تھے ۔

حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی کمیٹی نے ، جن میں سب عشرہ مبشرہ میں سے تھے ، اتفاق رائے سے آپ ؓ کو خلیفہ ثالث منتخب کیا ۔ سب سے پہلے حضرت عبد الرحمن بن عوف اور حضرت علی رضی اللہ عنہما نے آپ ؓ کے دستِ حق پرست پر بیعت خلافت کی ، پھر مجمع عام میں آپ ؓ کے ہاتھ پر بیعت کی ، یوں یکم محرم 24 ھ کو آپؓ اتفاق رائے سے خلیفة المسلمین منتخب ہوئے ۔

آپ ؓ کا سب سے بڑا کارنامہ ، جو بعد میں آپ ؓ کی شہادت کا بنیاد ی محرک بھی ثابت ہوا ، تمام مسلمانوں کو قرآن مجید کی ایک قرات پر جمع کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ آپ ؓ نے حضرت عمر ؓ کے دور میں شروع ہونے والی فتوحات کی تکمیل کی اور 24 لاکھ مربع میل پر اسلام کا پرچم لہرایا ۔ بیت المال کی تنظیم نو ، حجاز میں نہروں کا جال بچھانا ، مدینہ کو سیلاب سے بچانے کے لئے ڈیم تعمیر کرنا ، نئی سڑکیں اور پل تعمیر کرانا ، کنویں کھدوانا ، سرکاری عمارات و دفاتر تعمیر کرنا ، نئے سکے جاری کرنا اور وقف عام کا قیام آپ رضی اللہ عنہ کے دور خلافت کے نمایاں کارنامے ہیں ۔ آپ ؓ کا ایک بڑا کارنامہ یہ بھی ہے کہ آپؓ نے دستور اسلامی کی حفاظت آخر دم تک کرکے مفسدوں کے ارادوں کو ناکام بنایا۔

یہودی النسل عبد اللہ بن سبا نے کوفہ ، بصرہ اور مصر کے مفسدین کو مجتمع کیا ۔ انہوں نے آپ ؓ پر بے سرو پا الزامات عائد کیے ۔ جن کا آپؓ نے ہر سطح پر جواب دیا ۔ ایام حج میں ، جبکہ اکثر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے گئے ہوئے تھے ، ان سازشیوں نے موقع غنیمت جانا اور آپ ؓ کے گھر کا محاصرہ کرلیا ، اس 40 روزہ محاصرے میں آپ ؓ کے اہل خانہ تک کھانے پینے کی کوئی چیز بھی نہ پہنچنے دی ۔ ساتھیوں نے مقابلہ کرنے کی اجازت چاہی تو فرمایا کہ میں نبی کے شہر میں خون نہیں بہانا چاہتا ۔ آپ ؓ نے تمام مظالم برداشت کیے مگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے بموجب خلعتِ خلافت کو اتارنے سے انکار کردیا ۔

آپؓ جمعہ کے دن بحالتِ روزہ بوقت ِ تلاوت قرآن 18 ذی الحجہ 35 ھ کو انتہائی بے دردی سے 82 سال کی عمر میں شہید کردیئے گئے۔
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 307901 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More