آئینی ڈھانچہ

آج کل عدالتیں اس بات کا زور و شور سے پرچار کر رہی ہیں کہ 1973 کے آئین کا ایک بنیادی ڈھانچہ ہے لہذا عدلیہ اس ڈھانچے سے ماورا کسی بھی قانون سازی کو قبول نہیں کرےگی۔ سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ آئین کا و ہ بنیادی ڈھانچہ جس کا ذکر عدلیہ کر رہی ہے کس نے قائم کیا تھا؟ کیا وہ بنیادی ڈھانچہ عدلیہ کا تیار کردہ تھا یا و ہ ڈھانچہ پارلیمنٹ نے تیار کیا تھا۔ اگر وہ ڈھانچہ واقعی عدلیہ کا عطا کردہ تھا تو پھر اسے جوں کا توں رہنے دیا جائے لیکن اگر یہ پارلیمنٹ کا عطا کردہ ہے تو پھر عدلیہ اس پر سانپ بن کر بیٹھنے کی کوشش کیوں کر رہی ہے ؟ عدلیہ پارلیمنٹ کو آئین میں ترامیم کرنے سے کیسے روک سکتی ہے جو کہ اس کا بنیادی حق ہے؟ کوئی ادارہ پارلیمنٹ کو مجبور نہیں کر سکتا کہ اسے آئین کے اندر اس کی مرضی کے حقوق دئے جائیں نہیں تو وہ ایسے آئین کو تسلیم نہیں کرےگا جس میں حقوق کا تعین اس کی مرضی سے نہ کیا گیا ہو۔ اگر پاکستان میں اس مجنو نانہ روش کی حوصلہ افزائی شروع ہو گئی تو پھر ملک میں حقو ق کی ایک ایسی جنگ شروع و جائےگی جس کا انجام انارکی اور خانہ جنگی کی صورت میں بر آمد ہو گا۔کس ادارے کے کیا حقوق و فرائض ہیں اس کا فیصلہ پاریمنٹ نے کرنا ہے۔ کیا 1973 کے آئین میں جتنے حقوق عدلیہ کو تفویض کئے گئے تھے وہ عدلیہ سے پوچھ کر کئے گئے تھے یا پارلیمنٹ نے اپنی آزادانہ سوچ اور فکر سے عدلیہ کو عطا کئے تھے ؟ آئین میں ترامیم کرنا پارلیمنٹ کا ا ستحقاق ہے اور کوئی ادارہ اس پر قدغن نہیں لگا سکتا۔پاکستان میںایک ایسی روائت موجود ہے جس میں عدلیہ کبھی اسلام اور کبھی بنیادی حقو ق کاسہارا لے کر آئینی ترامیم کو کالعدم قرار دے دیتی ے۔ گلف اور مڈل ایسٹ میںمیں واقع اسلامی ممالک میں بھی عدلیہ ہے وہاں پر بھی اسلام کا نفا ذ ہے لیکن وہاں کی عدلیہ تو اسطرح کے افعال کا اظہار نہیں کرتی اور نہ ہی انتظامی امور میں مداخلت کا عندیہ دیتی ہے۔پاکستان اسلامی دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس کے قیام کی مذہبی جماعتوں نے مخالفت کی تھی لیکن اسلامی نظام کے قیام اور آئین کی سربلندی کی سب سے زیادہ دھائی بھی وہی دیتی ہے جو اس کے منافقانہ طرزِ عمل کی غماضی کرتا ہے۔ ذاتی مقاصد کےلئے اسلام کا نام جپنا اور اس کا علم بلند کرنا پاکستان میں معمول کا حصہ ہے اور اتفاق سے عدلیہ بھی اسی ڈگر پر نکل کھڑی ہو ئی ہے ۔

آئیے عدلیہ کے اس دعوے کو کہ آئین کے موجودہ بنیا دی ڈھانچہ کی حفاظت کرنا اس کی آئینی ذمہ داری ہے حقا ئق کی کسوٹی پر پر کھنے کی کوشش کریں اور تاریخی حقائق سے اس دعوے کی صداقت کو جانچنے کی کوشش کریں ۔شائد تاریخی حقائق بہتر انداز میں ہماری راہنمائی فرما سکیں۔ اگست 1973 کو پاکستان کا پہلا آئین مدون ہوا تو قوم نے سکون کا سانس لیا کہ اب امورِ سلطنت کسی اصول اور ضا بطے کے تحت چلائے جائیں گئے اور فوجی جنتا کے ذریعے شب خونوں کا دور ایک قصہِ پارینہ بن جائےگا ۔فوجی شب خو نوں کو روکنے کےلئے آئین میں دفعہ چھ کا خصوصی اند راج بھی کیا گیا تا کہ فوجی جنتا دفعہ چھ کی موجودگی سے خوف زدہ ہو کر شب خون سے توبہ کر لے اور جمہو ری نظام اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہے۔ 1973 کے آئین کی تکمیل کے بعد ذولفقار علی بھٹو نے فخریہ اعلان کیا تھا کہ ہم نے پاکستان میں مارشل لاءکو ہمیشہ ہمیشہ کےلئے دفن کر دیا ہے ۔ اب پاکستان کے مقدر کے فیصلے عوام کے ووٹ کی قوت سے ہوا کریں گئے۔ لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ آئین میں دفعہ چھ کی موجودگی کے باوجود فوجی جنتا شب خونوں والی اپنی عادت کو بدلنے کےلئے تیار نہ ہوئی اور جنرل ضیا الحق نے ۵ جولائی 1977 کو 1973 کے آئین کے خالق ذولفقار علی بھٹو کی آئینی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا اور اس کے خالق کو جو کہ برملا یہ دعوی کرتا تھا کہ مارشل لا کو دفن کر دیا گیا ہے پھا نسی پر چڑھا کر ببانگِ دہل اعلان کر دیا کہ آئین فوجی جنتا کے بوٹوں کے نیچے ہے اوروہ جب چاہے اسے اپنے بوٹوں تلے روندھ ڈالے۔ستم ظریفی کی انتہا یہ ہے کہ عدلیہ نے فوجی شب خونوں کو نظریہ ضرورت کے تحت جائز قرار دے کر آئین میں دفعہ چھ کے اطلاق سے آنکھیں بند کر لیں ۔اصولاّ تو جنرل ضیاالحق پر آئین سے غداری کا مقدمہ قائم کر کے اسے سزا دی جانی چائیے تھی لیکن اس کا کیا کیجئے گا کہ عدلیہ جنرل ضیا الحق کے سامنے آئین و قانون کی سربلندی سے محبت کا کوئی ہلکا سا بھی اشارہ دینے میں ناکام رہی اور یوں جنرل ضیا الحق گیارہ سالوں تک بلا شرکتِ غیرے پاکستان کے مقدر سے کھیلتا رہا اور جمہورت نوازوں کی وہ درگت بنا تا رہا کہ قانون و انصاف کے متوالے جس سے پناہ مانگتے ہیں ۔آج کے جمہوریت کے بہت سے چمپین اسی جنرل ضیا ا لحق کی گود میں بیٹھ کر اقتدار کے مزے لوٹا کرتے تھے لیکن آجکل پی پی پی کی حکومت میں عدلیہ کو ہوا دے رہے ہیں کہ قانون و انصاف کی سر بلند ی کےلئے وہ ڈٹ جائے اور پی پی پی کی حکومت کو فارغ کر کے ایک ایسا سیٹ اپ بنائے جس میں ان کی شمولیت کی بھی کوئی راہ نکل آئے۔آجکل انھیں آئین و قانون کی محبت کا جھوٹا بخار چڑھا ہوا ہے اور آئین و قانون سے وفاداری کا جھوٹا ڈ رامہ بڑی خوبصورتی سے رچا رہے ہیں حالانکہ انھیں آئین و قانون سے جو محبت ہے وہ جمہورت پسندوں پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔لوگ اخلاقی تقاضوں کے تحت ان موقعہ پرست افراد کے اصلی چہرے نہیں دکھاتے وگرنہ یہ لوگ تو دفعہ چھ کے تحت بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں۔

جنرل ضیاالحق 1973 کے آئین کو معطل کر کے پی سی او کے ذریے حکومت چلا تا رہا۔ اس نے آئین میں آٹھویں ترمیم کے تحت سارے اختیارات اپنی ذات میں مرتکز کر لئے ۔ آئین میں ایک خصوصی شق ۸۵ ٹو بی کا اضافہ بھی کر لیا تاکہ جمہوری حکومتوں کو فوجی اشیر واد سے جب چاہیں فارغ کر دیا جائے۔اسی اور نوے کی دہائیاں 58 ٹو بی کی شمشیر زنی کی دہائیاں تھیں جس میں چارحکومتوں کی چھٹی کروائی گئی ۔ جنرل ضیاالحق صدارت کے منصب پر فائز تھا اور جنرل کی وردی بھی پہنے ہو ئے تھا۔ اس کے بارے میں ایک جملہ بڑا مشہور ہو ا کرتا تھا کہ اس نے اچکن کے نیچے وردی پہن رکھی ہے۔ جہاں وردی کی ضرورت ہوتی تھی وہ ودردی زیبِ تن کر لیتا ہے اور جہاں اچکن کی ضرورت ہو تی تھی وہ صدارتی احکامات سے کام چلا لیتاتھا ۔ایک طرف وہ وزیرِ اعظم اور وزیرِ دفاع کے ما تحت تھا تو دوسری جانب آٹھویں آئینی ترمیم کی بدولت وزیرِ اعظم کو فارغ کر سکتا تھا۔اس نے مئی 1988 میں اسلامی نظام نافذ نہ کرنے کی پاداش میں محمد خان جو نیجو کی حکومت کو فارغ کیا اور نوے دنوں میں انتخابات منعقد کروانے کا کوئی عندیہ بھی نہ دیا۔اس نے 1985 میں غیر جماعتی نتخابات کا انعقاد کیا تھا اور غیر جماعتی اسمبلی کی تحلیل کے بعد ایک دفعہ پھر غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا انعقاد چاہتا تھا تا کہ ان غیر جماعتی انتخابات کی وجہ سے وہ پی پی پی کا راستہ روک سکے۔اسکے سارے حواری جو آج کل آئین و قانون کے مامے بنے ہو ئے ہیں جنرل ضیاالحق کے مشیروں میں شامل تھے۔ کچھ تو منہ بولے بیٹے بھی تھے اور یہ سارے جمہوریت دشمن مل کر جمہوریت پسندوں کو خوب اذیتیں پہنچاتے تھے ۔ جنرل ضیاالحق کی آئینی ترمیم نے ۳۷۹۱ کے آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا تھا اور اسے صدارتی آئین میں بدل ڈالا تھا ۔ وزیرِ اعظم کی حیثیت برائے نام تھی جس کا واحد مقصد جنرل ضیاالحق کی پالیسیوں کا دفاع کرنا تھا۔ جنرل ضیاالحق سیاہ و سفید کا مالک تھا اور اسکے بے پناہ اختیارات میں کسی کو بھی دم مارنے کی مجال نہیں تھی۔وہ عدلیہ کے معزز ججوں کو پی سی او کے تحت فارغ کرتا رہتا تھا اور جسے چاہتا تھا حلف اٹھانے سے روک دیتا تھا ۔عدلیہ کے پاس اسطرح کے کوئی اختیارات نہیں تھے جسطرح کے ا ختیا را ت موجودہ حکومت نے انھیں عطا کر رکھے ہیں۔ ذولفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد اس نے اپنے سب ے زیادہ منظورِ نظر چیف جسٹس انوارالحق کو فارغ کر دیا تھا کیونکہ اب اسکا کوئی مصرف باقی نہیں رہا تھا۔اس نے انوا را لحق سے جو کچھ کروانا تھا وہ کروا لیا تھا لہذا اب وہ بوجھ تھا اور بوجھ کوئی بھی اٹھا نا پسند نہیں کرتا ۔آٹھویں ترمیم سے آئین کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہو گیا تھا۔پارلیمانی نظام اپنی پٹری سے اتار دیا گیا تھا اور جمہوریت کی جدو جہد کرنے والوں کو زندانوں کی بے رحم صعوبتوں کے حوا لے کر دیا گیا تھا۔ پریس کی آزادی اور عدلیہ کی آزادیوں پر قد غنیں لگا دی گئی تھی۔صحافیوں اور فن کاروں کو کوڑے مارے گئے تھے جو اس بات کا بر ملا اعتراف تھا کہ آمریت اپنی سفاکیت میں ساری حدود کو پھلا نگ گئی تھی ۔

جنرل ضیاالحق کے عبرک ناک موت کے بعد اسلم بیگ نے کچھ عرصہ وہی دھو نس دھاندلی کا وطیرہ اپنائے رکھا اورعدلیہ کے باہمی گٹھ جوڑ سے جمہوری حکومتوں کی چھٹی کرواتا رہا ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی دونوں حکومتیں اسی گٹھ جوڑ کا شکار ہوئیں اور انھیں وقت سے پہلے برخا ست کر دیا گیا۔ 1993 میں میاں محمد نواز شریف کو بھی اسی اذیت سے گزرنا پڑا اور اس کی حکومت بھی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں کا شکار ہو ئی۔1998 کے انتخا ت میں میاں محمد نواز شریف نے دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تو پارلیمنٹ نے آٹھویں ترمیم کا خاتمہ کر کے آئین میں چودھویں ترمیم کی منظوری دی جو کہ فوجی جنتا اور اسٹیبلشمنٹ کو بالکل پسند نہ آئی جس کی پاداش میں 12 اکتوبر ۹۹۹ا کو جنرل پرویز مشرف نے ملک پر شب خون مار کر اقتدار پر قبضہ کر لیا اور میاں محمد نواز شریف کو ایک معاہدے کے تحت سعودی عرب جلا وطن ہو نا پڑا۔ جنرل پرویز مشرف نے ایک بار پھر جنرل ضیاالحق والا ڈرامہ رچایا اور سترھویں ترمیم کے ذریعے آئین کو ایک دفعہ پھر صدارتی بنا دیا۔عدلیہ آجکل جس آئین کا ذکر رہی ہے کیا وہ آئین مارشل لائی دور میں اپنے بنیادی ڈھا نچے کے ساتھ موجود تھا ؟ کیا صدارتی نظام کا رنگ اس پر بڑا غالب نہیں تھا ؟اگر اس کا جواب اثبات میں ہے تو پھر سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ پھر ہماری فعال عدلیہ کو اس وقت آئین کا وہ ڈھانچہ کیوں یاد نہ آیا اور اس نے مارشل لاءاٰ یڈ منسٹریٹروں کو عدالتوں میں حاضر کر کے ان کی آئین میں لائی گئی ترامیم کو کالعدم کیوں قرار نہ دیا ؟جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے عدلیہ نے جنرل پرویز مشرف کو آئین میں تبدیلی کا اختیار بھی دیا تھا اور اسکے شب خون کو جائز بھی قرار دیا تھا۔سوال یہ ہے کہ پھر پی پی پی کے ساتھ عدلیہ کی کھلی پرخاش کی وجہ کیا ہے؟ کیا آئینی ڈھانچے کی دھائی حقیقت ہے یا اس شور کے پسِ پردہ ذاتی مقاصد کارفرما ہیں؟
Tariq Hussain Butt
About the Author: Tariq Hussain Butt Read More Articles by Tariq Hussain Butt: 631 Articles with 531263 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.