چٹ پٹی سچ بیانیوں کی حقیقی
وضاحتیں
آئین کو غیر منتحب لوگوں کے حملوں سے تحفظ دینا ہوگا صدر زرداری
البتہ منتحب لوگوں کو آئین پر حملوں بلکہ تابڑ توڑ حملوں کی کُھلی چھوٹ
ہے۔اور اُن کے پے در پے حملوں کے بعد اسکا تحفظ ویسے ہی قصہ پارینہ بن چُکا
ہے ویسے بھی اُنکے ہوتے ہوئے اور کسی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ یہ کارنامہ
انجام دے۔جہاں تک میری بات ہے اس مقدس کتاب کے دئیے ہوے استثناء نے جس طرح
اس منحوس خط سے بچاﺅ میں میری حفاظت کی ہے میرا بھی فرض بنتا ہے کہ میں اس
کتاب کی ہر طرح سے حفاظت کروں چناچہ اس کتاب کوپوری طرح شرپسند عناصر سے
محفوظ رکھنے کے لئے میں نے آج ہی نئی آہنی الماری کا آڈر دیا ہے تاکہ یہ
کسی کے ہاتھ میں نظر نہ آجائے اور خدانحواستہ اس پر عمل کرنے کی نو بت ہی
نہ آجائے۔ آپ میڈہا سے بابائے قوم کی برسی پر خطاب کر رہے تھے۔
بلوچستان میں کرپشن نام کی کوئی چہز نہیں وزیرِ اعلی بلوچستان
سا ئیں حکومت ہو تو کرپشن کا الزام لگا وُ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز
ہو گی تو کرپشن ہوگی۔ ااسی ڈر سے میں اور میرے وزراء تو کب سے بوریا بستر
باندھ کر اسلام آباد میں بیٹھے ہیںپھر بھی ہمیں عوام کی خدمت نہیں کرنے دی
جا رہی۔ بھلے لوگو میری نہیں تو سپریم کورٹ کی سُن لو جو روز دہائی دے رہی
ہے کہ بلوچستان میں کوئی حکومتی رِٹ نہیں اب اس سے بڑا گواہ میں کہاں سے
لاؤں ۔خبردار میری اس بات سے مزید صحیح مطلب نہ نکالے جائیں کیونکہ میری
سرکاری مراعات میں کوئی کمی نہیں آئے گی آخر کو حکومت حکومت ہوتی ہے چاہے
نام کی ہی کیوں نہ ہو-
وزارتِ اطلات کے سیکرٹ فنڈ سے صرف مستحق صحافیوں کی مدد کی جاتی ہے قمر
زمان کائرہ
اور کوئی کتنا مستحق ہے اس کا فیصلہ اُسکی ہماری پارٹی سے وفاداری سے مشروط
ہے۔اور دیگر حکومتی اخراجات کی طرح اس سیکرٹ فنڈ کے استعمال میں مکمل شفاف
طریقہ اختیار کیا جاتا ہے پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے کہ کہیں کسی اور
پارٹی سے تعلق رکھنے والے غریب کے مدد نہ ہوجائے۔لہذا وہ تمام مستحقین جو
اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا چاہتے ہیں پہلی فُرصت میں ہم سے وفا داری کا
حلف نامہ جمع کرواکر حسبِ ضرورت دانہ پانی حاصل کر سکتے ہیں۔ نیز وفاداریاں
بدلنے والوں کے لئے "خصوصی پیکج" کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ تمام معزز
خواہشمند وں کے لئے اس سلسلے میں ایوانِ صدر میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا
ہے آپ گزشتہ روز سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کردی ہے رحمان ملک
آپ اگلے روز چینی سفیر سے ملاقات کر رہے تھے۔ ملاقات کے بعد آپ نے میڈیا
بریفنگ دیتے ہوئے چینی باشندوں کی پاکستان میں صحت و حفا ظت کی خصوصی دُعا
کروائی اور بطورِ خاص سورت احد(قُل ھو اللہ) کی تلاوت فرمائی۔
اس موقع پر آپ نے انتہائی جذ باتی لہجے میں فرمایاکہ میرا یقین ہے زندگی
موت اللہ کے ہاتھ میں ہے حفاظتی سکواڈ تو میں حفظِ ماتقد م کے طور ساتھ لے
کر چلتا ہوں اب آپ سب جانتے ہیں کہ جو یقین دہانی میں کروادوں وہ کتنی
بروقت اور جامع ہوتی ہے۔
آپ اسکی مثال لیاری آپریشن اور کراچی میں بھتہ خوری کے مکمل خاتمے سے لگا
سکتے ہیںمیں نے بطورِ وزیرِ داخلہ جتنے دعوے اور یقین دہانیوں کی گولیاں
ساری قوم کو کھلائی ہیں اسکی کوئی مائی کا لال برابری نہیں کر سکتا اور
دُہری شہریت کے معاملے میں میری عدلیہ کوتازہ گولی تو میرے فن کا منہ بولتا
ثبوت ہے ۔داخلی اُمور میں میرے شاندار ریکارڈ کو مدِنظر رکھتے ہوئے سمجھ
لیں کہ چینی باشندوں کا اب خدا ہی حافظ ہے ۔
اب صدر زرداری کی کوچنگ کروں گا عمران خان
تحریکِِ انصاف کے چیئر مین عمران خان نے گذشتہ روز نہایت جذباتی کیفیت میں
آپ نے کافی پُراثر انکشافات کئے ۔ جس میں صدر زرداری کی کوچنگ کی دیرینہ
خواہش کا اظہار بھی شامل تھا۔ اُنہوں نے آہستہ سے سرگوشی کی کہ میں نے اس
سلسلے میں بقاعدہ درخواست بجھوادی ہے ۔ کہ مجھ پر طبع آزمائی پہ کافی "وسائیل"
بروئے کار لائے جا چکے ہیں اب اس غریب کو بھی موقع دیا جانا چاہئے مجھ پر
زرداری سے ڈیل کا الزام لگانے والوں کا اب منہ بند ہو جائےگا۔ آخر کو میں
کپتان ہوں مجھے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کی کوچنگ کی جاسکتی ہے۔جو "باصلاحیت"
ہوگا کوچنگ بھی اُسی کی ہوگی اور ہر ایراغیرا میری فیس ادا کر بھی نہیں
سکتا جیسا کہ سوئس اکاؤنٹس کو ستے ای خیراں نے لہذا زرداری صاحب سے منہ
مانگی فیس وصول کی جا سکتی ہے۔اور بونس کے طور پر دورانِ کوچنگ مفید سیاسی
گُر بھی سیکھنے کا موقع بھی ملے گا ویسے بھی رحمان ملک کے مطابق سب کو
سیاست میں صدر صاحب کی شاگردی اختیار کرنی چاہئے۔ آپ نہایت الہامی کیفیت
میں اخبار نویسوں سے گپ شپ کر رہے تھے۔ |