بے نظیر کی زندگی پر فلم بالی وڈ نہیں ہالی وڈ بنائے گا

بالی وڈ کے مشہور فلمساز مہیش بھٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب آصف علی زرداری نے اُنھیں اپنی مرحوم بیگم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بےنطیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنانے کی اِجازت دینے سے اِنکار کر دیا۔

 مہیش بھٹ نے کراچی کی ’اِسکائز اَن لمیٹڈ فلمز کمپنی کے اشتراک سے بےنطیر کی زندگی پر فلم بنانے کی پیشکش کی تھی۔

زرداری نے کہا کہ بےنظیر اپنی زندگی میں ہی فلم بنانے کے حقوق ہالی وڈ فلم ساز رابرٹ ریڈ فوڈ کو دے چکی ہیں۔ ریڈ فورڈ ہالی وڈ کے مشہور اداکار، ہدایت کار اور فلم ساز ہیں۔

 ان کی بہ طورِ فلم ساز ’اَن فورسین‘ اور ’اے ریور رنز تھرو اِٹ‘ کو بہت شہرت مل چکی ہے۔

مہیش بھٹ نے بالی وڈ کی منجھی ہوئی اداکارہ شبانہ اعظمی کو فلمی پردے پر بےنظیر کے کردار کے لیے سائن بھی کر لیا گیا تھا تاہم  پاکستان میں بےنظیر کی قریبی دوست ناہید خان اُن کے اِس پروجیکٹ کو پاس کرانے میں ناکام رہیں۔ مہیش بھٹ چاہتے تھے کی اُن کی فلم   بے نظیر کی سوانح حیات ’دخترِمشرق‘پر مبنی ہو اور اسی لیےوہ کتاب پر فلم بنانے کے حقوق  آصف علی زرداری سے خریدنا چاہتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق زرداری کومبینہ طور پر اُن کے وکلا نے یہ صلاح دی ہے کہ وہ کسی بھارتی کو بےنظیر کی زندگی پر فلم بنانے کی اجازت نہ دیں کیونکہ ِاس سے اُن کے قتل کی تفتیش پر منفی اثر پڑے گا۔

 خاتون سیاست داں کے طور پر بے نظیر عالمی سطح پر بےحد مقبول تھیں۔ ان کی موت کے بعد مہیش بھٹ کے علاوہ کئی دیگر غیر ملکی فلم سازوں نے بھی ان کی زندگی پر فلم بنانے میں دلچسپی دکھائی تھی، تاہم یہ قرعہ ریڈ فورڈ کے نام نکلا۔

 اب دیکھتے ہیں کہ ہالی وڈ بے نظیر پر کب اور کیسی فلم بنا پاتا ہے۔

YOU MAY ALSO LIKE: