انتخابات کا موسم

اقسام کے لحاظ سے موسم چار قسم کے ہوتے ہیں ،گرما،سرما،بہار اور خزاں ۔جیساکہ نام سے ہی ظاہر ہے گرمی کی شدت کی وجہ سے گرما اور سردی وجہ سے موسم کا نام سرما رکھا گیا ہے ،بہار کے آتے ہی ہر طرف ہریالی چھا جاتی ہے،درختوں کی نئی کونپلیں نکلتی ہیں ،خوش نما پھول کھلتے ہیں اور چہار سو سبزہ ہی نظر آتا ہے ،خزاں کا موسم آتے ہی درختوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں ،ان چار موسموں کے علاوہ بھی ایک موسم ہوتا ہے جسے انتخابات کا موسم کہا جاتا ہے ،اس موسم میں مختلف سیاسی امیدوار عوام سے بلند و بالا جھوٹے دعوے کرتے ہیں ،اور عوام کے جذبات سے کھیل کر انہیں خوبصورت انداز میں بے وقوف بنایا جاتا ہے،اقتداری حیات کے لئے یہ موسم کافی کٹھن ہوتا ہے انہیں اس موسم میں اپنے ووٹر کے دردر جانا پڑتا ہے اور چہرے پر مصنوعی مسکراہٹ،ریاکاری کی چادر اوڑھ کر سادہ لوح قوم کو یہ باور کرانا ہوتا ہے کہ ہم آپ کے خادم اور ہمارے در آپ لوگوں کے لئے ہر وقت کھلے ہوئے ہیں،آپ کے مسائل کو حل کرانا اور سہولیات پہچاناہماری ذمہ داری ہے لیکن الیکشن کے بعد اکثر امیدواراپنے حلقوں سے ایسے غائب ہو جاتے ہیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ ۔

اس وقت پاکستان میں انتخابات کا موسم آچکا ہے ،مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے اور آزاد حیثیت سے امیدوار اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیںپورے ملک میں جلسے ،جلوسوں ،ریلیوں اور کارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے اور میڈیا پر بھی اشتہاری مہم بڑے زور و شور سے چلائی جا رہی ہیں ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستانی عوام انتہائی سادہ لوح ہے اور یہ ایک ایسی پیاسی قوم ہے جو خوابوں سے سیراب ہو کر خوشی محسوس کرتی ہے ،موسم کی طرح اپنی سوچ اور سیاسی وفاداریاں بدلنااس کا معمول ہے۔

گیارہ مئی کو ہونے والے جنرل الیکشن جتنا قریب آتا جا رہا ہے اسی طرح خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں ،مختلف سیاسی امیدواروں اور جلسوں کو نشانہ بنایاجا رہا ہے جس سے انتخابی سرگرمیوں پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیںاور لوگوں میں وہ پہلے جیسا جوش و خروش نظر نہیں آ رہا ،جو کہ ان دنوں نظر آنا چاہئے ۔

صوبہ پنجاب کے علاوہ باقی صوبوں میںدہشت گردانہ کاروائیوں کی وجہ سے انتخابی سرگرمیاں ماند پڑتی جا رہی ہیں ،پنجاب میں اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان ہو گا ،واضح رہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے پاکستان کی یوتھ کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور نوجوان نسل کو اپنایا سرمایہ قرار دے رہے ہیں ،یہاں ایک بات کی وضاحت کر دوں کہ کسی بھی ملک کے مستقبل میں ترقی کا انحصار نوجوان نسل پہ ہوتا ہے اور پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب 70 فیصد سے کہیں زیادہ ہے شاید اسی لئے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن نوجوانوں کو ساتھ ملانے کی خواہاں ہے یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ جب عمران خان نے اپنی جماعت کو نوجوانوں کی نمائندہ جماعت کہا تو مسلم لیگ ن نے اسی وقت حکمت عملی ترتیب دی اور یوتھ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سہولیات جیسے لیب ٹاپ ،انرجی سولر کے علاوہ یوتھ کمیٹیاں بھی بنائی گئیں جو کہ ان دنوں مسلم لیگ ن کے لئے کافی سود مند ثابت ہورہی ہیں ۔

انتخابات کے موسم کی گہما گہمی میں اس قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے جائیں گے ،سہانے خواب دکھائے جائیں گے اور تصور میں تابناک مستقبل اور نئے پاکستان کی خوبصورت تصویر دکھائے جا رہی ہے لیکن میں پاکستانی قوم سے ایک گذارش کروں گا کہ آپ کا ووٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے آپ اس ووٹ سے تبدیلی لا سکتے ہیں اور یہ ووٹ قوم کی امانت ہے امانت کو اس کے اہل تک پہچانے کا حکم اللہ تعالیٰ نے ہمیں دیا ہے اس لئے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے وقت خیال کریں کہ یہ امیدوار اس قابل ہے بھی سہی کہ نہیں۔

بروقت الیکشن پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں اور یہ بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ گیارہ مئی کو ہونے والے الیکشن تاخیر کا شکار ہوتے نظر آ رہے ہیں ،بروقت الیکشن ناگزیر ہو چکے ہیں اگر یہ الیکشن بروقت نہ ہوئے تو حالات مزید خرابی کی طرف جا سکتے ہیں دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دہشت گردانہ کاروائیوں کی روک تھام کے لئے مناسب حکمت عملی ترتیب دینی چاہئے تاکہ الیکشن بروقت ہونے کے ساتھ ساتھ ووٹ کا ٹرن آؤٹ کا تناسب بھی زیادہ سے زیادہ رہے ،ووٹر کے ٹرن آو ¿ٹ کا تناسب جتنا زیادہ ہوگا پاکستان تحریک انصاف کے لئے اتنا ہی زیادہ بہتر ہوگا اگر ووٹر کا تناسب چالیس ۔۔پنیتالیس فیصد سے کم رہا تو اس کا فائدہ یقینا پاکستان مسلم لیگ ن کو ہوگا۔

ہمیں اچھی امید رکھنی چاہئے کہ انشاءاللہ نئی بننے والی حکومت میرے پاکستان کےلئے کافی بہتر ثابت ہو گی اور میرا ملک ترقی کی شاہراہ پہ گامزن ہوگا۔اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔آمین!

AbdulMajid Malik
About the Author: AbdulMajid Malik Read More Articles by AbdulMajid Malik: 171 Articles with 201810 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.