ماہ رمضان کی فضیلت اور اہمیت

رمضان المبارک اسلامی کیلنڈر میں نواں مہینہ ہے قرآن کریم رمضان کے مہینے میں 27رمضان کو نازل ہوا ۔قرآن کریم کے علاوہ دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینے میں نازل ہوئیں۔حضرت ابراہیم علیہ سلام کو اسی مہینے کی پہلی یا تیسری تاریخ کو صحیفے عطا کیئے گئے ۔حضرت داؤد علیہ سلام کو اسی مہینے رمضان المبارک کی بارہ یااٹھارہ تاریخ کو زبور دی گئی ۔ حضرت موسیٰ علیہ سلام پر اسی مبارک مہینے کی چھ تاریخ کو تورات نازل ہوئی اور حضرت عیسیٰ علیہ سلام کو اسی مہینے کی بارہ یا تیرہ تاریخ کو انجیل دی گئی ۔حضرت جبرائیل علیہ سلام ہر سال رمضان میں نبی کریم ﷺ کو پورا قرآن سناتے اور سنتے تھے آخری سال آپ نے رمضان میں نبی کریم ﷺکے ساتھ 2بار دور فرمایا۔

رمضان کی پہلی رات کو شیاطین اور سرکش جنات کو باندھ دیا جاتا ہے ۔جہنم کے تمام دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور جنت کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ۔ایک فرشتہ اعلان کرتا ہے کہ اے بھلائی کے چاہنے والے آگے بڑھ اور دیر نہ کر ۔اے شر کے چاہنے والے رُک جا ۔رمضان کی ہر رات اﷲ تعالیٰ لوگوں کو جہنم سے آزاد کرتے ہیں (سنن ابن ماجہ)۔حضرت سہل بن سعد ؓ سے روایت ہے کہ جنت کا ایک دروازہ جس کا نام ریان ہے ۔جس سے قیامت کے دن صرف روزے دار گزرے گے ان کے علاوہ اس دروازے سے کوئی دوسرانہیں گزرے گا ۔اﷲ تعالیٰ نے رمضان کے مہینے میں روزے فرض قرار دیئے ہیں اور قیام الیل(مسنون تراویح) کو نفل قرار دیا ہے جو شخص اس مہینے میں دل کی خوشی سے بطور خود کوئی ایک نیک کام کرے گا وہ دوسرے مہینوں کے فرض کے برابر اجر و ثواب پائے گا اور جو شخص اس مہینے میں ایک فرض ادا کرے گااﷲ تعالیٰ اس کو دوسرے مہینوں کے ستر(70)فرضوں کے برابر ثواب بخشے گا۔

قرآن میں ہے کہ ہم نے اس قرآن کو شب قدر میں نازل کیا اور تم کیا جانو کہ شب قدر کیا ہے شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر رات ہے ۔اس میں فرشتے اور حضرت جبرائیل علیہ سلام اپنے پروردگار کے حکم سے ہر کام کے انتظام کیلئے اترتے ہیں جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا اور اس رات کی خیر و برکت سے محروم وہی رہتا ہے جو واقعہ محروم ہے۔(ابن ماجہ)۔

رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے رمضان کی اہمیت کے بارے میں اﷲ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ سے ارشاد فرمایا کہ اگر مجھے آپ ﷺ کی اُمت کو جہنم میں ہی جلانا ہوتا تو رمضان کا مہینہ کبھی نہ بناتا اور اس کے علاوہ حضرت جبرائیل علیہ سلام نے دعا کی کہ ہلاک ہوجائے وہ شخص جس کو رمضان کا مہینہ ملے اور وہ اپنی بخشش نہ کرواسکے جس پر حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایاآمین حضرت جبرائیل علیہ سلام کی یہ دعا اوراس پر حضرت محمد ﷺ کا آمین کہنا اس دعا سے ہمیں رمضان کی اہمیت کو سمجھ لینا چاہئے۔

دنیا میں تمام مذاہب(عیسائی۔یہودی۔سکھ اور ہندو) کے ماننے والے بھی روزے رکھتے ہیں ۔جس کی نوعیت اور طریقے مختلف ہوتے ہیں اور وہ روزوں کو ایک اہم عبادت سمجھتے ہیں اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں کے کسی بھی نیک عمل کا ثواب اور اجر فرشتوں کے ذریعے عطا فرماتے ہیں مگر روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا ثواب اور اجر اﷲ تعالیٰ خود عطافرماتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میرا بندہ صرف میرے لئے روزہ رکھتا ہے ۔روزہ صرف کھانے پینے سے اپنے آپ کو روکنے کا نام نہیں ہے بلکہ روزہ تمام جسم کا ہوتا ہے یعنی آنکھ کا۔ ناک کا۔زبان کا۔کان کا اورذہن کا بھی ہونا چاہئے۔روزے رکھنے سے ہماری جسمانی اور روحانی تمام بیماریوں سے شفاء ملتی ہے ۔

اعتکاف
رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کیا جاتا ہے۔اعتکاف کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے ۔اعتکاف کرنے سے ہمیں شب قدر کو حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔اﷲ تعالیٰ اعتکاف کرنے والے کو اپنا مہمان بناتے ہیں کیونکہ اعتکاف کرنے کا ثواب اور اجر ایک مقبول عمرہ اور ایک حج کے برابر ملتا ہے ۔اور ایسا عمرہ اور حج جو اﷲ تعالیٰ کو قبول و منظور ہوتا ہے خواتین اپنے گھروں میں بھی ایک مخصوص جگہ بناکر اعتکاف کرسکتی ہیں ۔رمضان المبارک کی ہر رات کی ہر ساعت اتنی فضیلت اور قدر و منزلت کی حامل ہے کہ ہمارے لئے اس کا اندازہ کرنا محال ہے۔حضور اکرمﷺ آخری عشرے کا اعتکاف فرماتے تھے کیونکہ لیلتہ القدررمضان کی طاق راتوں میں ہوتی ہے جس میں27, 25, 23, 21اور29کی راتیں شامل ہیں اور ان ہی راتوں میں لیلتہ القدر کو تلاش کرنے کا حکم ہے جس کی اہمیت اور فضیلت ہزارمہینوں کی عبادت کے برابر کا ثواب و اجر ہے۔

ہمیں چاہئے کہ ہم اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادات کا اہتمام کریں اور زیادہ سے زیادہ صدقہ اور خیرات کریں کیونکہ اس مبارک مہینے میں جو بھی نیک عمل اور بھلائی کے کام ہونگے اس کا ثواب دوسرے مہینوں کے مقابلے میں زیادہ ہوگا اور اسی طرح اس مہینے کے گناہوں کا عذاب بھی اسی مناسبت سے ہوگا جس مناسبت سے ثواب و اجر ملتا ہے ۔اﷲ تعالیٰ نے اس مہینے میں نیکیوں کی اور ثواب اور اجر کی سیل لگائی ہے ہمیں اس مہینے کی سیل میں اپنے لیئے زیادہ سے زیادہ نیکیاں اور ثواب حاصل کرنا چاہئے اور اپنے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرلینا چاہئے کیونکہ مرنے کے بعد یہ نیکیاں ہمارے کام آئیں گی۔

اﷲ تعالیٰ ہمیں اس سال بھی ہر سال کی طرح زیادہ سے زیادہ عبادات اورنیک عمل کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔اس رمضان المبارک میں اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور اپنی بخشش کروانے کی بھی توفیق عطاء فرمائے۔(آمین)۔

Rasheed Ahmed
About the Author: Rasheed Ahmed Read More Articles by Rasheed Ahmed: 36 Articles with 66155 views Software Engineer Qualifi. Master in Computer Science (MCS). .. View More