ماہِ رمضان الکریم

رمضان المبارک تمام مہیںوں میں سب سے افضل اور با برکت مہینہ ہے جس میں مسلمان اللہ تعالٰی کے حکم کے مطابق روزے رکھتے ہیں۔ رمضان المبارک قمری کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے جس کا تمام مسلمان سارا سال شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالٰی کی رحمت بارش کی طرح برستی ہے۔ جنت کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ نوافل کا ثواب فرائض اور فرض عبادت کا ثواب ستر فرائض کے برابر کر دیا جاتا ہے۔ قرآنِ پاک اور احادیثِ مبارکہ میں متعدد مقامات پر رمضان المبارک کی اہمیت اور فضیلت بیان فرمائی گئی ہے۔ قرآنِ پاک میں ارشاد ہے :

مومنو! تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں۔ جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بنو۔ (روزوں کے دن) گنتی کے چند روز ہیں تو جو شخص تم میں سے بیمار ہو یا سفر میں ہو تو دوسرے دنوں میں روزوں کا شمار پورا کرلے اور جو لوگ روزہ رکھنے کی طاقت رکھیں (لیکن رکھیں نہیں) وہ روزے کے بدلے محتاج کو کھانا کھلا دیں اور جو کوئی شوق سے نیکی کرے تو اس کے حق میں زیادہ اچھا ہے۔ اور اگر سمجھو تو روزہ رکھنا ہی تمہارے حق میں بہتر ہے۔ (روزوں کا مہینہ) رمضان کا مہینہ (ہے) جس میں قرآن نازل ہوا جو لوگوں کا رہنما ہے اور (جس میں) ہدایت کی کھلی نشانیاں ہیں اور (جو حق و باطل کو) الگ الگ کرنے والا ہے تو جو کوئی تم میں سے اس مہینے میں موجود ہو چاہیئے کہ پورے مہینے کے روزے رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو تو دوسرے دنوں میں (رکھ کر) ان کا شمار پورا کرلے۔ خدا تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور سختی نہیں چاہتا اور (یہ آسانی کا حکم) اس لئے (دیا گیا ہے) کہ تم روزوں کا شمار پورا کرلو اور اس احسان کے بدلے کہ خدا نے تم کو ہدایت بخشی ہے تم اس کو بزرگی سے یاد کر واور اس کا شکر کرو۔
(القرآن)

حدیثِ مبارک ہے کہ جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین جکڑ دیئے جاتے ہیں۔

ایک اور حدیثِ مبارک میں ارشاد ہے کہ جس نے ایمان اور استقامت اور حصول ثواب کی خاطر رمضان کا روزہ رکھا اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔

روزہ سے انسان میں تقویٰ، صبر اور ہمدردی جیسی صفات پیدا ہوتی ہیں۔ اللہ تعالٰی ہمیں ایمان اور استقامت کے ساتھ رمضان المبارک کے روزے رکھنے، نماز کی پابندی، تروایح کا اہتمام، زیادہ سے زیادہ قرآنِ پاک کی تلاوت، نوافل و اذکار کی کثرت اور صدقات کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

Muhammad Tahseen
About the Author: Muhammad Tahseen Read More Articles by Muhammad Tahseen: 11 Articles with 11229 views Muhammad Tahseen (MBA, HRM).. View More