روزے کی آفات اور ان کا علاج

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

ہمارے معاشرے میں بالعموم لوگ روزہ رکھتے ہیں ۔ البتہ چند کوتاہیوں کی بنا پر اس عظیم عمل کو مکمل یا جزوی طور پر ضایع کر دیتے ہیں ۔ اس کی مندرجہ ذیل صورتیں ہو سکتی ہیں :
1-روزہ رکھنے سے گریز

2-نماز پڑ ھنے سے گریز

3-شہوانی امور میں ملوث ہونا

4-گناہ کا کلام

5-غصے کا غلبہ

6-زبان کے چٹخارے

7-وقت کاٹنے کی کوشش

8-ریاکاری یا دکھاوا

9-نیت میں خرابی

10-قیام الیل

11-دیگر کوتاہیاں

اب ان کی تفصیل دیکھتے ہیں:

1-روزہ رکھنے سے گریز:
رمضان شروع ہونے سے قبل کچھ لوگ روزے ترک کرنے کے غیر شرعی بہانے تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں تاکہ خود کو اور لوگوں کو مطمئن کرسکیں ۔ حالانکہ شریعت میں روزے سے مستثنیٰ افراد کی تفصیل موجود ہے ۔ لیکن پھر بھی لوگ سر درد کے بہانے ، خود ساختہ بیماری کے سبب، کام کی زیادتی یا کسی اور بنا پر روزے نہیں رکھتے ۔ اس کا بنیادی سبب خدا پر ایمان کی کمزوری اور قول و فعل کا تضاد ہے ۔ اس کا علاج یہ ہے کہ قرآنِ کریم کا مطالعہ اور صالح لوگوں کی صحبت سے ایمان کو جلا بخشی جائے اور ہر قسم کی مشکل میں خدا کی رضا ہی کو اہمیت دی جائے۔

2-نماز پڑ ھنے سے گریز:
عا م طور پر تو روزے دار نماز کا اہتمام کرتے ہی ہیں لیکن ایک بڑ ی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو روزے کی حالت میں بھی نماز پڑ ھنے سے گریز کرتے ہیں ۔ اس کی بنیادی وجہ سستی و کاہلی ہے اور پھر یہ حضرات روزے اور نماز کو دو الگ الگ فرائض سمجھتے ہیں حالانکہ جس کی رضا کے لیے وہ خود کو بھوکا پیاسا رکھ رہے ہیں اسی کا حکم ہے کہ نماز پڑ ھو۔ یہ حضرات روزے کا مطلب بھوک اور پیاس ہی لیتے اور اس کی اسپرٹ کو جاننے سے قاصر رہتے ہیں۔ روزے کا بنیادی مقصد نفس کی تربیت کر کے اسے خدا کی بندگی اور اس کے تمام احکام و ہدایات بجالانے والا بنانا ہے۔ چنانچہ عین حالتِ روزہ میں خدا کی بندگی کی عملی تعبیر یعنی نماز سے روگردانی روزے کے بنیادی فلسفے اور مقصد سے روگردانی ہے ۔ اس کا علاج یہ ہے کہ اوپر بیان کیے گئے روزے کے فلسفے پر غور کریں ۔( اس سلسلے میں تزکیۂ نماز پر لکھے گئے آرٹیکل سے مدد لی جا سکتی ہے، جسے وہ میل نہ ملی ہو وہ مجھ سے رابطہ کرسکتا ہے)

3-شہوانی امور میں ملوث ہونا:
کچھ لوگ روزہ رکھ کر ظاہری جنسی امور سے تو اجتناب کرتے ہیں لیکن دیگر طریقوں سے شہوت کو تسکین پہنچانے کی شعوری و لاشعوری کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ مثلاً یہ آنکھوں کو قابو میں نہیں رکھتے ، کانوں سے فحش گانے سن کر نفس کو تسکین پہنچاتے یا پھر فحش باتوں میں ملوث ہوکر روزے کو ضایع کرتے اور پھر یہ شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ ہمارے شہوانی تقاضے روزے میں بھی قابو میں نہیں آتے ۔ بھائی جب ائیرکنڈیشن چلایا جاتا ہے تو کھڑ کیاں دروازے بند کر کے ٹھنڈک کو باہر نکلنے سے روکا جاتا ہے ۔ آنکھوں کی کھڑ کیاں بھی کھلی ہوں اور کانوں کے دروازے بھی، توپھر یہ شکایت عبث ہے کہ تقوٰی کی ٹھنڈک دل میں محسوس نہیں ہوتی۔ ہمت سے کام لے کر خود کو ان گناہ کے امور سے دور کر لیں ۔ جونہی کسی نامحرم پر شہوت کی نگاہ پڑ ے تو نفس کو کہہ دیں کہ میں روزے سے ہوں اور خدا کی حمد و ثنا اور استغفار و دعا میں مشغول ہوجائیں ۔ نیز دل کے وسوسوں میں بھی کسی جنسی یا شہوانی تصور سے گریز کریں کیونکہ آپ نے جس کے لئے روزہ رکھا ہے وہ دلوں کے بھید بھی جان لیتا ہے ۔ یاد رہے کہ نامحرم کو شہوت کی نگاہ سے دیکھنا گناہ ہے لہٰذا دفتر یا تعلیمی اداروں میں جہاں مرد و زن کا اختلاط زیادہ ہوتا ہے ، نامحرم کے بارے میں ہر طرح کے جنسی اشتہا کے تصور کو قابو کیا جائے ۔

شہوانی امور میں ایک معاملہ میاں بیوی کے تعلقات ہیں ۔ ظاہر ہے کہ روزے کی ایک شرط مخصوص جنسی تعلق سے گریز بھی ہے ۔ البتہ دیگر معاملات (مثلاً بوس و کنار وغیرہ) کی اجازت تو ہے لیکن چونکہ اس میں اندیشہ ہے کہ روزہ ضایع ہو جائے لہٰذا اجتناب ہی بہتر ہے ۔

4-گناہ کا کلام:
قدیم شریعتوں میں روزے کی حالت میں کلام یعنی بات چیت پر بھی پابندی ہوتی تھی۔ امتِ محمدی میں گو کہ یہ پابندی تو نہیں لیکن بلا ضرورت کلام سے گریز روزے کی روح کے قریب تر ہے ۔ بات چیت میں جو گناہ ہم سے سرزد ہوتے ہیں ان میں جھوٹ، غیبت، بہتان، فحش کلام، گالم گلوچ وغیرہ شامل ہیں ۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ :جو شخص روزہ رکھ کر جھوٹ بولنا اور برا کام کرنا نہیں چھوڑ تا، تو اللہ کو اس کی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑ دے (بخاری)۔

غور طلب بات یہ ہے کہ روزے کا مقصد اللہ کا خوف اور اس کے احکام و فرامین کے لیے تعمیل کا جذبہ پیدا کرنا ہے محض بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں ۔ چنانچہ یہ ممکن ہی نہیں کہ ایک طرف تو کھانے کا ایک دانہ بھی منہ میں نہیں جا ئے اور دوسری طرف غیبت کے ذریعے اپنے ہی بھائی کا گوشت جی بھر کے کھایا جا رہا ہو، شہوت سے ظاہری پرہیز کے ساتھ فحش گفتگو سے اس کی کسر پوری کی جا رہی ہو، نیت تو صوم (خدا کی نافرمانی سے گریز) کی ہو لیکن گالیوں کے عمل سے اس نیت کو توڑ ا جا رہا ہو، خدا کے حکم پر زبان کو خشک اور حلق کو پیاسا تو کر دیا گیا ہو لیکن جھوٹ بول کر انہیں اخلاقی غلاظتوں سے تر اور سیراب کیا جا رہا ہو۔

وہ بات چیت جو عام زندگی میں حرام ہے وہ روزے کی حالت میں اور زیادہ حرام ہوجاتی ہے جیسے ایک فوجی کا کسی حکم کی تعمیل سے انکار کرنا تو ویسے ہی قابلِ گرفت ہے لیکن جنگ کی حالت میں کی گئی نافرمانی زیادہ قابلِ سرزنش ہوتی ہے ۔ ممنوع کلام پر قابو پانے کے لیے چند ہدایات پر غور کریں ۔ ایک تو یہ کہ بلا ضرورت بولنے سے گریز کریں اور خاموشی کو روزے کا ادب اور عبادت سمجھتے ہوئے گفتگو میں احتیاط کریں ۔ بولنے سے پہلے توقف کریں اور ایک لمحے کے لیے سوچیں کہ آپ کیا کہنے والے ہیں ؟ اگر وہ کسی کی برائی، کسی کا مذاق، کوئی جھوٹا کلام وغیرہ ہے تو رک جائیے اور اُس رب کا تصور کریں جس کے کہنے پر آپ نے بھوک کا درد اور پیاس کے کانٹے برداشت کیے ہیں اور یہ سوچیں کہ اس موقع پر زبان کی تالہ بندی اسی رب کا حکم ہے ۔

دوسری ہدایت یہ کہ روزے کی حالت میں گناہ کے کلام کو اسی طرح حرام سمجھیے جس طرح کھانا اور پینا۔ کھانا پینا روزے کے ظاہر کو برباد کرتا ہے جبکہ فحش کلام اور غیبت وغیرہ روزے کے باطن کو تہس نہس کرڈالتے ہیں ۔ نوعیت کے اعتبار سے دونوں میں کوئی فرق نہیں کیونکہ دونوں خدا کی معصیت (گناہ) ہیں ۔ اس ضمن میں تیسری ہدایت یہ ہے کہ زبان کو خدا کی یاد سے تر رکھیں ۔ یہی وہ موقع ہے کہ اللہ کو تمام عیوب سے پاک سمجھ کر اس کی تسبیح کی جائے ، اس کی کاریگریوں کو دیکھ کر حمد و ثنا کے گن گائے جائیں ، اس کی وفاداری کے ترانے پڑ ھے جائیں ، اس کی رحمت کی چھاؤں اور مغفرت مانگی جائے ۔ یہ ذکر بھی بدکلامی سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔

آخری بات یہ کہ وہ مقام جہاں گناہ کی باتیں ہورہی ہوں تبدیل کر لیا جائے کیونکہ بعض اوقات ماحول اور ساتھیوں کے اُکسانے سے بھی بدکلامی سرزد ہو جاتی ہے ۔

5۔غصے کا غلبہ:
روزے کی حالت میں اعصاب کی کمزوری اور بھوک پیاس کی شدت کی بنا پر چڑ چڑ اہٹ اور غصہ طبیعت پر غالب آ جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں ، بیوی اور ماتحتوں پر سختی کرتے اور ان پر چیخ پکار کے ذریعے اپنی جھنجلاہٹ کا اظہار کرتے ہیں ۔ کبھی کبھی یہ غیض و غضب متعلقین اور ساتھیوں پر بھی برسنے لگتا ہے ۔ چونکہ فریقِ ثانی بھی کچھ ایسی ہی کیفیات کا شکار ہوتا ہے لہٰذا بسوں میں مسافرین کے درمیان تو تو میں میں شروع ہوجاتی، سڑ کوں پر ٹریفک جام ہوجاتا اور لوگوں میں گالم گلوچ اور بعض اوقات ہا تھا پائی کی نوبت بھی آ جاتی ہے ۔

اس کا بنیادی سبب بھوک پیاس اور اعصابی کمزوری کے علاوہ غصہ کو درست سمجھنا ہے کہ میں تو روزے سے ہوں اور میرا حق ہے کہ میں یہ سب کچھ کروں ۔ اس کا علاج یہی ہے کہ روزے کے فلسفے کو یاد رکھا جائے کہ اس کا مقصد صبر کی تربیت دینا ہے ۔ چنانچہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اس تربیت میں ناکامی کی علامت ہے ۔ اس کا علاج حدیث میں یہ بتایا گیا ہے کہ روزے کو ایک ڈھال کی طرح استعمال کیا جائے ۔ لہٰذا جس کا روزہ ہو وہ نہ تو بے حیائی کی باتیں کرے اور نہ ہی جہالت دکھائے ۔ پھر بھی اگر کوئی گالی دے تو وہ کہہ دے کہ میرے بھائی میں روزے سے ہوں (بخاری و مسلم)۔ مزید یہ کہ غصے کی حالت میں مقام کی تبدیلی بھی کارگر ثابت ہو سکتی ہے ۔

6-زبان کے چٹخارے :
صبح سے شام تک بھوکا رہنے کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزوں کی جانب رغبت بڑ ھ جاتی ہے ۔ اس اشتہا کو مٹانے کے لیے نت نئے کھانوں کا اہتمام، انواع و اقسام کے پکوان اور لاتعداد مشروبات کی تیاری میں وقت صرف کیا جاتا اور ان کا تصور کر کر کے روزے کا وقت کاٹا جاتا ہے ۔ اس طرح رمضان میں بسیار خوری کے نتیجے میں رمضان میں اکثر لوگوں کا وزن کم ہونے کی بجائے بڑ ھ جاتا ہے ۔ وہ وقت جو جنت کی نعمتوں کی یاد میں گذرنا چاہئے تھا وہ دنیوی دسترخوانوں کی نظر ہو جاتا ہے ۔ چنانچہ وہ تقوٰی اور صبر جو اس بھوک اور پیاس سے پیدا ہونا چاہئے تھا وہ نہیں ہوتا اور نتیجے کے طور پر سطحی قسم کی لذتیں تو مل جاتی ہیں لیکن روزے کے ثمرات و فیوضات ہاتھ سے نکل جاتے ہیں ۔ اس کا علاج یہ ہے کہ کھانا پینا ضرورت کے تحت ہو، مقصد نہ بن جائے ۔ اس سلسلے میں بہت زیادہ اہتمام میں وقت ضایع کرنا، اور لذتوں کی یاد میں گرفتار رہنا بالکل بھی مناسب نہیں ۔ نیز اگر اس صورتِ حال میں آپ اپنے کھانے سے زیادہ مستحقین اور دیگر افراد کو کھلانے کی فکر کریں تو چٹخاروں کی غیر ضروری رغبت سے نجات مل سکتی ہے ۔

7-وقت کاٹنے کی کوشش:
چونکہ رمضان میں دفتر اور تعلیمی اداروں کی چھٹی جلد ہوجاتی ہے اس لیے لوگوں کو کافی فارغ وقت دستیاب ہوجاتا ہے ۔ لوگ اس وقت کو عبادات، اذکار اور خدا کی یاد میں لگانے کے بجائے ناول پڑ ھنے ، بلامقصد انٹرنیٹ پر سرفنگ یا چیٹنگ کرنے ، تاش اور دیگر گیمز کھیلنے یا ڈرامے اور فلمیں دیکھنے میں گزار دیتے ہیں ۔ اس عمل کے دوران بعض اوقات حدود سے تجاوز ہو جاتا اور روزے کی صحت پر اثر پڑ جاتا ہے ۔ اس کا علاج یہ ہے کہ رمضان میں کچھ اہداف مقرر کر لیں ۔ مثلاً پورے مہینے میں ایک قرآن ترجمے اور تفسیر سے پڑ ھنا ہے یا حدیث، سیرت اور اسلامی موضوع پر کوئی کتاب ختم کرنی ہے ۔ اور پھر اوقات مقرر کر کے اس پر سختی سے کاربند ہوجائیں ۔ اسی طرح فراغت کے اوقات میں قرآن یا نبی کریم ﷺ کی روزمرہ کی دعاؤں کو یاد کرنے کی کوشش کریں ۔ اسی طرح خدا کی صناعی، اس کی قدرت، اس کی رحمت اور کائنات کے تنوع پر غور کر کے خدا کی معرفت بڑ ھانے کی کوشش کریں ۔

8-ریاکاری یا دکھاوا:
روزے کی آفتوں میں سب سے بڑ ی آفت یہ ہے کہ روزہ گھر والوں یا دفتر کے ساتھیوں کو دکھانے کے لیے رکھا جائے ۔ اصل میں دکھاوے کے علاوہ ایک اور عنصر خوف کا ہے کہ لوگ کیا کہیں گے ۔ اس قسم کے لوگوں کی اکثریت البتہ چوری چھپے کھانے پینے سے گریز کرتی ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان میں کچھ نہ کچھ خوفِ خدا ہوتا ہے لیکن اصل محرک لوگوں کی ملامت سے بچنا ہوتا ہے ۔ اس کا علاج یہ ہے کہ خدا کے حوالے سے یہ حقیقت ذہن میں تازہ کی جائے کہ اس کی ملامت لوگوں کی ملامت سے زیادہ نقصان دہ ہے ۔ پھر جب مشقت ہی اٹھانی ہے تو نیت میں ذرا سی تبدیلی کر لی جائے کہ میں یہ بھوک اور پیاس اللہ کے حکم کی تعمیل اور اس کی رضا پانے کے لیے برداشت کر رہا ہوں ۔

ریاکاری کی ایک صورت یہ ہے کہ لوگ اپنے روزوں کا مختلف بہانوں سے ذکر کرتے ہیں کہ میرے تو پورے روزے جا رہے ہیں یا آج کا روزہ تو بہت سخت ہے وغیرہ۔ اس قسم کی گفتگو کا محرک اگر دکھاوا ہے تو یہ روزے کے اجر کو کم یا ختم کرسکتی ہے ۔ چنانچہ دل و دماغ میں روزے کی غایت خدا کی رضا ہی بٹھائی جائے اور لوگوں کی تحسین وصول کرنے کے بجائے زمین و آسمان کے اُس بادشاہ کی تحسین و داد وصول کرنے کی کوشش کی جائے جس کے ہاتھ میں تمام خزانے ہیں۔ اس کے علاوہ رمضان کے علاوہ نفلی روزے بھی رکھ کر انہیں لوگوں سے حتی الامکان چھپایا جائے تاکہ ریاکاری پر قابو پایا جا سکے ۔

9-نیت میں خرابی:
کچھ لوگ رمضان کے روزے اس نیت سے رکھتے ہیں کہ وزن کم ہوجائے یا تیزابیت کم ہو یا دیگر بیماریوں کا علاج ہوجائے ۔ یاد رکھیں کہ آپ جس لیے روزہ رکھیں گے تو وہی آپ کا نصیب ہے ۔ لہٰذا فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ وزن کم کرنے کو مقصود بناتے ہیں یا خدا کی بندگی کو۔۔

10-قیام الیل:
رمضان عبادت کا مہینہ ہے ۔ یہ خدا کی طرف سے ڈسکاؤنٹ پر سیل کا اعلان ہے جس میں جنت کی وسیع و عریض زمینیں ، اس کے گھنے باغات، اس کی ابلتی ہوئی نہریں ، اس کے عالیشان تخت، اس کے خوابناک بیڈرومز، اس کی معطر فضائیں اور نہ جانے کیا کیا کچھ انتہائی کم قیمت پر اس ماہ میں دستیاب ہوتا ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ چند رت جگے ان نعمتوں کو آپ سے قریب کر دیں ۔ اگر ہر رات جاگنا ممکن نہ ہو تو کم از کم ایک دن چھوڑ کر، یا پھر ویک اینڈ پر۔ اور آخری عشرہ تو بس لوٹ لینے کا عشرہ ہے گویا کہ دینے والے نے تہیہ کر لیا ہے کہ وہ سب کچھ ہی دے دے گا بس شرط یہ ہے کہ کوئی مانگنے والا تو ہو۔

رات جاگنے سے متعلق کئی غلط فہمیوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔ ایک تو یہ کہ تراویح کی نماز فرض نہیں بلکہ یہ تہجد ہی کی نماز ہے البتہ کچھ مسالک میں اس نماز کو سنت مؤکدہ سمجھا جاتا ہے اور اس کے تارک کوگناہِ صغیرہ کا مرتکب قرار دیتا ہے لیکن ان مسالک کے تحت بھی اس نماز میں پورا قرآن سننا ضروری نہیں ۔ اس تمھید کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ کچھ لوگ تراویح کو روزے کا لازمی جزو اور اس کے ترک کو روزے کے فاسد ہونے کا ذریعہ سمجھتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برخلاف ہے ۔

دوبارہ اصل موضوع کی طرف آتے ہیں کہ رات کس طرح جاگی جائے ۔ اکثر لوگوں کو قرآن کی چھوٹی سورتیں یاد ہوتی ہیں لہٰذا وہ تہجد کی نماز چند منٹ میں پڑ ھ کر ہاتھ جھاڑ کے کھڑ ے ہوجاتے ہیں ۔ اس ضمن میں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کچھ علما نماز کی حالت میں قرآن میں سے دیکھ کر پڑ ھنے کو جائز سمجھتے ہیں ۔ چنانچہ اس ذریعے سے مدد لی جا سکتی ہے ۔ اسی طرح تہجد کی نماز ایک نفلی نماز ہے اور اس میں رکعتوں کی تعداد مختلف مکاتب فکر کے تحت گیارہ سے لے کر 40 تک ہے ۔

رات جاگنے میں محض نماز پڑ ھنا ہی شامل نہیں ۔ قرآن کو سمجھ کر پڑ ھنا بھی اس کا حصہ ہے ۔ اسی طرح خدا سے باتیں کرنا، اس سے اپنے دل کا حال کہنا، کبھی مکان، جائداد، صحت اور اولاد کی مادی سطح سے بلند ہوکر اس سے دعائیں کرنا، اس کی پاکی بیان کرنا، اس کی حمد کرنا وغیرہ بھی اس کا حصہ ہے ۔ اس سلسلے میں دعاؤں کی کتاب حصنِ حصین کو سامنے رکھ کر نبی کریم ﷺ کے الفاظ سے بھی مناجات کی جا سکتی ہے ۔

11-دیگر ہدایات:
ا: روزہ میں دیگر کوتاہیوں میں بے شمار چیزیں آ سکتی ہیں جن کا احاطہ ممکن نہیں ۔ البتہ اتنا یاد رکھیں کہ ہر گناہ خدا سے دور کرتا اور ہر اچھا عمل خدا کے قریب کرتا ہے ۔ وہ بھوک و پیاس کسی کام کی نہیں جس کے ساتھ ساتھ گنا ہوں کا سلسلہ بھی چلتا رہے اور خدا سے دوری کا سبب بن جائے ۔

ب: اپنا احتساب کریں ، اپنی کمزوریوں کو جانیں اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں ۔( اس ضمن میں تزکیۂ نفس کے سلسلے میں تیا کردہ سوال نامے "اپنا احتساب کیجئے"سے بھی مدد لی جا سکتی ہے ، جسے وہ میل نہ ملی ہو وہ مجھ سے رابطہ کرسکتا ہے)

ج: یہ دیکھیں کہ پچھلے رمضان سے اس رمضان تک کیا کوتاہیاں اور نافرمانیاں سرزد ہوئیں ۔ ان پر اللہ سے معافی مانگیں اور آئندہ ان سے بچنے کا عہد کریں ۔

د:حقوق العباد کا خاص خیال رکھیں خاص طور پر دل کھول کر اللہ کی راہ میں خرچ کریں کیونکہ جو اللہ کی راہ میں خرچ ہو گیا وہی درحقیقت بچ گیا اور جو بچ گیا اور جو بچ گیا وہی اصل میں آخرت میں پہنچنے سے رہ گیا۔

اسائنمنٹ

ان کیسز کو غور سے پڑھیں اور ان کا جواب دیں۔

1-رخسانہ نے کہا :چلو رمضان آرہے ہیں کچھ ڈائٹنگ ہی ہوجائے گی۔ اس میں رخسانہ کی کیا غلطی ہے؟

2-روزہ کا وقت کٹ نہیں رہا تھا ۔ چنانچہ ریاض نے ڈی وی ڈی پر ایک انگلش مووی لگائی اور اسے دیکھنے میں محو ہوگیا۔ اس مووی میں کچھ غیر اخلاقی مناظر بھی آئے لیکن اس کے کان پر جوں بھی نہ رینگی۔ریاض روزے کی کن دو (2)آفات کا شکار ہوا؟

3-نیاز روزہ نہیں رکھتا تھا ۔لیکن جب اس نے دیکھا کہ سب لوگ دفتر میں روزہ رکھ رہے ہیں اور بازار میں بھی کھانے کو کچھ دستیاب نہیں تو اس نے بھی روزے رکھنا شروع کردئے۔ وہ کس آفت کا شکار ہوگیا؟

4-نائلہ رمضان کے سارے روزے رکھتی تھی اور نماز بھی پانچوں وقت کی ادا کرتی تھی لیکن اس کی کمزوری تھی کہ وہ اپنے ساتھیوں کی غیر موجودگی میں ان کے بارے میں برے ریمارکس پاس کرتی تھی۔ اس کا کیا علاج ہے؟ کوئی دو (2)تجویز کریں۔

5-روزے کی حالت میں سلمان کا کہنا تھا کہ اعصاب کی کمزوری اور بھوک پیاس کی شدت کی بنا پر چڑ چڑ اہٹ اور غصہ طبیعت پر غالب آ جاتا ہے۔ چنانچہ غصہ روزے میں جائز ہے۔ کیا یہ بات درست ہے؟

6-انیلا روزے کی حالت میں نت نئے کھانوں اور مشروبات کا تصور کرتی اور ان کی ریسی پی تلاش کرکے انہیں تیار کرتی رہتی۔ وہ کس غلطی کا شکار تھی۔

7-غیاث کی دفتر سے چھٹی کا وقت تین (3)بجے تھا لیکن وہ اکثر طبیعت کی خرابی کا بہانہ بنا کر روزے کی حالت میں گھر واپس آجایا کرتا تھا۔ وہ کن دو (2)گناہوں کا مرتکب ہورہا ہے۔

8-فاضل یہ سمجھتا تھا کہ اگر تراویح کسی ایک امام کے پیچھے شروع کی جائے تو پورا قرآن اسی کے پیچھے سننا لازمی ہے۔ کیا اس کا یہ خیال درست ہے؟

9-جاوید گردےکا مریض ہونے کی بنا پر روزہ نہیں رکھتا تھا اور پھر ڈاکٹروں نے اسے سختی سے منع بھی کیا تھا ۔ کیا جاوید کا یہ طرز عمل درست ہے؟

10-صالح کا یہ خیال تھا کہ روزے کی حالت میں کسی نامحرم کو کو دیکھنا گناہ ہے جبکہ فیاض کا کہنا تھا کہ نامحرم کو دیکھنا گناہ نہیں بلکہ شہوت کی نگاہ سے دیکھنا گنا ہے کیونکہ اگر دیکھنا گناہ ہو تو تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر جگہوں پر آنکھیں بند کرکے چلنا پڑے گا۔ کس کا خیال درست ہے؟
Muhammad Shoaib Tanoli
About the Author: Muhammad Shoaib Tanoli Read More Articles by Muhammad Shoaib Tanoli: 67 Articles with 115265 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.