سر کے بالوں کی بیماریوں کا علاج

گذشتہ کئی ہفتوں سے لکھنے کا سلسلہ تعطل کا شکار ہے، ذاتی مصروفیات اور پھر رمضان المبارک کی آمد بھی معمولات میں خرابی کا ذریعہ بنی۔ قارئینِ کرام کی طرف سے بھجوائی جانے والی تجاویز کے پیش نظر بہت سارے عنوانات زیرِ غور تھے، اس کے ساتھ ساتھ حالاتِ حاضرہ اور میری اپنی دلچسپی کے عنوانات بھی اشاعت کے منتظر ہیں۔ اب اسے حسنِ اتفاق کہئیے یا ایک فطری ردِ عمل کے جب سے میں نے انٹرنیٹ پر مضامین شائع کرنا شروع کئیے ہیں تب سے اس بات کا احساس ہوا کہ خواتین قارئین کی تعداد زیادہ ہے اور انہیں خواتین نے میرا قلم سیاست، معاشرت اور مذہبی مضامین سے ہٹا کر صحت کے مضامین کی طرف موڑ دیا ہے۔

خواتین کا ایک عام مسئلہ سر کے بالوں کا ہے، بالوں کا ٹوٹنا، کمزور ہونا، بالوں کا گرنا، جھڑنا، نشو و نما میں رکاوٹ، جلدی سفید ہو جانا اور لمبے نہ ہونا وغیرہ وغیرہ۔

سر کے بال نسوانی حسن و شخصیت کا اہم حصہ اور جز ہیں۔ اللہ کے رسول ﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ نے عورتوں کو سر کے لمبے بالوں سے اور مردوں کو داڑھیوں سے زینت بخشی ہے۔ اسی طرح تاریخِ انسانی میں ہر دور کے افراد نے اپنے اپنے ذوق، علم اور فن کے ذریعے بالوں کا تذکرہ کیا ہے۔ معصیت میں مبتلا شعرا نے اپنے کلام میں نسوانی زلفوں کے ذریعے اپنے کلام کی تشہیر کا راستہ نکالا اور کسی نے اپنے افسانے و ناول کا مرکزی خیال بالوں کو بنایا۔ الغرض زمانہ قدیم سے بالوں کے حسن کو اہمیت حاصل رہی ہے ۔ ایک تاریخی حقیقت جسے آپ لاکھ کوششوں کی باوجود جھٹلا نہیں پائیں گے کہ سر کے بالوں کی جو حفاظت اسلامی معاشرے میں ہوئی وہ مغربی اور غیر مسلم معاشرے میں نظر نہیں آتی۔ مغربی اور غیر مسلم معاشرے میں متعدد خواتین کے سر کے بال مردوں جیسے ہی ہوتے ہیں، اور وہ خواتین باقاعدگی سے ہر ہفتے بال کٹواتی ہیں، لہٰذا انہیں بالوں کے حسن اور ان کی افزائش سے کوئی خاص لگاؤ نہیں ہوتا۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ ننگے سر رکھنے کی وجہ سے ان کے سر میں مٹی، گرد و غبار پڑھتا ہے اور وہ وہ لمبے بالوں کی حفاظت نہ کر پانے کی وجہ سے بال کٹوا دیتی ہیں۔ اس کے بر عکس اسلام میں پردہ کا اہتما م ہوتا ہے، خواتین سر پر دوپٹہ اوڑھتی ہیں، اسلام نے باقاعدہ کنگھی کے احکام سکھائے ہیں، طریقہ اور سلیقہ بتایا ہے کہ کیسے کنگھی کی جائے۔ تیل کیسے لگایا جائے وغیرہ۔ یہی وجہ ہے کہ پردہ دار خواتین کے بال دراز اور خوبصورت ہوتے ہیں۔

آج سے بیس پچیس سال پہلے بہت کم خواتین ایسی تھیں جو سر میں شیمپو کا استعمال کرتی ہوں، وقت گزرتا گیا اور یورپ سے شیمپو کی صورت میں زہر ہمارے سروں میں پہنچتا گیا۔ آج حالت یہ ہے کہ گھر میں کھانے کو دال بے شک نہ ملے سر دھونے کو شیمپو ضروری ہو چکا۔

بالوں کی حفاظت کے لئیے چند تراکیب پیش کر رہا ہوں۔ اگر بخوبی عمل کریں گے تو شیمپو اور دیگر مہنگی چیزوں سے نجات مل جائے گی۔ انشا أللہ۔

سکری اور خشکی کا علاج:

تین چار لیموں کا رس نکال لیں، بالوں کی جڑوں تک اس کا مساج کریں اور کوشش کریں کہ سر کے ساری جلد تک لیموں کا رس پہنچے۔ آدھے گھنٹے کے بعد خالص سرسوں کے تیل سے سر کی مالش کریں، بعد ازاں باریک کنگھی سے ساری سکری اور خشکی باہر نکال دیں۔ اگر بال دو مونہے ہوں تو سرسوں کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر بالوں کے منہ کو دونوں ہاتھوں سے مالش کریں، اس سے دومونہے بال جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔ اس عمل کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ سر کی اندررونی جلد میں موجود خون کی باریک شریانوں میں قوت اور سرعت پیدا ہو گی جس سے سر کے تمام بالوں کو خون کی فراہمی شروع ہو جائے گی، جب تازہ خون بالوں کی جڑوں تک پہنچے گا تو خشکی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بالوں میں جان پیدا ہو گی اور یہ بالوں کے ٹوٹنے کا سلسلہ بھی رکے گا۔ انشاأللہ۔

قدرتی شیمپو خود بنائیں:

بازار میں دستیاب شیمپو کسی نہ کسی لحاظ سے ضرور نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کا کم از کم نقصان تو مہنگا ہونا ہے۔ پھر مختلف مضر صحت اجزا ،کیمکل اور مختلف جلدی امراض کا سبب بننے والے شیمپو، ان کی کوالٹی، تیاری کا طریقہ کار، اس میں موجود نسخہ کا معیار اور بے شمار سوالات، ویسے بھی ہندوستان اور پاکستان میں کاسمیٹکس انڈسٹری کا معیار قابلِ اعتماد نہیں۔

جو نسخہ میں درج کر رہا ہوں مجھے اس پر سو فیصد یقین ہے کہ یہ آپ کے سر کے بالوں کی تمام بیماریوں کے لئیے اکسیر ہے۔ کیونکہ اس میں سو فیصد خالص اجزا ہیں۔ بالوں کا ٹوٹنا، گرنا، کمزور ہونا، لمبے نہ ہونا، دو مونہے ہونا اور اس سے متعلقہ تمام مسائل کا حل ہے۔ انشاأ اللہ

انڈا ایک عدد، روغن بادام 5ملی لیٹر، لیموں کا رس 5 ملی لیٹر، آملہ دو عدد۔

یہ چاروں اجزا ملا لیں، ایک پیسٹ یا مائع کی شکل میں تیار ہو جائے گا۔ پانچ منٹ تک سر میں لگا ئے رکھیں۔ اس کے بعد سر دھو لیں۔ اس کے ساتھ خشکی اور سکری کے خاتمہ والے نسخہ بھی استعمال کریں۔ یہ دونوں نسخے دیکھنے میں بہت سادہ، عام اور سستے محسوس ہوں گے مگر اللہ کی رحمت کے سہارے میں دعویٰ سے کہتے ہوں کہ یہ نسخے گیارہ دن مسلسل استعمال کر لیں، پھر دیکھیئے قدرت کے کارخانے میں کتنے سستے علاج ہیں۔

پانی سے علاج

صبح نہار منہ کم از کم سوا لیٹر پانی پینے کا معمول بنائیں۔ ایک گلاس سے شروع کریں اور آہستہ آہستہ چار پانچ گلاس تک لے جائیں، معدہ، گردہ، مثانہ اور انتڑیاں صاف ہوں گی، تازہ خون پیدا ہو گا اور بالوں کو صاف خون کی فراہمی ہو گی، اس سے آپ کی مجموعی صحت بہتر ہو گی اور بالوں کو قوت ملے گی۔
خواتین اپنے لباس اور خصوصاً سر کا پردہ اسلامی احکام کے مطابق کریں اس کی برکتیں بھی آپ پر منکشف ہو جائیں گی۔ انشاأللہ

مزید طبی و روحانی مشاورت کے لئیے ہمارا فیس بک پیج لائک کریں۔
https://www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 246432 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More