تازہ پھل اور سبزیاں انسان کی صحت کے لئے قدرت کا اہم ترین تحفہ ہیں‘ اُن
کا استعمال کئی بیماریوں کے خلاف انسانی جسم میں دفاع کا باعث بنتا ہے اور
اُن سے جسم کو کئی قسم کے وٹامن حاصل ہوتے ہیں جو ہڈیوں اور عضلات میں
توانائی پیدا کرتے ہیں۔
انسانی غذا کے ماہرین کا خیال ہے کہ مختلف ممالک کے رہنے والوں کو چاہئے کہ
وہ اپنے ماحول اور مقام میں دستیاب پھلوں اور سبزیوں کو ضرور استعمال کریں۔
محققین اس سلسلے میں کسی خاص پھل یا سبزی کی طرف اشارہ نہیں کرتے بلکہ کہتے
ہیں کہ جو بھی پھل اور سبزی موسم کے اعتبار سے دستیاب ہواسے ضرور کھایا
جائے ۔ تازہ پھل اور سبزیاں کھانے سے انسانی جسم میں ایسے ریشے پہنچتے ہیں
جو نظام ہضم کو فعال بنانے کے لئے خون اور دیگر انسانی ضروریات کو پورا
کرتے ہیں۔
غذائی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ناشتے کے دوران دلیہ یا سیریل کے پیالے میں
کیلے‘ آڑو یا خوبانی کو شامل کرلیا جائے تو ایک جانب ناشتے کا مزہ دوبالا
ہوجائے گا ‘دوسری جانب خوراک انتہائی قوت بخش بن جائے گی۔ اسی طرح سے پانی
کے ساتھ ساتھ کسی بھی پھل یا سبزی کا جوس بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
خوراک وغذائیات کے محققین کا خیال ہے کہ دوپہر اور رات کے کھانے میں پھل
اور سبزیوں کا مناسب استعمال کیا جانا چاہئے ۔ رات کے کھانے میں انناس یا
سنگترے کی قاشیں دل اور دیگر اندرونی اعضاءکے لئے تقویت کا باعث بن سکتی
ہیں۔ اسی طرح اگر گوشت کے سالن کے ہمراہ آڑو یا آم کی چٹنی استعمال کی جائے
تو معدے کے بھاری پن اور گیس میں کمی آسکتی ہے ۔
غذائی ماہرین کے نزدیک سبزیاں انسانی صحت کے لئے بہت ضروری ہیں‘مثال کے طور
پر کھیرا‘ گاجر‘ مولی ‘چقندر اور سلاد کے پتے ضرور کھانا چاہئے۔ماہرین کے
خیال میں گوشت ‘ مرغی ‘مچھلی اور جھینگے کا زیادہ استعمال کسی نہ کسی طرح
سے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں لیکن کسی بھی پھل اورسبزی سے کسی طرح کا
نقصان نہیں ہوتا۔ |