پرانی کتابوں کا اتوار بازار-2 جون، 2013

اس مرتبہ 2 جون، 2013 کو پرانی کتابوں کے اتوار بازار کی صبح اپنے جلو میں نت نئی دلچسپیاں لیے طلوع ہوئی۔ جو پایا گیا، جو لایا گیا، برسر عام رکھا جارہا ہے، لنک پیش خدمت ہے، تمام کتابوں کے سرورق اور فہرست مضامین کے ساتھ کلْ صفحات حسب معمول سو سے متجاوز ہوئے، دل کیجیے تو پڑھیے، دل کیجیے تو ڈاؤن لوڈ کیجیے:

https://www.scribd.com/doc/145199335/Karachi-s-Sunday-Old-Book-Bazar-2-June-2013-Rashid

اس مرتبہ قیصر تمکین بھی ہیں اور ان کی 1987 میں شائع ہونے والی نایاب خودنوشت "خبر گیر" بھی۔ خبر گیر انگریزی لفظ reporter کا ترجمہ ہے جو قیصر صاحب کا وضع کردہ ہے۔ قیصر مرحوم, پیدائش یکم جنوری 1938 , لکھنؤ سے تعلق، صحافت سے وابستہ رہے، لندن میں عمر گزاری۔ وطن سے اٹھے تو لندن میں جا کر دم لیا بھی اور دیا بھی وہیں۔ قیصر تمکین کی لکھنؤ میں ابتدائی زندگی عسرت میں بسر ہوئی تھی۔

کہتے ہیں " نچلے متوسط طبقے میں جو عام مفلسی اور نحوست چھائی رہتی ہے، اس میں ہمارے گھر نے ضرورت سے کچھ زیادہ ہی حصہ پایا تھا۔ ظاہر ہے میرے پاس پھوٹی کوڑی بھی نہیں ہوتی تھی۔ اگر قسمت سے دو وقت کا کھانا نصیب ہوبھی گیا تو بھی "گنی بوٹی اور نپا شوربہ" رہتا تھا۔ روٹیاں بھی گنتی کی تین چار ہی نصیب ہوتی تھیں۔ اس لیے ہر وقت پیٹ خالی ریتا تھا اور معدے میں مروڑ ہوا کرتی تھی۔"

برطانیہ میں قیام پذیر, بزم قلم پر موجود ہمارے بزرگ کرم فرما مقصود الہی شیخ صاحب قیصر تمکین مرحوم سے خوب واقف تھے، یقینا وہ بھی قیصر صاحب سے متعلق اپنے اپنے تاثرات سے نوازیں گے۔ شیخ صاحب کے رسالہ مخزن میں شائع ہوا قیصرتمکین کا ایک افسانہ بھی پی ڈی ایف فائل میں شامل کیا ہے۔

قیصر تمکین کا انتقال 25 نومبر 2009 کو لیڈز میں ہوا تھا۔ قبل ازیں نومبر دو ہزار دو میں ان کے بڑے بھائی حسین علوی کا انتقال ہوا تھا۔ پھر دو ہزار پانچ میں سب سے بڑے بھائی ڈاکٹر شبیر احمد علوی کا اسلام آباد میں انتقال ہوا۔ اب ان کے ایک چھوٹے بھائی احمد ابراہیم علوی حیات ہیں جو لکھنو سے روزنامہ آگ میں ایک اہم عہدے پر فائز ہیں۔

راقم سے "خبر گیر" کی فرمائش ہندوستان سے آئی ہے، کوشش ہوگی کہ اسے اسکین کرکے پیش کردیا جائے۔

جلیس سلاسل کی کتاب "ٹیبل ٹاکس" انٹرویو کا مجموعہ ہے، 352 صفحات کی اس کتاب سے مہدی حسن اور بزرگ صحافی نصر اﷲ خاں مرحوم کے انٹرویو شامل کیے ہیں۔

ادیب و نقاد نظیر صدیقی مرحوم کے خاکوں کی کتاب "جان پہچان" 1979 میں شائع ہوئی تھی۔ اس کتاب سے وحشت کلکتوی کا خاکہ شامل کیا گیا۔ مذکورہ کتاب، راقم نے کچھ عرصہ قبل نظیر مرحوم کے بھائی سے اجازت کے بعد انٹرنیٹ پر شامل کردی تھی۔

اسی طرح رضوان صدیقی کے امریکہ کے سفرنامے "روشن اندھیرے" کا ایک باب، حکیم محمد سعید کے سفرنامے "ڈیلفی سے سونے کی کان تک" کا پہلا باب اور سبوحہ خان کی خودنوشت "دلی سے ڈیفنس تک" سے پہلا باب شامل کیا گیا ہے۔

" میری تحریریں"، جاذب قریشی کے مضامین کا مجموعہ ہے جو محض ایک مضمون کے لیے بحالت مجبوری خریدی گئی۔ مذکورہ تحریر "بھارت میں اردو کے وارث" بھی مذکورہ بالا لنک میں موجود پی ڈی ایف میں شامل کیا گیا ہے۔

تمام کتابوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے:

خبر گیر۔خودنوشت
قیصر تمکین علوی۔اشاعت: 1987
ناشر: اورینٹ پبلشر، لاہور

پی ڈی ایف فائل میں فہرست ابواب، پیش لفظ اور پہلا باب شامل کیا گیا ہے

بچوں کے ادیبوں کی ڈائرکٹری ۔مرتبہ: افتخار کھوکھر
ناشر: دعوہ اکیڈمی، اسلام آباد۔اشاعت: 2003

ادب و آگہی۔تنقیدی مضامین
مجتبی حسین۔اشاعت: 1963
ناشر: مکتبہ افکار، کراچی

ٹیبل ٹاکس۔انٹرویو
جلیس سلاسل۔صفحات: 352
ناشر: پاکستانی جرنلسٹ گروپ آف پبلیکیشنز، کراچی
اشاعت: 1995

فہرست اور مہدی حسن اور بزرگ صحافی نصر اﷲ خاں مرحوم کے انٹرویو شامل کیے ہیں

جان پہچان۔خاکے
نظیر صدیقی۔ناشر: اردو اکیڈمی، سندھ
اشاعت: 1979

فہرست، مقدمہ اور وحشت کلکتوی کا خاکہ شامل کیا گیا ہے

بازگشت۔امین نون
ناشر: مصنف نے 1991 میں کراچی سے شائع کی پیش لفظ اور طاہر مسعود کا تعارف شامل کیا گیا ہے

روشن اندھیرے۔رضوان صدیقی
سفرنامہ امریکہ۔ناشر: کراچی گرافکس
اشاعت: 1996

پیش لفظ اور پہلا باب شامل کیا گیا ہے

بات چھپائے گوری۔خلش ہمدانی
یہ ناول دراصل مصنف کی "شہوانح نو عمری" (حضرت یوسفی سے معذرت ) ہے

ڈیلفی سے سونے کی کان تک۔سفرنامہ
حکیم محمد سعید۔ناشر: ہمدرد
اشاعت: 1991

پہلا باب شامل کیا گیا ہے

دلی سے ڈیفنس تک۔خودنوشت
سبوحہ خان۔ناشر: کراچی اسٹڈی سرکل
اشاعت: 1998
پہلا باب شامل کیا گیا ہے

میری تحریریں۔جاذب قریشی

Rashid Ashraf
About the Author: Rashid Ashraf Read More Articles by Rashid Ashraf: 107 Articles with 277754 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.