حضرت عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں کسی آدمی کو
دیکھتا ہوں اور وہ مجھے پسند آتا ہے مگر جب معلوم ہوتا ہے کہ وہ کوئی کام
نہیں کرتا تو میری نگاہ میں گرجاتا ہے۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ”تندرستی اور فرصت کے
لمحات دو ایسی نعمتیں ہیں جن میں اکثر لوگ گھاٹے میں مبتلا ہیں۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا ارشاد گرامی ہے ”میں اس بات کو بہت معیوب
سمجھتا ہوں کہ تم میں سے کوئی لا یعنی زندگی بسر کرے نہ دنیا کیلئے کوئی
عمل کرے نہ آخرت کیلئے۔،،
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے ”اللہ تعالیٰ
نوجوان سے سستی پر نفرت کرتے ہیں۔،،
حقیقت یہ ہے کہ بے کاری نہایت بری چیز ہے، وہ آدمی کی تمام بہترین صلاحیتوں
کو کھاجاتی ہے۔ بے کار آدمی بظاہر دیکھنے میں زندہ معلوم ہوتا ہے مگر
حقیقتاً وہ ایک مرا ہوا انسان ہوتا ہے اس کے اندر سے وہ تمام لطیف احساسات
ختم ہوجاتے ہیں جو کسی انسان کو حقیقی معنوں میں انسان بناتے ہیں۔
آرام سے ہڈیاں گھلتی ہیں
آپ شاید یہ پڑھ کر حیران ہوں گے کہ بستر میں ایک ہفتہ آرام کرنے سے ہڈیوں
کے حجم میں ایک فیصد کمی واقع ہوجاتی ہے، اس لیے بڑے آپریشن اور فلو وغیرہ
میں مبتلا ہونے کے بعد کیلشیم کی اضافی خوراک استعمال کرنی چاہیے۔ نیبراسکا
کی کرائی ٹن یونیورسٹی کے ہڈیوں اور کیلشیم کے چوٹی کے ماہر ڈاکٹر رابرٹ
بینے کے مطابق بستر میں لیٹے رہنے سے ہڈیاں بے عملی کی وجہ سے گھلنے لگتی
ہیں اور گھلائو کی یہ رفتار ایک فیصد فی ہفتہ رہتی ہے۔
ٹالنے کی عادت سے بچیں
چیزوں یا کاموں کو آگے کیلئے یا کل پر ٹالنے کی عادت سے بچیں۔ کامیاب لوگ
وہ ہوتے ہیں جو اپنی کرسی سے اٹھ کر فوراً کام کرتے ہیں۔ کسی چیز کو شروع
کرنے کا صحیح وقت بس یہی ہے، کل نہیں۔ صرف بات کرنا اور چیزوں کو روز بروز
لٹکائے رکھنا ناکامی کی طرف جانے کا لازمی اشارہ ہے۔ اس لیے سستی چھوڑ دیں
اور کام شروع کردیں۔ہنری ڈبلیو لانگ فیلو کا بیوی کی وفات کے بعد اپنے آپ
کو مصروف رکھنے کا واقعہ ہر ماہر نفسیات آپ کو یہی مشورہ دے گا کہ مصروف
رہیں، اعصابی مریض کیلئے یہ بہترین علاج ہے۔ ہنری ڈبلیو لانگ فیلو نے بھی
اپنی نوجوان بیوی کی وفات پر اپنے آپ کو مصروف رکھا۔ اس کی بیوی ایک دن موم
بتی کے ساتھ کسی مومی سیل کو پگھلا رہی تھی کہ اس کے کپڑوں کو آگ لگ گئی،
لانگ فیلو اس کی چیخیں سن کر بھاگا مگر وہ اس کے پہنچنے سے پہلے ہی جل کر
مرگئی کچھ دیر کیلئے وہ اس ہولناک حادثے کے باعث تقریباً پاگل ہوگیا مگر
خوش قسمتی سے اس کے تین بچوں کو اس کی توجہ کی ضرورت تھی۔ اپنے غم کے
باوجود لانگ فیلو کو ان کا باپ اور ماں بن کر دکھانا پڑا، وہ انہیں سیر
کیلئے لے جاتا، انہیں کہانیاں سناتا، ان کے ساتھ کھیلتا، انہیں پوری کمپنی
دیتا، انہیں پڑھاتا، ان سب کاموں نے اسے اتنا مصروف کردیا کہ اس کا سکون
اسے واپس مل گیا۔ ٹینیسن کا عزیز ترین دوست آرتھر ہیلم جب اس سے بچھڑ گیا
تو اس نے کہا مجھے کچھ نہ کچھ کام کرتے رہنا چاہیے۔ اس سے پہلے کہ میں
پریشان میں اپنے آپ کو ختم کربیٹھوں۔
بیکار آدمی کو دماغ کی بیماری کا خطرہ
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صحت مندی بڑھتی عمر اور دماغی چستی کا گہرا تعلق ہے۔
بیکار دماغ بالکل اس طرح ختم ہوجاتا ہے جیسا کہ نہ استعمال ہونیوالی ٹانگ،
جس طرح ورزش پٹھوں کی حفاظت کرتی ہے، دماغی کام آپ کی قوت مدافعت اور دماغ
کی صلاحیت کو قائم رکھتا ہے جو لوگ سوسال کی عمر تک پہنچ جاتے ہیں وہ زندگی
سے فرار حاصل نہیں کرتے بلکہ ہر قدم پر کسی بھی نقصان کا اچھے طریقے سے
سامنا کرتے ہیں۔ ایسی بہت سی مثالیں ہیں کہ لوگ اپنی زندگی میں ہر قسم کا
جانی ومالی نقصان برداشت کرنے کے باوجود اب بھی بھرپور زندگی گزار رہے ہیں۔
موت سے پہلے مرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ صحت مند اور طویل زندگی پانے کیلئے
سادہ خوراک، ورزش اور مثبت سوچ اختیار کریں۔ والٹیز کہتا ہے کہ: ”زندگی کی
مصیبتیں ہلکی بنانا چاہتے ہو تو اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ مصروف رکھو۔،،
مزید تفصیل کیلئے ادارہ عبقری کی شہرہ آفاق کتاب ”سنت نبوی اور جدید
سائنس،، ضرور پڑھیں۔ |