مذاکرات یا بے رحم آپریشن

سانحہ ٔ اسلام آبادکے عینی شاہدین کا کہناہے کہ 3بڑی گاڑیاں F8اسلام آبادکچہری میں بخشی خانے کی طرف داخل ہوئیں ان میں8نو جوانوں کی لمبے بال اور چھوٹی داڑھیاں تھیں انہوں نے اپنے گرد لپیٹی چادریں اتاریں اﷲ اکبرکانعرہ لگایااور گولیاں برسنا شروع ہوگئیں ان کے راستے میں جو بھی آیا اپنے ہی خون میں نہا کرزمین پرگرتا چلا گیاجان بچا کر بھاگنے والوں میں پولیس اہلکار پیش پیش تھے۔۔۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کے ساتھ ہی حکومت ،عوام اور مذاکراتی ٹیموں کا اطمینان رخصت ہوگیا گذشتہ چند ہفتوں کے اعصاب شکن مذاکراتی عمل میں پیش رفت کیلئے لوگ دعائیں کرتے رہے خدا خدا کرکے جب طالبان نے غیرمشروط طور پر ایک ماہ کی جنگ بندی کااعلان کیا تو سب نے سکھ کا سانس لیا کہ اب دہشت گردی میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ رک جائے گا لیکن تازہ ترین سانحہ نے پوری قوم کو ہلاکررکھ دیاہے ہر کوئی اپنی اپنی رائے دے رہا ہے لیکن طالبان نے اس سے لاتعلقی کااظہارکیا ہے ۔۔۔سانحہ ٔ اسلام آبادکے بعد ذہن میں فوری طور پر 3سوال و شبہات ابھرتے ہیں اولاً ! تحریک ِ طالبان کا تمام گروپوں اثر نہیں رہاکچھ لوگ ان سے بالا بالا قتل و غارت کررہے ہیں ثانیاً ! تحریک ِ طالبان نے حکومت،مذاکراتی ٹیموں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے دھوکہ کیا ہے اس ضمن میں بیشتر پاکستانی سیاستدانوں کی یہی رائے ہے مزیداً ! کچھ اسلام دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں امن و امان ہو وہ طالبان کی آڑ میں دہشت گردی کرکے حالات خراب کررہی ہیں۔۔۔۔شنیدہے کہ اس وقت مذکراتی کمیٹیوں کے پیش ِ نظر یہی تین سوال ہیں جن کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات ، درجنوں بے گناہوں کی شہادت اور عوام میں خوف وہراس کے باوجود میاں نواز شریف اور عسکری قیادت کی اب بھی خواہش ہے کہ یہ حساس معاملہ مذاکرات سے ہی حل کیا جانا چاہیے تازہ ترین اطلاع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے مذاکرات کو ایک بارپھر آگے بڑھانے کیلئے تجاویز اور حکمت ِ عملی تیار کرلی ہے جلدہی طالبان کی نامزد کردہ کمیٹی سے ملاقات متوقع ہے جس میں تمام معاملات پر غور وخوض کیا جائے گا۔جہاں تک اس خیال کا تعلق ہے کہ تحریک ِ طالبان کا تمام گروپوں اثر نہیں رہاکچھ لوگ ان سے بالا بالا قتل و غارت کررہے ہیں اس میں حقیقت بھی ہو سکتی ہے اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستان میں اس وقت طالبان کے100سے زائد گروپ کام کررہے ہیں ان میں مختلف مسالک، مختلف مزاج اور مختلف نظریات کے لوگوں کا ہونا عقل سے بعید نہیں ان کا ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا ،ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے اب تحریک ِ طالبان سب کی نمائندہ ہونے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن حقیقت کیا ہے ؟ کوئی نہیں جانتا۔۔۔ دوسری بات کہ تحریک ِ طالبان نے حکومت،مذاکراتی ٹیموں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے دھوکہ کیا ہے یہ بات آدھی سچ بھی ہو سکتی ہے حکومت اور طالبان کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان گفت و شنید جاری تھی کہ 22اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ آگیا لیکن اس کی ذمہ داری تحریک ِ طالبان نے قبول کرلی اگروہ ایسا نہ بھی کرتے تو کوئی کیا کر سکتاتھا اس لئے دھوکہ دینے والی بات ہو بھی سکتی ہے اور نہیں بھی یعنی ففٹی ففٹی والا معاملہ ہے اگر طالبان سانحہ ٔ اسلام آباد سے لاتعلقی کااظہارکررہے ہیں تو شکوک و شبہات کے باوجود اس پر یقین کرلینا چاہیے کہ نتیجہ خیز مذاکرات ان کے اپنے مفاد میں ہیں۔یہ بات بڑی اہمیت کی حامل ہے کہ بیشتراسلام دشمن قوتوں امریکہ ، بھارت اور اسرائیل نے پاکستان کوآج تک دل سے تسلیم نہیں کیا وہ پاکستان کو نقصان پہچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں جب سے پاکستان ایٹمی قوت بناہے ان کے سینے پر سانپ لوٹ رہے ہیں اس لئے غالب خیال یہ ہے کہ پاکستان کے حالات خراب کرنے میں اسلام دشمن طاقتوں کا کلیدی رول ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔۔۔مذاکرات کا سلسلہ میں انہی تین نکات کو مرکز و محور بنایا جارہا ہے اب سننے میں آرہاہے کہ حکومت طالبان مذاکراتی عمل میں فوج کو بھی شامل کیا جارہاہے تاکہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے اس ساری صورت ِ حال سے طالبان کو حالات کی سنجیدگی کااحساس کرنا چاہیے جن لوگوں کا یہ مؤقف ہے کہ فوجی اپریشن مسئلہ کا پائیدار حل نہیں دہشت گردی کے مسلسل واقعات نے انہیں اس دوراہے پر لاکھڑا کردیا ہے کہ وہ اپنے نقطہ ٔ نظر پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو جائیں حالات بتاتے ہیں مذاکرات یا فوجی اپریشن جو بھی فیصلہ ہوا ایک بات طے ہے کہ جولائی 2014ء تک سارا منظر اور منظر نامہ واضح ہو جائے گا اس کا مطلب یہ ہے کہ اب دہشت گردی کا دی اینڈ ہونے والا ہے شنیدہے کہ’’ امن ہر قیمت پر‘‘ کی حکمت ِ عملی تیار کرلی گئی ہے اور میاں نواز شریف اور عسکری قیادت میں اس بات پر مکمل اتفاق ہو گیا ہے کہ امن کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو کچل دیا جائے امن کے قیام کیلئے مذاکرات یا بے رحم اپریشن۔۔۔اس کا فیصلہ طالبان نے کرناہے اس سلسلہ میں حکومت ِ پاکستان اورعوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اب وقت بتائے گا طالبان کیا فیصلہ کرتے ہیں یہ فیصلہ لہو سے لکھا جائے گا یا سفید پرچم پر امن کی فاختہ مسکرائے گی یہ تاریخ بتائے گی۔
M. Sarwar Siddiqui
About the Author: M. Sarwar Siddiqui Read More Articles by M. Sarwar Siddiqui: 218 Articles with 159885 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.