(Shah Fahad Fountain, Jeddah)
سعودی عرب کے شہر جدہ جو کہ اماں حوا کا شہر بھی کہلاتا ہے میں رہتے ہوئے
جدید شاپنگ سینٹرزکے علاوہ جدہ فاؤنٹین (شاہ فہد فاؤنٹین) کو دیکھنا اور اس
سے لطف اندوز ہونا ضروری عمل ہوتا ہے۔ پچھلی بار(۲۰۱۲ء)میں جب میں جدہ آیا
تو میرا چھوٹا بیٹا بھی سعودی عرب کے شہر جیذان کے پہاڑی علاقے فیفاء کے
سعودی اسپتال میں ڈاکٹر تھا۔ جدہ سے بذریعہ سٹر ک جیذان اور پھر وہاں سے
ٹیکسی کے ذریعہ فیفا جایا جاتا ہے۔ یہ سفر تقریباً دو گھنٹے کا ہے۔ ڈکٹر
نبیل ہم سے ملاقات کرکے واپس جارہا تھا۔ سیبکو بس اسٹینڈ پر اسے چھوڑنے
شہناز، عدیل ، میں نبیل اور ڈکٹر ثمرا بھی تھے۔ رات کا وقت تھا ۔ بس کے
جانے میں کچھ وقت تھا ہم عدیل کے ہمراہ فاؤنٹین دیکھنے چلے گئے۔ رات میں
فاؤنٹین کا نظارہ بہت ہی دلفریب ہوتا ہے۔ ساحل پر کچھ دیر ٹہرے، فاؤنٹین کا
نظارہ تو دلفریب تھا لیکن ساحل جاذب نظر نہیں تھا، ہمارے ذہنوں میں کراچی
کا ساحل تھا، وہ بھی کلفٹن کا ساحل، سعودی عرب میں پردے کی وجہ سے لوگ
اندھیرے میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، ساحل پر لائٹ کا انتظام بھی نہیں اس
وجہ سے بھی ساحل بے رونق سا لگ رہا تھا۔ ہم کچھ دیر وہاں ٹہرے۔ گھر آکر اس
فاؤنٹین کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں وہ کچھ اس طرح سے ہیں۔
جدہ میں قائم شاہ فہد فاؤنٹین کو دنیا کی سب سے اونچی فاؤنٹین ہونے کا
اعزاز حاصل ہے۔ یہ جدہ فاؤنٹین کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔ بحر احمر کے
ساحل پر بنائی گئی یہ فاؤنٹین جدہ شہر کی حسن میں اضافہ کرتی ہے۔ یہاں کے
باسیوں کو اور جدہ میں آنے والے سیاحوں کے لیے یہ فاؤنٹین تفریح کی منفرد
جگہ ہے۔ یہ فاؤنٹین سعودی عرب کے فرماں رواں شاہ فہد بن عبد لعزیز نے از
خود تعمیر کرائی تھی جو جدہ شہر کے مکینوں کے لیے شاہ فہد کی جانب سے ایک
تحفہ تھا۔یہ فاؤنٹین ۱۹۸۰ء سے ۱۹۸۵ء کے درمیان بنی جب کہ ۱۹۸۵ء میں اس کا
آغاز ہوا۔ یہ
فاؤنٹین جینوا اور سوئیزر لینڈ میں قائم فاؤنٹینوں کی طرز کی ہے۔ فاؤنٹین
میں اوپر جانے والا پانی ۱۰۲۴ فٹ (۳۱۲ میٹر) تک جاتا ہے، جب کے اس کے پانی
کی رفتار ۳۵۷ کلو میٹر (۲۳۳) میل فی گھنٹہ ہے۔فاؤنٹین میں بحر احمر کا پانی
ہی استعمال ہوتا ہے۔
جدہ کی پر رونق شارع فلسطین روڈ پر بحر احمر کے ساحل پر یہ فاؤنٹین خوبصورت
نظارہ پیش کرتی ہے۔ خاص طو پر رات میں یہ فاؤنٹین ساحل کے حسن کو دوبالا
کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ دنیا میں اور بھی کئی فاؤنٹین ہیں ان میں
ابوظہبی کی والکانو(Volcano Fountain)،لاس اینجلس کی بیلاجیو(Bellagio
Fountain)، سنگا پور کی فاؤنٹین آف ویلتھ(Fountain of Wealth, Suntec)،
بارسلونہ کی میجو فاؤنٹین (Magu Fountain of Montjuic)،چین کی بگولدBigwild
Pagoda Fountains) پاگو(،روس کی پیپلز فرینڈسپ فاؤنٹین (People's
Friendship ( Fountain)،روم کی ٹراوی فاؤنٹین (Trevi Fountain, Rome) ،اٹلی
کی اوول فاؤنٹین(Oval Fountain, Villadi Est)شامل ہیں۔
ان تمام فاؤنٹینوں میں جدہ کی اس فاؤنٹین کو سب سے اونچی فاؤنٹین ہونے کا
درجہ حاصل ہے۔ |