پاک فضائیہ کے فورتھ اسکواڈرن میں 13ایف سولہ طیاروں کی شمولیت

سرگودھا میں پاک فضائیہ کے مصحف ایئربیس پر اردن سے حاصل کئے گئے 13 ایف 16 جنگی طیاروں کی پاک فضائیہ کے فورتھ اسکواڈرن میں شمولیت کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کے ہمراہ ایف 16 طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لئے تیار ہے، مشکلات کے باوجود بیرونی جارحیت کا مقابلہ کریں گے ۔ہم ایف 16 طیاروں کی فراہمی پر اردن کی شاہی فضائیہ کے شکر گزار ہیں، ایف 16 طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج ملک کی حفاظت اور ترقی کے لئے پرعزم ہیں۔ پاک فضائیہ مشکل ترین وقت میں عوام کی امنگوں پر پورا اتری ہے، ہم یہ بات سمجھتے ہیں کہ پاک فضائیہ کا اہم کردارہے، موجودہ دور میں فضائیہ کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ جہاں بھی ضرورت پڑی تو پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نے اردن سے 13 ایف 16 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا، ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پاک فضائیہ کے بیڑے میں ایف 16 طیاروں کی تعداد 76 ہوجائے گی۔اردن کے دیئے گئے ایف 16طیاروں کی پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شمولیت کی تقریب میں سربراہ افواج پاکستان کی تقریر عوامی امنگوں کی آئینہ دار اور اس بات کا ثبوت ہے کہ افواج پاکستان وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کی نہ صرف مکمل طور پر اہل ہیں بلکہ مستعد و چوکنا بھی ہیں جبکہ وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے اور بیرونی تحفظ کے ساتھ پاکستان کو اندرونی خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے بھی جو لازوال و بیمثال قربانیاں دے رہی ہیں عالمی عسکری تاریخ میں اس کی کہیں نظیر نہیں ملتی جبکہ بحیثیت سربراہ عساکر اب تک سامنے آنے والا جنرل راحیل شریف کا کردار مثالی ہی نہیں بلکہ حب الوطنی کے تمام تقاضوں پر بھی برا اترتا ہے جو پاکستان کے محفوظ و روشن مستقبل کا ثبوت و دلیل ہے!
 

Imran Changezi
About the Author: Imran Changezi Read More Articles by Imran Changezi: 194 Articles with 130922 views The Visiograph Design Studio Provide the Service of Printing, Publishing, Advertising, Designing, Visualizing, Editing, Script Writing, Video Recordin.. View More