ولادتِ باسعادت:
وِلادت غالباً بروز اتوار ۱۸ رمضانُ المبارک ۱۳۸۶ھ (بمطابِق 67-1-1)کو
بَنُّوں (سرحد، پاکستان)میں ہوئی۔
باب المدینہ کراچی آمد:
کچھ عرصہ بعدسردار آباد(فیصل آباد، پاکستان )میں بھی قیام رہا اور بعد میں
باب المدینہ کراچی میں مستقل بودوباش اختیار کر لی۔
شجرہ نسب:
ثناخوانِ رسولِ مقبول، بُلبلِ روضۂ رسول ،مداحِ صحابہ وآلِ بتول، گلزارِ
عطاّؔر کے مُشکبار پھول، مبلِّغ دعوتِ اسلامی الحاج الحافظ القاری ابو عبید
محمد مشتاق احمد عطاّری علیہ رحمۃُ الْباری بن مولانا اَخلاق اَحمد۔
تعلیم وتربیت:
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ امیرِ اہلِ سنت کے فیض یافتہ،مبلغِ دعوتِ
اسلامی، بہت اچھے خوش اِلحان قاری،بارگاہِ رسالت کے مقبول نعت خوان تھے۔
قرآنِ پاک کے 8پارے حفظ تھے، بہت اچّھے قاری تھے ، درسِ نظامی کے چار درجے
پڑھے تھے مگر دینی معلومات کسی اچھے خاصے عالِم سے کم نہیں تھی، اکاؤ نٹ
ڈِپارٹمنٹ میں سینئر آڈیٹر کی حیثیت سے سالہا سال گورنمنٹ جاب رہی، جامعۃ
المدینہ (سبز مارکیٹ بابُ المدینہ کراچی)میں انگلش کا درجہ بھی پڑھاتے رہے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ انہیں چار مرتبہ حج وزیارتِ مدینہ منوَّرہ
کی سعادتیں نصیب ہوئیں۔
اگرچِہ دُولتِ دنیا مِری سب چھین لی جائے
مِرے دل سے نہ ہرگز یا نبی تیری وِلا نکلے
سلسلۂ بیعت:
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے بانیٔ دعوتِ اسلامی، شیخِ طریقت، امیرِ
اہلِسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے دستِ حق پرست پر شرفِ بیعت حاصل کیا اور
اپنی بقیہ زندگی انہی کی بارگاہ میں رہتے ہوئے صرف کردی۔
دینی خدمات:
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی ذات خدمتِ دین کے لئے وقف تھی،پوری زندگی
مدَنی کاموں کی دھومیں مچاتے،یادِ آقا کے گن گاتے، عشقِ سرکار کا جذبہ
دلاتے،عاشِقانِ رسول کو تڑپاتے رہے،تبلیغِ دیں میں آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ
علیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں ۔ مدینہ مسجِد (اورنگی ٹاؤن بابُ
المدینہ)میں کئی سال تک اِمامت فرماتے رہے، 1995تاوفات جامِع مسجِد
کنزالایمان (بابر ی چوک بابُ المدینہ کراچی)میں امامت وخطابت کے منصب پر
فائز رہے ۔ اَلْحَمْدُ للہ حاجی محمد مشتاق کو اللہ عزوجل نے آواز بہت ہی
سریلی بخشی تھی،بڑے بڑے اجتماعاتِ ذکرونعت میں آقا صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ
وآلہٖ وسلَّم کی نعتیں سنانے اور عاشقانِ رسول کو تڑپانے لگے، مبلّغ بھی
بہت اچھے تھے، مدنی کام کا جذبہ بھی خوب تھا۔ اللہ عزوجل نے ان کوبہت ترقی
عطا فرمائی،جنوری2000 میں شہر بھر کے نگرانوں کی منظوری سے باب المدینہ
کراچی کے نگران بنے اور اسی برس اکتوبر میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ
شوریٰ کے نگران کے منصب پر متَمکن ہو گئے۔
رضا پر رب کی راضی ہیں تمہارے ہم بھکاری ہیں
ہماری آخِرت بہتر بنا دو یا رسول اللہ
تاریخ وفات ومدفن:
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے ۲۹شعبان المعظم۱۴۲۳ھ مطابق ۵دسمبر ۲۰۰۲ء کو
وصال فرمایا،آپ کا مزارمبارک صحرائے مدینہ باب المدینہ کراچی میں زیارت
گاہِ عام وخاص ہے۔
|