آزادی کی قدر کریں

اپنے وطن سے محبت کرنے اور آزادی کی قدر جاننے والی قومیں آزادی کا جشن بہت عقیدت اور احترام سے مناتی ہیں ۔لیکن ہمارے ہاں آزادی کے دن کو بھی سیاسی گروپ اپنے مفاد کیلے استعمال کررہے ہیں سیاسی گروپوں کو یہ حق حاصل ہے کہ اپنے مطالبات منوانے کیلئے احتجاج اور جلسے منعقد کریں مگر اپنے اپنے مطالبات کیلئے ہمیں اپنے آزادی کے دن کی خوشی کو محسوس کرنے سے مت روکیں ۔یہ سب سیاسی لوگ ہمیں کیوں احساس نہیں ہونے دیتے کہ ہم آزاد ہیں ان لوگوں نے ہمیں سمجھ کیا رکھا ہے؟کیا ہمیں آزاد ہونے کا کوئی حق نہیں؟کیا عوام کو سکھ کاسانس لینے کاکوئی حق نہیں؟ہمیں اﷲ تعالیٰ نے آزادپاکستان دے کر اپنی دی ہوئی نعمتوں میں سے بہت بڑی نعمت سے نوازا ہے تو پھر یہ سیاست دان کون ہوتے ہیں ہماری زندگیوں کا فیصلہ کرنے والے؟یہ سب ہمارے ملازم ہیں مالک نہیں ۔ہم نے انہیں منتخب حکم لینے کیلئے کیا ہے نہ کے دینے کیلئے ۔سیاست دان ہماری آزادی کے روز انتشار اور اختلافات کا مظاہرہ مت کریں جسے دیکھ کر دنیا ہم پر ہنسے۔یہ دن سیاسی لیڈر اور جماعتیں عوام کے ساتھ جوش وخروش سے منائیں۔پاکستان کے عوام اپنے ملازم حکمرانوں جن میں عمران خان اور اُن کی جماعت بھی شامل ہیں اور تمام دیگر سیاست دانوں کو حکم دیتے ہیں کہ جشن آزادی کے موقع پر تمام اختلافات کو دور کرکے سازشی سیاست کوپاکستان سے ہمیشہ کیلئے نکال دیں اور 14اگست کا دن عوام کے ساتھ مل کر خوب جوش و جذبے اور محبت سے منائیں ۔ہمیں اور خودکو آزاد پاکستان اور ہماری آزادی کا احساس ہونے دیں۔عوام کواتنا مجبور مت کیا جائے کہ جو ذمہ داریاں عوام نے حکمرانوں کے کندھوں پرڈالی ہیں انہیں واپس لے لیا جائے ۔ابھی وقت ہے ٹھیک ہوجاؤ۔سیاست دانوں میرے وطن عزیز کو دنیا میں مزیدرسوا کرنے کی کوشش نہ کرو۔خود کواہل، سمجھنے والا حکمران طبقہ اپنی نااہلی کاشور مچاکر ہمیں جشن آزادی ،آزادی کے ساتھ منانے سے نہ روکے ۔ہم پاکستان کے ہر گھر،گلی چوراہے ہر سرکاری و غیر سرکاری بلڈنگ اور گاڑی پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر ،گھروں ،بازاروں،دفتروں ،سڑکوں یہاں تک کہ پورے پاکستان کودلہن کی طرح سجا کراﷲ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوکر آزادی کا جشن منانا چاہتے ہیں مگر افسوس اس موقع پر پورے پاکستان کو جام کردیا گیا ہے۔اﷲ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم کرے اور ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے -
Sajjad Ali Shakir
About the Author: Sajjad Ali Shakir Read More Articles by Sajjad Ali Shakir: 133 Articles with 143575 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.