ایک سوال ..؟؟کیا مُلکی ترقی آزادی اور انقلاب مارچ سے ہی ممکن ہے
(Muhammad Azam Azim Azam, Karachi)
یقینی طور پر حکمران جمہوریت کے
حقیقی ثمرات عوام تک نہیں پہنچاسکے ہیں.. ....
آج مُلک کے سیاسی بحران کی تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی صورت میں یہ محسوس ہونے
لگاہے کہ جیسے سیاسی بحران کسی حل پر نکلنے سے پہلے حکمرانوں اور
سیاستدانوں کی ذاتی لڑائی اور اَناکی وجہ سے کسی اور سمت پر چل پڑاہے،
ایوانوں میں حکمرانوں اورسیاستدانوں کی چپقلش کو آزادی اور انقلاب مارچ
والے اپنی کامیابیوں سے تعبیرکررہے ہیں اور اِس پرایوان والے آزادی اور
انقلاب مارچ والوں کے دھرنوں کو بغاوت کہہ رہے ہیں اور اِنہیں خانہ بدوش
اور لشکری کہہ کر مخاطب کررہے ہیں جوکہ غیر مناسب ہے ،اِس حکومتی رویئے پر
جہاں انقلاب اور آزادی مارچ والے اپنی ہتک محسوس کررہے ہیں تو وہیں اِن کی
اَناکو بھی ٹھیس پہنچ رہی ہے، یہ کیساتضاد ہے کہ ایک طرف حکمران دھرنیوں کو
بُرابھلاکہہ رہے ہیں تو دوسری جانب اِس سے مثبت مذاکرات بھی شروع کئے ہوئے
ہیں اَب ایسے میں حکمرانوں کی طرف سے دھرنیوں کو غلط الفاظ سے مخاطب کئے
جانے کی وجہ سے کسی کروٹ بیٹھتے مذاکراتی عمل کوبھی متاثرہونے کا خدشہ
موجودہ ہے ،حالانکہ اسلام آبادمیں آزادی اور انقلاب مارچ والوں کا احتجاج
کسی نہ کسی حد تک توجائز اور آئینی ضرور ہے جو اِن کا بنیادی حق بھی
ہے،مگرپھر بھی پتہ نہیں کیوں ہمارے حکمران انقلاب اور آزادی مارچ والوں کے
دھرنے اور احتجاج کو بُراسمجھ رہے ہیں...؟؟جبکہ احتجاجی اپنے مطالبات کی
منظوری تک پُرامن ہیں اور پُرامن ہی رہنے کاعزم کئے ہوئے ہیں ، آج ایسے میں
ہر فرد کی زبان پہ بس صرف ایک ہی سوال ہے کہ’’ کیامُلکی ترقی آزادی اور
انقلاب مار چ سے ہی ممکن ہے..؟‘‘ تو اِن افرادکے سوال کا جواب اگلی سطورمیں
تلاش کیاجاسکتاہے۔
بہرحال ...! مُلک کی موجودہ سیاسی و غیریقینی صورتِ حال اور سیاسی بحران پر
قبل اِس کے کہ میں مزید کچھ کہوں، لکھوں یا سمجھانے کی کوشش کروں ، توآپ سب
سے پہلے آزادی اور انقلاب کے بارے میں یہ جان لیجئے کہ دنیاکا اِن سے متعلق
کیا خیال ہے اور وہ کیا کہتے ہیں ..؟کرنل قذافی کا آزادی کے بارے میں یہ
خیال ہے کہ ــــ"اِنسان کی آزادی اُس وقت تک بے کارہے جب تک اِس کی ضروریات
دوسرے کی تحویل میں ہیں ـ"جی ہاں..!یقیناآج جیسے ہماری ضروریات پر ہمارے
حکمرانوں کاقبضہ ہے،اور یہی وجہ ہے کہ ہم آج تک اپنی اُس آزادی سے محروم
ہیں جس کے لئے ہم نے اپنا یہ آزادوطن پاکستان حاصل کیاتھا،اِسی طرح دنیاکے
اہلیان دانش کہتے کہ آزادی کا مطلب بہترصورتِ حال حاصل کرنے کا جذبہ ہے،اور
سارترکا کہناہے کہ" اِنسان آزادرہنے کے لئے پیداہواہیـ"جب کوئی اِنسان کو
اِس کے اِس بنیادی حق سے محروم رکھتاہے تو یہی دیکھاگیاہے کہ ہر زمانے کی
ہر تہذیب کے ہر اِنسان میں جب بھی اپنے اِس حق کے حصول کے لئے بیداری
پیداہوتی ہے تو وہ انقلاب کی شکل اختیارکرلیتی ہے،اور جب بھی آزادی اور
انقلاب کے مخالف آزادی کے حق میں کی گئی تقریروں اور باتوں کے جواب میں
کوئی دلیل نہیں دے سکتے ہیں تو وہ گلے پھاڑ پھاڑ کر چیختے چلاتے ہیں اور جب
اِس سے بھی کوئی کام نہیں چلتاہے توپھر آزادی اور انقلاب کے متلاشیوں پر
گولیاں برساتے ہیں یکدم اِسی طرح کی گولیاں جیسے کہ 30اگست کی رات ریڈزون
کے ڈی چوک سے آگے کی جانب بڑھنے والے نہتے آزادی اور انقلاب مارچ والے
دھرنیوں پراسلام آباد میں موجود مُلک کے طول وارض سے آئی ہوئی پولیس نے
شیلنگ اور اندھادھندفائرنگ سے کئی نہتے پاکستانیوں کو ہلاک اور سیکڑوں کو
زخمی کیا جن میں بچے ، خواتین،بوڑھے اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پرسنزبھی
شامل تھے۔
قارئین حضرات..!وقت و حالات یہ تقاضہ کررہے ہیں کہ راقم الحرف انقلاب سے
متعلق ارسطوکے کہے کو بیان کرکے بتاناچاہتاہے کہ’’انقلاب چھوٹی چھوٹی باتوں
سے متعلق نہیں ہوتے بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے پیداہوتے ہیں‘‘ اور اِسی طرح
آج اگرکوئی افلاطون کے اِس کہے کو مان لے جو اِس نے صدیوں پہلے انقلاب سے
متعلق کہا تھاتو آج وہ یقینا میرے دیس پر پورااُترتاہوادکھائی دے رہاہے اور
اَب اِس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ اطلاطون نے اِنقلاب سے متعلق جوتاریخی
جملے کہے ہیں یہ اپنے اندربڑی اہمیت کے حامل ہیں اِس کا کہناہے کہ "سماجی
تغیرات افرادکی کاوشوں سے رونماہوتے ہیں لہذاہمیں اگرکوئی مردِ دانایا
اِنسانی کامل دستیاب ہوجائے تو معاشرے کی سب خرابیاں دورہوسکتی ہیں‘‘ آج
اگر ہم افلاطون کے اِس کہے کی روشنی میں مُلک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال
میں آزادی اور انقلاب مارچ کے دھرنوں کے حوالوں سے جائزہ لیں تو ہمیں یہ
یقین ہوجاناچاہئے کہ آج ہمیں اپنی سماجی تغیرات کے لئے علامہ طاہرالقادری
اور عمران خان کی شکل میں ایک نہیں بلکہ دومردِ دانااور معاشرے کی سب
خرابیاں دورکرنے کے لئے اِنسانِ کامل مل چکے ہیں بشرطیکہ یہ کسی اور
(میرامطلب ہے کہ اغیارجن میں کینیڈا،امریکا، برطانیہ اور اِنہیں کی طرح
دوسرے ظاہر وباطنی طور پر شامل ہوں اُن )کے ایجنڈے اور اسکرپٹ پر عمل
درآمدنہ کررہے ہوں تو ممکن ہے کہ ہمارے معاشرے میں بھی سماجی تغیراتی عمل
اِن ہی(دونوں ) افرادکی کاوشوں سے رونماہوجائیں اور ہم بھی آزادی اور
انقلاب سے بہرامندہوپائیں،جیساکہ دانا نے کہاہے کہ کسی بھی زمانے کی کسی
بھی تہذیب کے کسی بھی معاشرے میں کسی بھی طرح کاانقلاب شروع میں صرف کسی
ایک شخص کے دماغ کی سوچ ہوتاہے پھر جب وہی سوچ کسی دوسرے شخص کی ذہن میں
پیداہوجاتی ہے تو اِنقلاب کی راہ ہموار ہوجاتی ہے ،اَب یہ کوئی مانے یانہ
مانے مگرآج اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آج میرے مُلکِ پاکستان میں اپنے ہی
لوگوں( مفادپرست حکمرانوں اور سیاستدانوں کے ہاتھوں اپنے غضب شدہ بنیادی
حقوق اوراپنی آزادی کے حصول اور معاشرتی تغیراتی تبدیلیوں کے لئے انقلاب
اور آزادی مارچ کے ساتھ جو لوگ نکلے ہیں اور اسلام آبادکے انتہائی احساس
علاقے ریڈزون میں جو افراددھرنے دے کربیٹھے ہوئے ہیں آج یقینی طورپر
دھرنیوں نے اپنے کاررواں میں مُلک کے 19کروڑ عوام کو بھی ذہنی طورپر شامل
کرلیاہے اوراَب اِس کے سب منتظرہیں کہ اَب کب ہمارے مُلک میں بھی معاشرتی
تغیرات کے بعد حقیقی معنوں میں انقلاب اور آزادی کی کرنیں نمودارہوں گیں
اور کب ہم بھی اپنے حکمرانوں کی مفادپرستانہ جمہوریت کی قیدسے آزاد ہوکر
حقیقی جمہوریت کے ثمرات سے فیضیاب ہوں گے اور کب ہم اپنے حکمرانوں اور
سیاستدانوں کی نام نہاد جمہوریت کی آڑ لے کر اقتدار پر زبردستی قابض ہونے
والی خاندانی بادشاہت سے جان چھڑاکر مُلک میں صاف و شفاف حکمرانی اور
اقتدار کا منہ دیکھیں گے...؟ |
|