لونگ کا استعمال کئی بیماریوں سے نجات دلاتا ہے

لونگ ایک خشک ان کھلا پھول یعنی کلی ہوتی ہے جسے ایک خوبصورت درمیانے قد کے سدابہار درخت سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ درخت قد میں سیدھے تنے کے ساتھ دس سے بارہ میٹر بلند ہوتا ہے۔ اس کے پتے لمبے ، نو کیلے اور خوشبودار ہوتے ہیں۔ درخت پرنوبرس کی عمر میں پھول آتے ہیں۔ لونگ کا پھول آدھا انچ کے قریب لمبا اور خوشبودار ہوتا ہے۔ لونگ چین اور برصغیر میں دوہزار سال سے زیر استعمال ہے۔ یہ گرم مصالحوں میں شامل کئے جانے سے لے کر دانتوں کے امراض تک میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سانس کی بودور کرنے کے لئے بھی لوگ اسے چباتے ہیں۔ ایران اور چین میں اسے قوت باہ کا محرک قرار دیا جاتا ہے۔ لونگ کا درخت ملوکہ زنجبار کے علاقے سے تعلق رکھتا ہے۔ چینیوں نے تیسری صدی قبل مسیح میں اس مصالحے کا استعمال شروع کیا تھا۔ الیگزینڈ ریا میں لونگ کو دوسری صدی عیسوی میں در آمد کیا گیا۔ چوتھی صدی میں یہ پورے بحرِروم کے علاقے میں متعارف ہو چکا تھا۔ آٹھویں صدی تک سارے یورپ میں اسے استعمال کیا جانے لگا۔ آج کل زنجبار لونگ پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ کیمیائی تجزیئے کے مطابق لونگ میں کاربوہائیڈریٹس ، رطوبت، پروٹین، اڑجانے والا تیل ، ایتھر کا جوہر ( چکنائی) خام ریشہ اور معدنی مادے ہوتے ہیں۔ ہائیڈروکلورک ریبوفلاوین۔ نایا سین ، وٹامین سی اور اے بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کی غذائی صلاحیت ایک سوگرام میں 430کیلوریز ہیں۔ فوائد اور استعمال:لونگ میں بہت سی طبی خوبیاں ہیں۔ یہ محرک ہوتا ہے۔ تشنج اور اینٹھن کے دوروں کو کم کرتا ہے۔ معدے سے ریاح کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ آیورویدک طریقہ علاج میںلونگ کو دوا کے طور پر کئی صورتوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ جن میں جو شاندہ اور سفوف دونوں شامل ہیں۔ لونگ میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو خون کی گردش کو مستحکم کرتے ہیں اور جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھتے ہیں۔ لونگ کا تیل بیرونی مالش کے ذریعہ جلد کو نئی زندگی دیتا ہے۔ اس کی مالش سے حدت اور سرخی پیداہو تی ہے۔ یہ مقوی معدہ ، دافع تشنج محرک جگر اور گردہ ہوتا ہے۔ قبض کشا اور جلاب آور ادویات میں اسے ملا کر استعمال کرنے سے دیگر جلاب آور ادویات کی طرح پیٹ درد نہیں ہوتا۔ لونگ سے نکلنے والا تیل بھی لونگ جیسے اوصاف رکھتا ہے۔ تین سے پانچ بوند تک کھانے سے پیٹ درد ، اپھارہ، بد ہضمی اور قے وغیرہ کو دور کرتا ہے۔ نظام ہضم کی خرابیاں:لونگ انزائمز کا بہاؤ تیز کرتا ہے۔ چنانچہ نظام ہضم بہتر ہو جاتا ہے اسے معدے کی متعدد تکالیف اور بدہضمی میں بے تکلفی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ خشک لونگ کا سفوف شہد کے ساتھ ملا کر چاٹنے سے قے اور متلی رک جاتی ہے۔ لونگ کا بے حس کرنے کا عمل غذا کی نالی اور معدے کو سن کر دیتا ہے۔ چنانچہ قے رک جاتی ہے۔ ہیضہ:لونگ کا استعمال ہیضہ کے تدراک میں بہت کامیاب ہے۔ چار گرام لونگ اگر تین لیٹر پانی میں اس وقت تک ابالے جائیں کہ آدھا پانی اڑجائے تو بقیہ پانی کو گھونٹ پیا جائے تو ہیضہ کی شدید علامتیں ختم ہو جاتی ہیں۔ کھانسی:لونگ کا ایک دانہ خوردنی نمک ( چٹکی بھر) ساتھ چبایا جائے تو بلغم کے اخراج میں آسانی ہو جاتی ہے۔ گلے کی خراش کم ہو جاتی ہے۔ اور کھانسی رک جاتی ہے۔ حلق کی سوزش بھی اس سے ختم ہو جاتی ہے۔ حلق کی سوزش اور بلغم کے اجتماعی سے پیدا ہونے والی کھانسی کے علاج کے لئے جلا ہوا لونگ چبانا بھی اکسیر ہے۔ لونگ کے تیل کے تین سے پانچ قطرے شہد اور لہسن کی ایک تری کے ساتھ کھانا اینٹھن والی کھانسی کی اذیت سے نجات دلاتا ہے۔ یہ کھانسی تپ دق دمہ اور پرونکائٹس میں ہوتی ہے۔ یہ دوا روزانہ ایک بار رات کو بستر پر جانے سے پہلے استعمال کرنا چاہئے۔ دمہ:لونگ دمہ کا بھی موثر علاج ہے۔ 6عدد لونگ 30ملی لیٹر پانی میں ڈال کر ابالنے سے جوشاندہ تیار ہو جائے گا۔ اس میں ایک چمچہ شہد ڈال کر چائے کا ایک چمچہ جوشاندہ روزانہ تین بار پینے سے بلغم کا اخراج تیز ہو جاتا ہے۔ اور دمہ سے افاقہ ہوتا ہے۔ دانتوں کی بیماریاں:دانت درد میں لونگ کا استعمال درد کا فور کردیتا ہے۔ اس کے جراثیم کش اجزا ء دانتوں کی انفیکشن بھی ختم کرد یتے ہیں۔ متاثرہ دانت کے خلا میں لونگ کا تیل لگانے سے درد ختم ہو جاتا ہے لونگ چوسنے سے بھی گلے کے امراض میں افاقہ ہوتا ہے۔ کان کا درد:ایک لونگ کا دانہ تلوں کے تیل میں (ایک چائے کا چمچہ ) گرم کر کے تین سے پانچ قطرے کان میں ڈالنے سے کان کا درد ختم ہو جاتا ہے۔ سر درد:نمک دودھ اور پسے ہوئے لونگ کا لیپ پیشانی پر لگانے سے سردرد کا خاتمہ ایک پرانا گھریلو ٹوٹکا ہے ،نمک رطوبت کشید کر کے تناؤ کم کرتا ہے۔ ٭٭٭
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Abdul Rehman
About the Author: Abdul Rehman Read More Articles by Abdul Rehman: 216 Articles with 274574 views I like to focus my energy on collecting experiences as opposed to 'things

The friend in my adversity I shall always cherish most. I can better trus
.. View More