پانی کے بہائو کا پیمانہ

ملک میں حالیہ سیلابوں سے ہونے والی تباہی اپنی جگہ ایک انتہائی افسوسناک امر ہے اور اس پر جتنے بھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے، لیکن سیلاب کے بارے میں ذرائع ابلاغ پر دی جانے والی خبروں میں بتائے گئے اعدادوشمار سے ایک عام آدمی کو صحیح طور پر اس کی شدت اور ہیبت کا اندازہ نہیں ہوپاتا۔ اکثر خبروں میں بتایا جاتا ہے کہ اتنے لاکھ کیوسک کا ریلہ فلاں جگہ سے گزرے گا۔ کیوسک کیا ہے ؟اور کتنے لاکھ کیوسک کا مطلب کتنا پانی ہے؟ اس کے بارے میں بیشتر لوگوں کو اندازہ نہیں ہے۔ بہت سے لوگوں کے کیوسک کے بارے میں استفسار کی شاید یہی وجہ ہے۔جس طرح وزن کیلئے کلوگرام، فاصلے کیلئے کلومیٹر اور رقبہ کیلئے مرلہ وغیرہ کے پیمانے استعمال کئے جاتے ہیں اسی طرح مائع چیزوں کے بہائو اور خاص طور پر سیلابی ریلوں کی پیمائش کیلئے جو پیمانہ استعمال کیا جاتا ہے اسے ’’کیوسک‘‘ کہتے ہیں۔ کیوسک (Cusec) دراصل مکعب فٹ فی سیکنڈ یعنی cubic foot per second کا مخفف ہے اور یہ عام طور پر دریائوں اور نہروں وغیرہ سے گزرنے والے پانی کی مقدار کیلئے پیمانے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک مکعب یا کیوبک فٹ میں تقریباً 28.32 لیٹر پانی آتا ہے۔ لہٰذا جب یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں جگہ سے 5 لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں سے ایک سیکنڈ میں ایک کروڑ 41 لاکھ 58 ہزار 423 لیٹر پانی گزرے گا، اور اگر بہائو کا یہی تناسب برقرار رہے تو وہاں سے ایک گھنٹے میں گزرنے والے پانی کی مقدار 50 ارب 97 کروڑ، 3 لاکھ 24 ہزار 600 لیٹر ہوگی۔ پانی کی یہ مقدار 13 ارب 46 کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار 202 گیلن کے برابر ہے۔ واسا لاہور کی ویب سائٹ پر دئیے گئے اعدادوشمار کے مطابق واسا اپنے 316 ٹیوب ویلوں اور 3 انچ سے 20 انچ ڈایاگرام تک کی 3 ہزار 2 سو کلومیٹر طویل پائپ لائنوں کے ذریعے فی کس 80 گیلن یومیہ کے حساب سے اپنے 41 لاکھ 10 ہزار صارفین کیلئے روزانہ 32 کروڑ 90 لاکھ گیلن پانی فراہم کرتی ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو 5 لاکھ کیوسک کے ایک گھنٹہ تک بہائو میں پانی کی جو مقدار ہوگی وہ واسا لاہور کے شہریوں کی پانی کی تقریباً 41 دن کی تمام تر ضروریات کیلئے کافی ہوگی
Abdul Rehman
About the Author: Abdul Rehman Read More Articles by Abdul Rehman: 216 Articles with 274896 views I like to focus my energy on collecting experiences as opposed to 'things

The friend in my adversity I shall always cherish most. I can better trus
.. View More