کیا صحابہ نے میلاد منایا ؟

میلاد منانے کا انداز اپنا اپنا ۔۔۔
ایک طبقہ ایسا ہے جو کہتا ہے حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی قسمت اچھی تھی کہ انھیں عمر فاروق جیسا ساتھی ملا ۔ دوسرا طبقہ کہتا ہے کہ آقا کے مقدر اچھے کہ امام حسن و حسین جیسے نواسے ملے - دونوں طبقے غلط ہیں - ہم کہتے ہیں عمر ابن الخطاب کی قسمت اچھی جو محمد عربی علیہ السلام جیسے آقا ملے اسی طرح حسنین کریمین کے بخت اچھے جو آقا جیسے نانا ملے ۔ ہم نے جسے بھی مانا حضور علیہ السلام کی وجہ سے مانا ۔
انھیں مانا انھیں جانا نہ رکھا غیر سے کام
للله الحمد میں دنیا سے مسلمان گیا ۔

میلاد النبی علیہ السلام کے حوالے سے بندہ ناچیز نے کچھ مضامین لکھے جنھیں پڑھ کر بہت سے احباب نے مجھے سوالات بھیجے اور ہر کسی نے اصرار کیا کہ اسکے سوال کا ضرور جواب دیا جائے - ہر کسی کے سوال کا الگ الگ مفصل جواب دینا میرے لئیے اکثر ممکن نہیں ہوتا ۔ کیونکہ پھر یہی احباب کہتے ہیں کہ میں لمبے لمبے مضامین لکھتا ہوں جنھیں پڑھنا انکے لئیے دشوار ہوتا ہے حالانکہ طویل مضامین اسی لئیے لکھتا ہوں تاکہ مسئلہ وضاحت سے بیان ہو جسے عام آدمی سمجھ سکے اور کم از کم سوالات اٹھانے کی نوبت آئے مگر احباب توجہ سے پڑھتے ہی نہیں اور وہ سوالات ہی بھیجتے ہیں جنکے جوابات انھی مضامین میں بندہ ناچیز دے چکا ہوں ۔ لیکن پھر بھی موصول ہونے والے سوالات کو چھانٹ کر اسکا خلاصہ بیان کرکے پھر جواب عرض کرتا ہوں -

سوال :- کیا میلاد منانا قرآن و سنت سے ثابت ہے ؟ ٹھیک اسی طریقے پر جیسے آپ مناتے ہیں ۔ کیا نبی اکرم علیہ السلام نے میلاد منایا ؟ کیا صحابہ نے ٹھیک اسطرح میلاد منایا جسطرح آپ لوگ آجکل مناتے ہیں ۔ ؟
جواب :- آقا علیہ السلام ہر پیر کو روزہ رکھتے تھے وجہ پوچھی تو آپ نے فرمایا میں اس دن پیدا ہوا تھا ۔ آپکا ولادت کی خوشی منانے کا اپنا انداز تھا ۔ رہی بات صحابہ کی تو خدا کی قسم جسطرح صحابہ نے میلاد منایا ہم اسطرح منانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ آٹھ تلواریں لیکر بدر میں چل پڑے ایک ہزار کے لشکر کی صفیں الٹ کر اعلان کیا کہ حضور آگئے ہم ذلیل تھے آقا نے آکر معزز کردیا ۔ الله نے آقا کی صورت میں ہم پر احسان عظیم کیا اور میلاد کسے کہتے ہو ؟ گھوڑوں کی پشتوں پر بیٹھ کر قیصر و کسری کی چوکھٹوں پر پہنچ کر اعلان کیا حضور آگئے اب سکہ انھی کا چلے گا - ابو عبیدہ بن جراح باپ کا سر کاٹ کر لائے آقا کے قدموں میں ڈال دیا آپ نے پوچھا ابو عبیدہ یہ کس کا سر کاٹ کر لائے ہو ، جواب دیا آقا اپنے باپ کا سر لایا ہوں آپکو بھونکتا تھا - لوگ کہتے ہیں کیا صحابہ نے جھنڈیاں اور فانوس لگائے - ؟ جو باپ کا سر کاٹنے سے دریغ نہ کرتے تھے انھوں نے دس روپے کی جھنڈیاں نہیں لگانی تھیں اور فانوس گھر میں چھپائے رکھنے تھے ، عقل کے اندھو اسوقت نہ کاغذ تھا نہ فانوس - عقل ہوتی تو نہ لیتے خدا سے لڑائی ۔ سرکار اونٹ پر سوار تھے صحابی رسول عبدالله بن رواح نے اونٹ کی مہار پکڑی تھی ۔ فتح مکہ کے دن مہار تھامے عبدالله بن رواح جب حرم میں داخل ہوئے تو آپ بلند آواز سے کہہ رہے تھے ہٹ جاؤ کافرو حضور آگئے ہیں یہ انکا انداز تھا آمد مصطفی کا اعلان کرنے کا ۔ مدینے کی ننھی بچیوں نے طلع البدر علینا پڑھکر آمد رسول کا جشن منایا -

حضرت حذیفہ بن یمان صحابی کو ایک تابعی ملے تابعی نے پوچھا بابا جی آپ نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو پایا آپ نے انکے لئیے کیا کیا ؟ صحابی نے فرمایا بیٹا ہم نے سب کچھ ہی ان پر لٹا دیا کچھ نہیں بچایا ۔ تابعی نے کہا بزرگو اگر والله ہم حضور کا زمانہ پاتے تو ہم نے آقا کو زمین پر نہیں چلنے دینا تھا انکو ہمیشہ اپنی گردنوں پر اٹھائے رکھتے ۔ صحابی نے یہ نہیں کہا کہ تم ہم سے بڑے عاشق ہو بلکہ فرمایا بیٹا آج تم نے مجھے تڑپا کر رکھ دیا ہے ۔ صحابہ کا انداز اپنا تابعی کا انداز اپنا ۔ امام مالک نے ساری زندگی مدینہ منورہ میں جوتا نہیں پہنا ۔ اب چودہ صدیوں میں کسی کو جرات نہ ہوئی کہ امام مالک سے پوچھے کہ جناب صحابہ تو مدینے میں جوتے پہن کر پھرتے تھے آپ بغیر جوتوں کے ، کیا آپ صحابہ سے بڑے عاشق رسول ہیں ۔ ؟ کسی نے امام مالک پر آجتک فتوی نہیں لگایا کیونکہ اہل دل جانتے ہیں محبت کا انداز اپنا اپنا ۔ دلو رآم کوثری کا ایک شعر یاد آرہا ہے
ہم مرد ہیں اور عشق ہے مردانہ ہمارا
سرکار دو عالم سے ہے یارانہ ہمارا

جنگ یمامہ میں چودہ سو صحابہ نے جانوں کا نذرانہ دیکر فرمایا خبر دارحضور آگئے اب کسی اور نبی کی گنجائش ہی نہیں ۔ جنگ یمامہ ہی میں وحشی بن حرب نے نیزا مار کار مسیلمہ کذاب کو مار کر اعلان کیا حضور آگئے اب کسی جھوٹے کمینے کی گنجائش ہی نہیں ۔ صحابہ آمد مصطفی صلی الله علیہ وسلم کا اعلان کرتے کرتے افغانستان تک آگئے ۔ آگئے آقا اب سکہ محمد عربی ہی کا چلے گا ۔ جسطرح آمد مصطفی کا جشن صحابہ نے منایا ہم اسطرح نہیں مناسکتے ہاں جھنڈیاں فانوس لگاکر چراغاں کرکے درود وسلام پڑھکر اپنی خوشی کا اظہار کرلیتے ہیں ۔ اب صحابہ نے چائے نہیں پی تھی اسکو بنیاد بنا کر اب اگر میں فتوی لگا دوں کہ چائے پینا حرام ہے لوگ مجھے پاگل کہیں گے اور مجھے قائل کریں گئے کہ چاہے صحابہ نے چائے نہیں پی مگر یہ حلال ہے کیونکہ چائے کے تمام اجزا دودھ پانی پتی چینی سب حلال ہے ۔ ان سب کو مکس کیا آگ پر چڑھایا نئی شکل بن گئی جسے چائے کہتے ہیں اب چاہے یہ شکل صحابہ کے دور سے ثابت نہیں مگر پھر بھی حلال بھی اور جائز بھی ہے ۔ اسی طرح ذکر مصطفی جائز ، نعت جائز ، تلاوت جائز ، شرعی حدود میں آرائش سجاوٹ جائز ، درود سلام جائز ۔ ان سب عوامل کو یکجاکیا خوشی منانے کی نئی صورت بن گئی دور جدید کے مطابق تو یہ ناجائز کیسے ، ہاں ڈھول باجا ناچ گانے اور غیر شرعی افعال کی آمیزش نہیں ہونی چاہئیے - ایک مولوی جی کو میں نے چائے والی مثال دی کہنے لگے چائے پینا دین نہیں میں نے عرض کیا جب چائے پیتے ہو اسوقت بے دین ہوتے ہو ؟ تمھیں کس نے کہا کھانا پینا دین نہیں ہمارا دین کوئی رہبانیت ہے جو کھانا پینا چھوڑ کر جنگلوں میں چلے جائیں ۔ خیر چھوڑو حج کرنا تو دین ہے صحابہ نے پیدل کیا یا اونٹ پر تم ہوائی جہاز پر کیوں کرتے ہو ۔ فرمانے لگے اسوقت اونٹ سواری تھا آج جہاز ۔ میں نے عرض کیا ملاں جی یہی نقطہ سمجھنے کا ہے کہ ہر دور کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں صحابہ کے خوشی منانے کا اپنا انداز تھا ہمارا اپنا انداز ہے ، مومن جس دور میں جیتا ہے اسکے ساتھ ہم آہنگ ہوتا ہے ۔ منکرین سے آخر میں سوال
کیا صحابہ نے غائبانہ نماز جنازہ کسی کی کبھی پڑھی ؟ کیا صحابہ نے ختم بخاری کیا ؟ کیا صحابہ نے دفاع پاکستان ریلی نکالی ؟ کیا صحابہ قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوئے ؟ ڈیزل اور ساجد میر وہابی بھی ترآنے کے احترام میں کھڑے ہوتے ہیں حلالی بنو لگاؤ فتوی - ظالمو تمھارے سارے فتوے میلاد کے لئیے ہیں۔ ؟ صحابہ نے یوم صدیق اکبر منایا ؟ صحابہ نے یوم فاروق اعظم پر جلوس نکالے ؟ اپنی بدعت کی تعریف درست کرلو ورنہ وہ تمام کام ترک کردو جو ادوار صحابہ سے ثابت نہیں ۔ منہ اٹھا کر کہہ دیتے ہیں کیا صحابہ نے میلاد منایا ؟ تمھارا صحابہ سے تعلق کیا ہے ؟ جب تمھیں تمھارے عقیدے کے خلاف کسی صحابی کا قول سنائیں تو جھٹ کہتے ہو صحابہ ہمارے لئیے حجت نہیں ۔ یہ دورنگی اور منافقت چھوڑو ۔

Usman Ahsan
About the Author: Usman Ahsan Read More Articles by Usman Ahsan: 140 Articles with 187727 views System analyst, writer. .. View More