ہزارہ کے داماد کو شادی مبارک

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اینکر ریحام خان سے خفیہ شادی آج کل ہر زبان زدعام ہے۔ بی بی سی پر موسم کا حال سنانے والی سابق نیوز کاسٹر اور عمران خان کی مبینہ بیگم ریحام خان ہزارے وال نکلی۔ 1973ء میں لیبیا میں پیدا ہونے والی ریحام خان کے والد ڈاکٹر نیئر کا تعلق ضلع مانسہرہ کے قصبہ بفہ سے بتایا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے منظرعام پر آنے والے نکاح نامہ کے مطابق 23جولائی 1992ء کو ریحام خان کا پہلا نکاح ایبٹ آباد میں بنگلہ نمبر 636پراعجاز الرحمان ولد فضل الرحمن سے ہوا۔ جس کے گواہان میں غلام جیلانی سکنہ چٹی گٹی مانسہرہ اور مفتی محمد ادریس سکنہ مفتی آباد تھے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی بہو کا تعلق بھی اسی مانسہرہ سے ہے۔اگست 2014کے آخری عشرے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھرنا مظاہرین سے خطاب کے دوران نیا پاکستان بنانے کا راز بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میں چاہتا ہوں نیا پاکستان جلد بن جائے تاکہ شادی کر لوں۔ بہت سے لوگ ابھی تک فکرمند اور پریشان ہیں کہ نہ جانے نیا پاکستان کب بنے گا البتہ عمران خان کی طرف سے شادی کی خواہش کے اظہار کے ساتھ ہی اُن سے شادی کے خواہشمند کئی نام بھی سامنے آئے اور نہ جانے کتنوں سے اُن کا نام بھی جوڑا گیا۔بہتوں نے تو خان صاحب کو خود سے بھی شادی کی پیشکش کر ڈالی، جن میں ایک اداکارہ ’’میرا‘‘ بھی شامل ہیں۔ دھرنے کے ہنگامی اختتام کے بعد مسلسل چار ماہ تک خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کی زینت بننے والے عمران خان نے کچھ عرصہ کیلئے میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ بھی کیا، اس دوران انہوں نے کسی ٹاک شو میں شرکت کی اور نہ ہی کوئی انٹرویو دیا۔ اس حوالے سے باقاعدہ ایک خبر بھی میڈیا کو جاری کی گئی کہ عمران خان نے طویل مصروفیت کے بعد اب کچھ عرصہ کیلئے آرام کی ٹھان لی ہے، جس سے مزید شکوک و شبہات نے جنم لیا اور پھر یکدم ہی عمران خان کی خفیہ شادی کی خبریں زبان زدعام ہو گئیں۔ سب سے پہلے برطانوی خبر رساں اخبار ڈیلی میل پر یہ شہہ سرخی لگی کہ عمران خان نے برطانیہ پلٹ صحافی اور بی بی سی پر موسم کا حال سنانے والی سابقہ نیوز کاسٹر ریحام خان سے خفیہ شادی رچالی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ نے جب عمران خان سے شادی کی تصدیق کرنا چاہی تو انہوں نے نہ ہی کھل کر اقرار کیا اور نہ ہی انکار کیا، بلکہ صرف یہ کہا کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔اس شبہ کو مزید تقویت دی ایک مؤقر انگریزی ا خبار کی خبر سے پہنچتی ہے جس کے ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ ریحام خان خاصی بے چین تھی کہ خان صاحب اس خبر کو کیوں چھپا رہے ہیں، مگر کہانی میں ٹوئسٹ اس وقت آیا جب چیئرمین تحریک انصاف اچانک برطانیہ چلے گئے اور دو دن بعد ہی لندن سے واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کوئی جرم نہیں، ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے ہفتے اس بارے میں خوشخبری سنائیں گے۔ عمران خان نے 1995ء میں جمائما خان سے شادی کی تھی جو 9 سال تک کامیابی سے چلتی رہی اور سن 2014ء میں دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ سیاست میں قدم رکھنے کے بعد پاکستان میں جتنے سکینڈلز عمران خان کے بارے میں شائع ہوئے یا ان پر بحث و مباحثہ کیا گیا، کسی اور کے حصے میں نہیں آئے۔ اس کے باوجود خان صاحب پاکستان میں تمام سیاستدانوں سے مقبولیت کے لحاظ سے آگے ہیں۔سب سے پہلے سیتا وائیٹ اسکینڈل کو اچھالاگیا، پھر 2013ء کے انتخابات سے قبل میانوالی میں ان کی انتخابی مہم کی انچارج اور نواب آف کالاباغ کی پوتی عائلہ ملک سے خفیہ شادی کے چرچے بھی عام رہے۔ ’’میرا‘‘ ہمیشہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ ہیں، خان صاحب کی طرف سے شادی کی خواہش کے اظہار کے فوری بعد انہوں نے یہ خبر دے کر ایک مرتبہ پھر تمام میڈیا کو چونکا دیا تھا کہ وہ بھی تحریک انصاف کی خاتون اؤل بننے کی خواہشمند ہیں، لیکن اب ریحام خان نے جہاں ’’میرا‘‘ کے ارمانوں کا خون کر دیا ہے، وہیں عائلہ ملک بھی اُداس ہیں۔ ہزارہ کے داماد کی طرف سے مبینہ شادی بارے مبہم تردید اور وضاحتیں کپتان اور ٹی وی اینکر ریحام کی شادی کی اطلاعات کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔ شادی کے حوالے سے خبروں اور قوم کو جلد خوشخبری دینے کے عمران خان کے بیان پر منگل کو ٹویٹر پر عائلہ ملک نے دلچسپ تبصرے کئے۔ عمران خان کی بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے بعد عائلہ ملک نے کئی ٹویٹ کرکے اپنا ردعمل دیا، ایک ٹویٹ میں عائلہ ملک نے کہا کہ ’’آج میں خود کو اُداس محسوس کر رہی ہوں‘‘، دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ ’’سنا ہے کہ خان صاحب کو جہیز میں ایک عدد بلاول ٹائپ بھی مل رہا ہے‘‘، ایک اور ٹویٹ میں عمران خان کے بارے میں یہ تبصرہ کیا کہ ’’انسان بڑا سخت جان ہے، جس بات کا تصور برداشت نہیں کر سکتا جب وہ حقیقت بن کر ٹوٹ پڑتی ہے تو چپ چاپ برداشت کر لیتا ہے۔ اپنی ایک اور ٹویٹ میں عائلہ ملک نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’خان صاحب شادی کے بعد اب یہ نہ کہہ دینا کہ اگلے ہفتے خوشخبری سناؤں گا، لوگ خوشخبری کا بہت غلط مطلب لیتے ہیں‘‘۔ ایک مختصر ٹویٹ میں یہ بھی استفسار کیا کہ آخر یہ شادی ہے کب؟ عمران خان کی دوسری شادی پر جہاں مختلف طبقہ فکر کی جانب سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں تو کئی لوگ باضابطہ طور پر اعلان کے منتظر ہیں۔ سابق وزیر داخلہ عبدالرحمان ملک دولہا اور دلہن کو کھانے پر بُلانے کو تیار بیٹھے ہیں۔ ’’دولہا‘‘ کے دیرینہ دوست اور موجودہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی مبارکباد دینے کیلئے بے چین ہیں اور شرط یہ رکھ دی ہے کہ خان صاحب پہلے شادی کا باقاعدہ اعلان تو کریں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کپتان کی طرف سے اگلے ہفتے خوشخبری سنانے کا اعلان حقیقت میں ریحام خان سے شادی کی خوشخبری ہے یا پھر اُن کا اشارہ کسی اور خوشخبری کی طرف ہے، تاہم یہ سطور لکھے جانے تک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کپتان خان کی شادی کی تاریخ طے ہو چکی ہے اور تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں ، جبکہ اس سلسلے میں اسلام آباد کے ایک بڑے ہوٹل میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد بھی ہو گا۔
 
Najeem Shah
About the Author: Najeem Shah Read More Articles by Najeem Shah: 163 Articles with 192702 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.