نظریہ پاکستان کا احیاء کیوں ضروری ہے؟

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

23مارچ 1940ء کا دن قیام پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وہ دن تھا کہ جب مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قرارداد پاکستان کے ذریعہ انگریزوں اور ہندوؤں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے ایک الگ خطہ کا مطالبہ کیا۔ اس قرارداد کی منظوری نے مسلمانان ہند کی منزل متعین کی۔ مسلمانان برصغیر جوق در جوق جمع ہونے لگے’ مسلم اتحاد کو فروغ ملا اور ایک علیحدہ اسلامی ریاست کامطالبہ زور پکڑتا گیا جس کے نتیجہ میں لاالہ الااﷲ کی بنیاد پر ایک زبردست تحریک بپا ہوئی اور لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے محض سات برس کے مختصر عرصہ میں الگ ملک پاکستان حاصل کر لیا۔مسلمانوں کی یہ قرارداد ‘ درحقیقت حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا نہایت حسین خواب تھا جسے انہوں نے 1930ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے سیشن الہ آباد کے مقام پر ان الفاظ میں پیش کیا تھا کہ ’’میری آرزو ہے کہ پنجاب، سندھ، سرحد اور بلوچستان کو ملاکر ایک اسلامی ریاست قائم کر دی جائے جس میں اسلام اپنی تعلیم اور ثقافت کو پھر سے زندگی اور حرکت عطا کر سکے گا۔قائد اعظم، علامہ اقبال اور دیگر قائدین کی کوششوں سے پاکستان تو بن گیا مگر ابتداء سے ہی کانگریس اور ماؤنٹ بیٹن کے گٹھ جوڑ نے مسلمانوں کیلئے مشکلات پیدا کرنا شروع کر دیں۔یہ سب رکاوٹیں پیدا کرنے کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان چونکہ ایک نئی ریاست ہے اس لئے اسے اتنا کمزور کر دیا جائے کہ وہ اپنی علیحدہ حیثیت قائم نہ رکھ سکے اور خدانخواستہ دوبارہ ہندوستان میں ضم ہو جائے۔3جون 1947ء کے منصوبہ کے تحت صوبہ پنجاب اور صوبہ بنگال کے مسلم اکثریتی علاقوں کو پاکستان میں شامل ہونا تھا لیکن انگریز ماہر قانون ریڈکلف نے کانگریس کے دباؤ پر بددیانتی کرتے ہوئے ضلع گورداسپور کی مسلم اکثریت والی تحصیلیں گورداسپور اور پٹھانکوٹ’ ضلع فیروزپور کی تحصیل زہرہ اور فیروز پوراسی طرح حیدر آباد، جوناگڑھ اور مناوادرجیسے مسلم اکثریتی علاقوں اور پھر مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کر دی گئیں۔ سرکاری عہدوں پر فائز ہندو اپنا سازوسامان لیکر بھارت چلے گئے۔ مہاجرین کی آباد کاری کے مسائل کھڑے اور اثاثوں کی تقسیم میں بددیانتی کا ارتکاب کیا گیا۔دریائے راوی کا مادھو پور ہیڈ ورکس اور دریائے ستلج کا فیروز پور ہیڈورکس بھارت کے حوالے کر دیے گئے۔ اگرچہ پاکستان کے احتجاج پر بعدا زاں 1960ء میں سندھ طاس معاہدہ طے پایا تاہم یہ مسئلہ آج بھی حل طلب ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیرمیں پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم بنا کر پاکستان کو صومالیہ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔قیام پاکستان کے بعد سے ہی بھارت سمیت بعض دیگر قوتیں لاالہ الااﷲ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک کو دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط قوت بن کر ابھرنے سے روکنے کیلئے سازشوں کے جال بچھاتی رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اگر ماضی میں اسے فوجیں داخل کر کے دولخت کیا گیا، جنگیں مسلط کی گئیں اور سیاچن و سرکریک جیسے مسائل پیدا کئے گئے توآ ج بھی بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ اورپنجاب کے شہر و علاقے تخریب کاری و دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں اور آزاد کشمیرو گلگت بلتستان میں بھی مداخلت کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا جاتا۔وطن عزیز پاکستان کا چاروں اطراف سے گھیراؤ کر کے اسے بند گلی میں دھکیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اب یہ بات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ ملک میں جاری خودکش حملوں، بم دھماکوں، پاکستانی افواج کے اثاثہ جات کو نشانہ بنانے اور علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھانے کی سازشوں میں کونسا ملک اور اس کے خفیہ ادارے ملوث ہیں؟ پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں میں یہ بات کھل کر واضح ہو چکی ہیں کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را’’کس طرح نہتے پاکستانیوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے؟افغانستان میں قائم ٹریننگ سنٹرز میں دہشت گردوں کو عسکریت تربیت دیکر ملک کے مختلف حصوں اور علاقوں میں داخل کیاجارہا ہے؟آئے دن ہمیں اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانا پڑ رہی ہیں جس سے ہر پاکستانی کا دل خون کے آنسو رورہا ہے’اور پھر یہیں پر بس نہیں ہے پاکستان کی شہ رگ کشمیر پر قبضہ کرنے والا بھارت مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی دریاؤں پر جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کر کے پاکستان کوبغیر جنگ لڑے فتح کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے تو دوسری طرف ملک کی نظریاتی سرحدیں پامال کرنے کیلئے تمامتر ذرائع اور وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔نوجوان نسل کے اذہان و قلوب سے نظریہ پاکستان کو کھرچنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ہم یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ ہمسائے تبدیل نہیں کئے جا سکتے۔ ہم بھارت سے مذاکرات کے بھی مخالف نہیں ہیں اور نہ ہی اسلام نے غیر مسلموں کے ساتھ تجارت سے منع کیا ہے‘البتہ یہ بات ضرور مدنظر رکھنی چاہیے کہ بھارت سے دوستی وتجارت اور معاہدے کرتے وقت جموں کشمیر و پاکستان میں جاری بھارتی دہشت گردی اوراس کے بھیانک کردار کو ضرور مدنظر رکھا جائے اور مظلوم کشمیری جن کی نگاہیں ہر طرف پاکستان کی جانب لگی رہتی ہیں ان کے اعتماد کو کسی صورت مجروح نہ ہونے دیا جائے۔وطن عزیز پاکستان کو درپیش اندرونی وبیرونی سازشوں کے مقابلہ کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اور نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کرنے کیلئے ملک گیر سطح پر احیائے نظریہ پاکستان مہم چلانے کی ضرورت ہے۔جماعۃالدعوۃ کی جانب سے پورے ملک میں احیائے نظریہ پاکستان کانفرنسوں کے انعقاد اور اس میں تمام سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کی قیادت اور ہر طبقہ فکروشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو شریک کرنے سے ملک وملت میں ان شاء اﷲ اتحادواتفاق کی فضا پیدا ہوگی۔ فرقہ واریت ختم اور اہل پاکستان میں وہی جذبے پیدا ہوں گے جو قیام پاکستان کے موقع پر ہر مسلمان کے دل میں تھے۔ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا لیکن آج منظم منصوبہ بندی کے تحت اس نظریہ کو نوجوان نسل کے ذہنوں سے نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے جانے والے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں اور نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کیاجائے تاکہ وہ اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔ تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں، وکلاء، طلباء، تاجروں و صنعتکاروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کوملک گیر سطح پر جاری احیائے نظریہ پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے‘یہ وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ جب پاکستان بنا تھا تو پوری قوم پاکستان کا مطلب کیا’ لاالہ الااﷲ کے نعرہ پر متحد ہو ئی جس سے فرقہ واریت ختم ہو گئی اور کمزور پاکستان ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔اس وقت بھی جب وطن عزیز پاکستان سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ لوگوں میں شدید مایوسی و بے چینی پائی جاتی ہے اور مسائل کا کوئی حل نظر نہیں آرہا۔انہیں یہ بات سمجھانے کی ضرورت ہے کہ جب تک ہم پاکستان کے اسی بنیادی نظریہ پر ایک بار پھر سے عمل پیرا نہیں ہوں گے ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔

Habib Ullah Salfi
About the Author: Habib Ullah Salfi Read More Articles by Habib Ullah Salfi: 194 Articles with 146238 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.