کراچی کے عوامی کتب خانے: ایک لائبریری گائیڈ
(Dr.Nasreen Shagufta, Karachi)
زیر نظر کتاب کے مصنف محمد یوسف نعیم ایک
سیکنڈری اسکول میں عربی کےاستاد ہیں۔کتاب اور کتب خانوں سے محبت کرتے ہیں۔
ایک عام قاری کی لائبریری تک رسائی چاہتے ہیں۔ انکو لکھنے لکھانے کا شوق ہے۔
کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ مختلف قسم کے کتب خانے شہر میں موجود ہیں اور ان
کی جہاں تک دسترس ہو سکی ۔ان کتب خانوں کی بہت بڑی تعداد کو انھوں نے
قارئین کی سہولت کی لئے اس کتاب میں یکجا کر دیا ہے۔ مصنف کو اس بات سے غرض
نہیں یہ کتبخانے لائبریری سائنس کے مطابق کن اقسام میں آتے ہیں۔ دراصل یہ
کتاب قارئین کے لئے لائبریری گائیڈ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں قارئین
کی لائبریری سے دوری کو ختم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ
یہ کتاب قاری کے لئے لائبریری سے متعلق معلومات حاصل کر کے اپنی مطلوبہ
لائبریری تک پہنچنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔
موصوف کی یہ کتاب عام قاری کے علاوہ طالبان علم اور خصوصی طور پر محققین کے
لئے بہت اہمیت اور افادیت کی حامل ہے۔ محمد یوسف نعیم مبارکباد کے کے مستحق
ہیں کہ انھوں نے طالبان علم کی مشکلات کو سمجھا اور ان کی مدد کے لئے اتنی
محنت اور مشقت کرکے اس موضوع پر قلم اٹھایا تاکہ علم کے متلاشی دیوانوں کی
پیاس بجھا سکیں۔
اس کتاب "کراچی کے عوامی کتب خانے" میں مختلف قسم کی لائبریریوں کے متعلق
جو معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ اس میں لائبریری کا نام، اس کا تعارف، قیام،
انچارج کا نام، تعداد کتب، اوقات کار، تعطیلات، عملہ، نشستیں، اجراء کتب کا
طریقہ کار، اخبارات ، مجلات، یومیہ استفادہ، سہولیات، پوسٹل ایڈریس، ویب
سائٹ، بس روٹس و اسٹاپ اور لائبریری تک پہنچنے کا راستہ بیان کیا گیا ہے۔
محمد یوسف نعیم کی طرز تحریر نہایت سادہ اور آسان ہے۔ کہیں بھی تصنع اور
بناوٹ کو دخل نہیں۔ کتاب کے شروع میں چند افراد کے تاثرات شامل کئے ہیں۔
سٹیزن لائبریری لائزن ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب الرب فاروقی کہتے ہیں کہ "محمد
یوسف نعیم نے اپنے محدود وسائل کے باوجود کتاب اور کتب خانوں کی محبت میں
ان کا سروے کرکے ان کی مشاہداتی رپورٹ کتابی شکل میں مرتب کر کے ایک شاندار
کارنامہ سر انجام دیا ہے"۔اس کے علاوہ مصنف نے اس کتاب کی وجہ تالیف اور اس
کی ضرورت اور اہمیت کو بیان کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ جہالت دور کرنے اور
علم حاصل کرنے کی اہمیت کو قرآن مجید اور حدیث شریف کی روشنی میں مختصرا
بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کتاب میں ہر اقسام کی لائبریریوں کا تعارف
موجود ہے۔
تصنیف کے آخر میں مختلف اخبارات کے تراشے جو کتب اور کتب خانوں سے متعلق
ہیں شامل کئے ہیں۔نیز مولف نے اپنی کتاب پر شائع ہونے والے تبصرے بھی شامل
کئے ہیں۔ آخر میں ایک بار پھر محمد یوسف نعیم کو اس بہترین کاوش پر
مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو اور زیادہ زور
قلم عطا کرے اور آئندہ ایڈیشن میں مزید لائبریریوں کا اضافہ کرکے اپنی کتاب
کو مزید کارآمد اور مفید بنائیں۔ آمین۔ |
|