متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
اسلام ؛اللہ کریم کا محبوب دین ہے جس میں تا صبح قیامت زندگی کے ہر موڑ پر
)خوشی و غمی، دکھ سکھ ، امن و خوف ، تنگی و خوشحالی۔ وغیرہ ( رہنمائی ملتی
ہے ۔تمام امور دینیہ کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک طریقے پر
بجا لانا شریعت کہلاتا ہے ۔ اس میں کسی قسم کی کمی و زیادتی کرنا جائز نہیں
۔ ورنہ اسلام کی زبان میں اس عمل کو صراط مستقیم کے بجائے الحاد و بدعت کے
نام سے تعبیر کیا جائے گا۔
انہی امور دینیہ میں نماز کو اہم العبادات قرار دیا گیا ہے ۔ اس کو قائم
کرنے پر اللہ کی رضا اور جنت کے حصول کا مژدہ سنایا گیا ہے جبکہ اس کے ترک
پراللہ و رسول کی ناراضگی اور سخت سزا کی وعید سنائی گئی ہے ۔ آج کے گئے
گزرے دور میں بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنی روایتی سستی اور کاہلی کو شریعت
کے سر تھوپتے ہیںاور نماز کو چھوڑنے یا کم کرنے کے حیلے بہانے تراشتے ہیں۔
اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی یہ بھی ہے کہ اگر جمعہ والے دن اتفاق سے عید ہو
جائےتو کیا دونوں )نماز عید اور نماز جمعہ (کو ادا کرنا ضروری ہے یا ان میں
صرف نماز عید پڑھ لینا کافی ہوگا؟؟ تمام اہل السنت والجماعت کا اتفاقی و
اجماعی مؤقف قرآن و سنت اور آثار صحابہ کی روشنی میں یہی ہے کہ چونکہ ہر
ایک کی الگ الگ حیثیت ہے اس لیے دونوں کو ادا کرنا ضروری ہے ۔ کسی ایک کے
ادا کرنے سے دوسرا ذمے سے ساقط نہیں ہوگا۔
چنانچہ یہاں چند دلائل ذکر کیے جاتے ہیں ۔
امام مسلم ، امام نسائی اور دیگر محدثین رحمہم اللہ نے اس بارے ایک حدیث
ذکر فرمائی ہے :
عن النعمان بن بشير قال: كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يقرأ في العيدين
وفي الجمعة بسبح اسم ربك الأعلى وهل أتاك حديث الغاشية قال وإذا اجتمع
العيد والجمعة في يوم واحد يقرأ بهما أيضا في الصلاتين۔
(صحیح مسلم: ج1 ص351کتاب الجمعۃ- باب ما يقرا فی صلاة الجمعۃ، سنن النسائی:
ج1 ص201 باب القراءۃ فی العیدین)
حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و
سلم دونوں عیدوں اور جمعہ میں ”سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلىٰ“ اور
”هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ“ پڑھتے تھے۔ جب عید اور جمعہ ایک دن
میں جمع ہو جاتے تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم دونوں نمازوں میں یہی سورتیں
پڑھا کرتے تھے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عید اور جمعہ جس دن اکٹھا ہو جائے تو آپ کا طریقہ
دونوں نمازوں کی ادائیگی کا تھا۔
امام عبدالرزاق نے اپنی کتاب میں حدیث ذکر فرمائی ہے :
أن عليا كان إذا اجتمعا في يوم واحد صلى في أول النهار العيد وصلى في آخر
النهار الجمعة ۔
(مصنف عبد الرزاق: ج3 ص177 باب اجتماع العیدین رقم الحدیث5750)
جس دن عید اور جمعہ ایک ہی دن جمع ہو جاتے تو حضرت علی رضی اللہ عنہ دن کے
اول حصہ میں عید اور دوسرے حصہ میں جمعہ پڑھتے تھے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ خلیفہ راشد ہیں۔ عید اور جمعہ ایک دن جمع ہونے کے
باوجود ہر نماز کو اس کے وقت میں ادا فرما رہے ہیں اور یہ ادائیگی بے شمار
صحابہ رضی اللہ عنہم و تابعین رحمہم اللہ کی موجودگی میں تھی۔ یہ دلیل ہے
کہ ایک کی وجہ سے دوسرے کو ترک نہیں کیا جا سکتا بلکہ دونوں کی ادائیگی
اپنے اپنے وقت میں کرنا ضروری ہے۔
علامہ ابن حزم فرماتے ہیں کہ نماز عید ”تطوع“ (فرائض سے الگ ایک عبادت) ہے
اور نماز جمعہ ”فرض“ہے۔ تطوع کی وجہ سے فرض کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔ چنانچہ
لکھتے ہیں:الجمعۃ فرض والعید تطوع والتطوع لایسقط الفرض
(المحلی لابن حزم ج3ص304)
جمعہ فرض ہے اور عید تطوع ہے اور تطوع فرض کو ساقط نہیں کرتا ۔
دین اسلام کی خوبی یہ ہے کہ ہر شخص کو اس کی حیثیت و استطاعت کے مطابق حکم
دیتا ہے ۔ مثلاً زکوٰۃ فرض ہے لیکن ہر شخص پر نہیں بلکہ جو شرعی لحاظ سے
صاحب نصاب بنتا ہو ۔ یہی حال دیگر احکام اسلامیہ صدقۂ فطر، قربانی ، حج
وغیرہ کا ہے ۔ اس تناظر میں میں دیکھا جائے تو اسلام نے بعض شرعی مسائل میں
دیہات والوں اور شہر والوں کی الگ الگ رعایت رکھی ہے ۔ چنانچہ شہر اور بڑی
بستی والوں پرنماز جمعہ کی ادائیگی کو ضروری قرار دیا جبکہ چھوٹے قصبے
،گاؤں اوردیہات والوں کو اس کا پابند نہیں بنایا۔ انہیں یہ اختیار ضرور دیا
ہے کہ اگر وہ شہر میں جا کر نماز جمعہ پڑھ لیں تو اچھی بات ہے ورنہ شرعا ان
پر کوئی حرج نہیں۔دور نبوی اور دور صحابہ میں دیہات والے جب شہر میں آکر
عید پڑھتے تو اگر اتفاق سےوہ جمعہ کا دن ہوتا تو نماز عید پڑھ لینے کے بعد
ان کو اختیار دیا جاتا کہ آپ واپس اپنے گھروں کو جانا چاہیں اور نماز جمعہ
چھوڑ دیں تو کوئی بات نہیں لیکن اگر آپ یہاں شہر میں رہنے کا ارادہ کرو تو
جیسے شہر والوں پر جمعہ کے دن نماز جمعہ پڑھنا فرض ہے تو تم پر بھی نماز
جمعہ پڑھنا ضروری ہوگا ۔ اب تم نمازجمعہ کی جگہ نماز ظہر نہیں پڑھ سکتے
۔چنانچہ چند روایات پیش خدمت ہیں :
أن النبي صلى الله عليه و سلم اجتمع في زمانه يومُ جمعة ويومُ فطر أو يومُ
جمعة وأضحىٰ فصلى بالناس العيد الأول ثم خطب فأَذِنَ للأنصار في الرجوع إلى
العوالي وتركِ الجمعة فلم يزل الامر على ذلك بعدُ۔
(مصنف عبد الرزاق: ج3 ص176 باب اجتماع العیدین)
نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانے میں جمعہ اور عید الفطر یا جمعہ اور عید
الاضحیٰ ایک ہی دن جمع ہوگئے تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے لوگوں کو پہلی
عید پڑھائی اور خطبہ دیا ۔ پھر انصار کو اجازت دی کہ وہ بستیوں میں واپس جا
سکتے ہیں اور جمعہ چھوڑ سکتے ہیں۔ اس کے بعد ہمیشہ یہی طریقہ جاری رہا۔
عَنْ الزُّهْرِيِّ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو عُبَيْدٍ مَوْلَى ابْنِ أَزْهَرَ
أَنَّهُ شَهِدَ الْعِيدَ يَوْمَ الْأَضْحَى مَعَ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ
رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فَصَلَّى قَبْلَ الْخُطْبَةِ ثُمَّ خَطَبَ النَّاسَ
فَقَالَ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ
عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَدْ نَهَاكُمْ عَنْ صِيَامِ هَذَيْنِ الْعِيدَيْنِ
أَمَّا أَحَدُهُمَا فَيَوْمُ فِطْرِكُمْ مِنْ صِيَامِكُمْ وَأَمَّا
الْآخَرُ فَيَوْمٌ تَأْكُلُونَ مِنْ نُسُكِكُمْ قَالَ أَبُو عُبَيْدٍ ثُمَّ
شَهِدْتُ الْعِيدَ مَعَ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ فَكَانَ ذَلِكَ يَوْمَ
الْجُمُعَةِ فَصَلَّى قَبْلَ الْخُطْبَةِ ثُمَّ خَطَبَ فَقَالَ يَا
أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ هَذَا يَوْمٌ قَدْ اجْتَمَعَ لَكُمْ فِيهِ
عِيدَانِ فَمَنْ أَحَبَّ أَنْ يَنْتَظِرَ الْجُمُعَةَ مِنْ أَهْلِ
الْعَوَالِي فَلْيَنْتَظِرْ وَمَنْ أَحَبَّ أَنْ يَرْجِعَ فَقَدْ أَذِنْتُ
لَهُ۔
(صحیح البخاری: ج2ص835 ب باب ما يؤكل من لحوم الأضاحي وما يتزود منها)
امام زہری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مجھے حدیث بیان کی ابو عبید نے کہ وہ
عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز کے لیے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے ساتھ
حاضر ہوئے۔ آپ نے خطبہ سے پہلے نماز پڑھائی پھر لوگوں کو خطبہ دیا فرمایا
اے لوگو! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تم کو ان دونوں عیدوں کے روزے
رکھنے سے منع کیا ہے، ان دونوں میں سے ایک تو عید الفطر ہے دوسرے وہ ہے جس
میں تم اپنی قربانیوں کے گوشت کھاتے ہو ۔ابو عبیدہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں
پھر میں عید کی نماز کے لیے حضرت عثمان بن عفان کے ساتھ حاضر ہوا یہ اتفاق
سے جمعہ کا دن تھا آپ نے بھی خطبہ سے پہلے نماز پڑھائی پھر خطبہ دیا فرمایا
لوگو! یہ ایسا دن ہے کہ جس میں تمہارے لیے دو عیدیں اکھٹی ہو گئی ہیں۔ اہل
عوالی میں سے جو جمعہ کا انتظار کرنا چاہے وہ انتظار کرے اور جو واپس جانا
چاہیے میری طرف سے اس کو اجازت ہے۔
اس حدیث میں صراحت سے بیان کیا گیا ہے کہ یہ اجازت و اختیار صرف دیہات
والوں کے لیے تھا، اہلِ مدینہ کے لیے ہرگز نہ تھا ورنہ ”اہل العوالی“)یعنی
دیہات والوں ( کی تخصیص بے معنیٰ ہو جاتی۔
عن عُمَرَ بن عبد الْعَزِيزِ قال اجْتَمَعَ عِيدَانِ على عَهْدِ رسول
اللَّهِ صلى اللَّهُ عليه وسلم فقال من أَحَبَّ أَنْ يَجْلِسَ من أَهْلِ
الْعَالِيَةِ فَلْيَجْلِسْ في غَيْرِ حَرَجٍ۔
(کتاب الام: ج1ص428)
حضرت عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم کے زمانہ میں دو عیدیں اکٹھی ہو گئیں تو آپ نے فرمایا: اہل عوالی میں
سے جو (نماز جمعہ کے لیے) بیٹھنا چاہے وہ بیٹھ جائے بغیر کسی تنگی کے۔
اب چند ایسی روایات پیش کی جا رہی ہیں جن میں اگرچہ واضح طور پر ”اہل
العوالی“)یعنی دیہات والوں (کے الفاظ تو نہیں لیکن سیاق و سباق، قرائن سے
سمجھ میں آتا ہے کہ نماز جمعہ پڑھنے کا اختیاری حکم ”اہل عوالی“)یعنی دیہات
والوں ( کے لیے ہے۔
عَنْ أَبِى هُرَيْرَةَ قَالَ : اجْتَمَعَ عِيدَانِ عَلَى عَهْدِ النَّبِىِّ
-صلى الله عليه وسلم- فَقَالَ :« إِنَّهُ قَدِ اجْتَمَعَ عِيدُكُمْ هَذَا
وَالْجُمُعَةُ وَإِنَّا مُجَمِّعُونَ ، فَمَنْ شَاءَ أَنْ يُجَمِّعَ
فَلْيُجَمِّعْ ». فَلَمَّا صَلَّى الْعِيدَ جَمَّعَ.
(السنن الکبریٰ للبیہقی: ج3 ص318 باب اجتماع العیدین)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم
کے دور میں دو عیدیں جمع ہوئیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے
فرمایا: ”آج تمہاری عید اور جمعہ کا دن جمع ہوا ہے، ہم جمعہ ضرور پڑھیں گے
تو جو چاہے جمعہ پڑھے“ چنانچہ جب آپ نے عید پڑھا لی تو جمعہ بھی پڑھا۔
روایت میں غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں ”إِنَّا مُجَمِّعُونَ“ میں
”اِنَّا“ ضمیر جمع متکلم کے لیے ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سمیت
تمام اہل مدینہ کو شامل ہے۔ کہ ”ہم سب اہل مدینہ تو لازماً جمعہ پڑھیں گے
(کیونکہ ہم پر فرض ہے)“ تو بعد والے جملہ ”فَمَنْ شَاءَ أَنْ يُجَمِّعَ
فَلْيُجَمِّعْ“ کا تعلق بالیقین ان لوگوں سے ہے جن پر جمعہ فرض نہیں ہے اور
وہ اہل عوالی )یعنی دیہات والے(ہیں۔
عن ابن عباس عن رسول الله صلى الله عليه و سلم: أنه قال اجتمع عيدان في
يومكم هذا . فمن شاء أجزأه من الجمعة . وإنا مجمعون ان شاء الله
(سنن ابن ماجہ: ص94- باب ما جاء فیما اذا اجتمع العیدان فی یوم)
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے روایت کرتے
ہیں کہ آپ علیہ السلام نے فرمایا: آج کے دن دو عیدیں جمع ہو گئی ہیں جو
چاہے یہ عید ہی اس کے لیے جمعہ کے عوض ہے لیکن ہم ان شاء اللہ جمعہضرور ادا
کریں گے۔
علامہ ابن عبد البر رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
وفي ذلك دليل على أن فرض الجمعة والظهر لازم وأنها غير ساقطة وأن الرخصة
إنما أريد بها من لم تجب عليه الجمعة ممن شهد العيد من أهل البوادي والله
أعلم وهذا تأويل تعضده الأصول وتقوم عليه الدلائل ومن خالفه فلا دليل معه
ولا حجة له.
(التمہید لابن عبد البر: ج4 ص402 تحت الحدیث: الواحد و الاربعون)
اس میں اس بات کی دلیل ہے کہ جمعہ اور ظہر کی فرضیت لازم ہے، یہ ساقط نہیں
ہوں گے اور رخصت کا تعلق ان دیہاتی لوگوں کےساتھ ہے جو عید کی نماز پڑھنے
کے لیے تو آتے ہیں لیکن ان پر جمعہ فرض نہیں ہے۔اصولوں کی روشنی میں اس
روایت کا یہی مطلب سمجھ میں آتا ہے اور اس پر کئی دلائل قائم ہیں۔ جو لوگ
اس موقف سے اختلاف رکھتے ہیں ان کے پاس کوئی دلیل و حجت نہیں ہے۔
جیسا کہ ہم نے یہ بات واضح کردی ہے کہ مندرجہ بالا موقف تمام اہل السنت
والجماعت کا ہے ۔ چند تصریحات ملاحظہ ہوں :
1: امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ (م150ھ) فرماتے ہیں:
عِيدانِ اجتَمَعَا في يومٍ واحدٍ فالاول سنةٌ والآخر فريضةٌ ولا يُتْركُ
واحدٌ منهما
(جامع الصغیر ص113باب فی العیدین و الصلوٰۃ بعرفات)
جب دو عیدیں (عید اور جمعہ) ایک دن اکٹھی ہو جائیں تو اول سنت ہے ( یعنی
ثابت بالسنت ہے) اور دوسری فرض ہے اور ان دونوں میں سے کسی کو بھی نہ چھوڑا
جائے۔
نوٹ: ”عید سنت ہے“ کا مطلب بیان کرتے ہوئے علامہ زیلعی رحمۃ اللہ علیہ
لکھتے ہیں:
لِأَنَّ مُرَادَهُ ثَبَتَ وُجُوبُهُ بِالسُّنَّةِ وَلِهَذَا قال وَلَا
يُتْرَكُ وَاحِدٌ مِنْهُمَا
(تبیین الحقائق: ج1 ص538 باب صلاۃ العیدین)
امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی مراد یہ ہے کہ نمازِ عید کا وجوب سنت سے ثابت
ہے، اس کی دلیل ان کا یہ قول ہے: ”وَلَا يُتْرَكُ وَاحِدٌ مِنْهُمَا“ کہ ان
دونوں میں سے کسی کو بھی نہ چھوڑا جائے۔
2: امام محمد بن ادریس شافعی رحمۃ اللہ علیہ (م204ھ)فرماتے ہیں:
وَلَا يَجُوزُ هٰذَا لِأَحَدٍ من أَهْلِ الْمِصْرِ أَنْ يَدَعُوْا أَنْ
يُّجَمِّعُوْا إلَّا من عُذْرٍ يَجُوزُ لهم بِهِ تَرْكُ الْجُمُعَةِ وَإِنْ
كان يومَ عِيدٍ. . . . وَهَكَذَا إنْ كانَ يومَ الْأَضْحٰى لَا يَخْتَلِفُ،
إذَا كانَ بِبَلَدٍ يُجَمَّعُ فيه الْجُمُعَةُ ويُصَلَّى الْعِيدُ وَلَا
يُصَلِّى أَهْلُ مِنٰى صَلَاةَ الْأَضْحٰى وَلَا الْجُمُعَةَ لِأَنَّهَا
لَيْسَتْ بِمِصْرٍ.
(کتاب الام للشافعی: ج1 ص428 کتاب صلاۃ العیدین- باب اجتماع العیدین)
کسی شہری کے لیے یہ جائز نہیں کہ بغیر کسی عذر شدید کے جمعہ ترک کرے اگرچہ
عید کا دن ہی کیوں نہ ہو۔ اور بغیر اختلاف کے عید الاضحیٰ کا یہی حکم ہے جب
آدمی ایسے شہر میں ہو جہاں جمعہ اور عید کی نماز پڑھی جاتی ہے۔ اہل منیٰ
عید الاضحیٰ اور جمعہ کی نماز نہ پڑھیں کیونکہ منیٰ مصر (شہر) نہیں ہے۔
امام ابن عبد البر المالکی رحمۃ اللہ علیہ(م463ھ) فرماتے ہیں:
وأما القول الأول إن الجمعة تسقط بالعيد ولاتصلى ظهراً ولا جمعةً فقول
بَيِّنُ الفساد وظاهرُ الخطأ متروكٌ مهجورٌ لا يُعْرَجُ عليه۔
(التمہید لابن عبد البر: ج4 ص401 تحت الحدیث: الواحد و الاربعون)
پہلا قول کہ ”عید کی وجہ سے جمعہ ساقط ہو جاتا ہے، اس کے بعد آپ نے ظہر
پڑھیں نہ جمعہ “ تو یہ قول بالکل فاسد ہے، اس کا غلط ہونا ظاہر ہے، یہ قول
متروک و مہجورہے اور اس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ ابن قدامہ الحنبلی رحمۃ اللہ علیہ [م620ھ] لکھتے ہیں:
وقال أكثر الفقهاء تجب الجمعة لعموم الآية والأخبار الدالة على وجوبها
ولأنهما صلاتان واجبتان فلم تسقط إحداهما بالأخرى كالظهر مع العيد
(المغنی لابن قدامۃ: ج 3ص84-مسألۃ وفصل : اتفاق الجمعۃ والعيد في يوم واحد)
اکثر فقہاء فرماتے ہیں کہ (عید کے دن جمعہ آ ج آ جائے تو) جمعہ ادا کرنا
بھی واجب ہے اس لیے کہ آیت
قرآنی کے عموم اور احادیث مبارکہ سے جمعہ کا وجوب ثابت ہوتا ہے۔ اس کی ایک
وجہ یہ بھی ہے کہ یہ دونوں نمازیں واجب ہیں ، لہذا ایک کی وجہ سے دوسری کو
نہیں چھوڑا جائے گا۔
معلوم ہوا کہ آج جو لوگ مسلمانوں میں یہ غلط فہمی پھیلا رہے ہیں”اگر عید
اور جمعہ ایک دن میں جمع ہو جائیں تو اس دن جمعہ کی فرضیت ساقط ہو جاتی ہے
چاہے کوئی پڑھے یا نہ پڑھے۔بلکہ راجح قول کے مطابق اس دن نماز ظہر بھی کا
چھوڑنا بھی جائزہے۔“ان کی یہ بات بے بنیاد اور شرعی دلائل کے مقابلے میں
غلط ہے ۔ |