شرمیلی دلہن

کوئی پندرہ سال پہلے کی بات ہے . ہمارے خاندان میں ایک کزن بھائی کی شادی تھی . بڑے دھوم دھڑاکے سے اورنگ آباد سے بارات آئی تھی . شادی کی رسمیں پوری ہوئیں، نکاح کا خطبہ پڑھایا گیا ، قاضی صاحب نے دولہا بھائی سے نکاح قبول کروایا لیکن جب دلہن سے پوچھا گیا تو دلہن چپ .دوبارہ پوچھا گیا لیکن دلہن پھر چپ . قاضی صاحب نے دلہن کے رشتہ داروں سے معاملہ پوچھا . رشتہ دار جو خاصے پریشان ہو چکے تھے دلہن کو سمجھانے لگے . قاضی صاحب نے پھر ایک بار دلہن سے پوچھا ، لیکن پھر وہی چپ . اتنے میں ایک مولوی ٹائپ کے صاحب جنہوں نے دراصل یہ رشتہ کرایا تھا ، بولے کہ ہمارے خاندان کی لڑکیاں شرم و حیا کا پاس کرتی ہیں ، اس طرح بھری محفل میں کچھ نہیں کہیں گی . لڑکی خاموش ہے ، یعنی وہ راضی ہے ، تینوں بار لڑکی چپ رہی ، یعنی تینوں بار وہ راضی تھی . یوں بھی خاموشی میں رضامندی کی باتیں بڑے بزرگوں سے سنتے آٔئے ہیں . قاضی صاحب نے ایک اور شادی میں خطبہ پڑھنا تھا ، لہٰذا انہوں نے یہ حجت قبول کرلی ، اور یوں یہ شادی ہو گئی . بعد میں کیا ہوا یہ ایک الگ کہانی ہے ، لیکن یہ قصّہ مجھے یوں یاد آ گیا ، کہ ہمارے نئۓ نویلے وزیر اعظم بھی کچھ پوچھے جانے پر اسی طرح شرما کر چپ ہو جاتے ہیں . دادری میں انتہا پسندوں نے ایک معصوم کو قتل کر دیا ، لوگوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا لیکن وہ شرما گئے . مہنگائی آسمان چھونے لگی ، لوگوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا لیکن وہ پھر شرما گئے . سب سے زیادہ تو وزیر اعظم تب شرماتے ہیں جب ان سے لوگ الیکشن میں کیٔے گئے وعدوں کے بارے میں پوچھتے ہیں ، لیکن وہ ہر بار شرما جاتے ہیں . اب کوئی اتنا شرمأے تو کیا کرے گا قاضی . اسے دوسری شادیاں بھی تو کروانی ہیں . یہ شادی تو سمجھو اسی طرح چلے گی . . . جب تک چل سکے .

Yahya Khan Yusufzai
About the Author: Yahya Khan Yusufzai Read More Articles by Yahya Khan Yusufzai: 2 Articles with 2322 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.