پینے کا صاف پانی،نکاسی آب،گلی
محلوں کی سولنگ نالیاں ،تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے
لئے پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8اضلاع میں تقریباًدس سال کے بعد بلدیاتی
انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے میدانسج چکا ہے عوام اپنے پسندیدہ امیدواروں
کو کامیاب کرانے کے لئے ووٹ کاسٹ کریں گے پولنگ صبح ساڑھے سات بجے شروع ہو
کر بغیر کسی وقفے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی پولنگ کا وقت ایک
گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں
مکمل ہونگے پہلے مرحلے کے لئے آج31اکتوبرکو،دوسرے مرحلے کے لئے19نومبراور
تیسرے مرحلے کے لئے3دسمبرکو پولنگ ہوگی پنجاب اور سندھ کے 20اضلاع میں
بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں پنجاب کے بارہ اضلاع جن میں لاہور ،فیصل
آباد،قصور،پاک پتن،اوکاڑہ،وہاڑی،لودھراں،بہاولنگر،بھکر،ننکانہ صاحب ،چکوال
اور گجرات شامل ہیں جبکہ سندھ میں لاڑکانہ،قمر شہداد
کوٹ،سکھر،خیرپور،شکارپور،جیکب آباد،کشمور اور گھوٹکی میں بلدیاتی میدان آج
سجے گا-
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ،ووٹ ڈالنے کے لئے اصل قومی
شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا، زائد المیعاد شناختی کارڈ بھی قابل قبول
تاہم پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس یا نادرا کی رسید پر ووٹ نہیں ڈالا
جاسکتا،پنجاب میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدے کیلئے بیلٹ پیپر کا رنگ
نیلا جبکہ کونسلر اور میونسپل کمیٹی کے رکن لئے سفید ہو گا، سندھ میں چیئر
مین اور وائس چیئر مین کیلئے سبز رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے
گا،جنرل کونسلر کے لئے بیلٹ پیپر آف وائٹ جبکہ ضلع کونسل، میونسپل یا ٹاؤن
کمیٹی کیلئے نیلے رنگ کا ہوگا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب
اور سندھ میں میڈیا پر غیر مصدقہ نتائج نشر کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے
،پنجاب کے 12بلدیاتی اداروں میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشست پر
16امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 360امیدوار میدان میں
ہیں ، جنرل کونسلر کی نشست پر 758بلا مقابلہ کامیاب قرار پاچکے ہیں جبکہ
33ہزار 794امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا،صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات
کے پہلے مرحلے میں 707امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں،8اضلاع میں ساڑھے
14ہزار کے قریب امیدواروں میں اب مقابلہ ہوگا۔
آج کے بلدیاتی معرکے کے لئے بلدیاتی امیدواروں نے خود کو کامیاب کرانے کے
لئے ہر حربہ استعمال کرنا اپنا حق اولین سمجھا ،امیدواروں اور سپوٹران نے
گلی،محلوں،چوراہوں ،چوکوں اور پبلک مقامات کو رنگ برنگے پینا فلیکس سے سجا
دیا ۔آج کے الیکشن میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی
کھلم کھلا خلاف وزریاں نمایاں دکھائی دیں امیدواروں نے الیکشن میں اپنی
کامیابی کے لئے اپنی تجوریوں کے منہ کھول دیئے اپنی انتخابی مہم پہ روپیہ
پانی کی طرح بہایاکچھ ووٹروں کے دام لگے اور وہ بکے،کئی ووٹر ایسے بھی
دکھائی دیئے جنہوں نے ایک سے زائد امیدواروں کو اپنے ووٹ کی حمایت کا چکمہ
دے کر اپنی جیب گرم کرنے کے ساتھ ساتھ منافقت کا رول بھی ادا کیا امیدواروں
نے اپنے سیاسی ڈیروں کی رونقیں بڑھانے کے لئے چائے اور مشروبات سے اپنے
ووٹروں کے دل جیتنے کی کوشش کی ،کئی ایسے سیاسی ڈیرے بھی دیکھنے کو ملے
جہاں قورمہ اور بریانی کی دیگیں روزانہ محض اس لئے پکتی تھیں کہ شائد اسی
بہانے ووٹر ان کی جانب متوجہ ہوکر انہیں ووٹ دے سکیں جن امیدواروں کے
انتخابی نشان ’’بوتل‘‘ اور ’’بالٹی‘‘ ہے انہوں نے اپنی الیکشن مہم میں نئی
روائت یہ متعارف کرائی کہ’’ بالٹیاں‘‘ جس میں بریانی اور پھل رکھ گھروں میں
تقسیم کرائیں ’’بوتل ‘‘ والوں نے مختلف برانڈ کی مشروبات کی ’’بوتلیں ‘‘
اپنے حلقوں میں تقسیم کرتے ہوئے اپنے انتخابی نشان کی یاد دہانی کرائی اپنی
الیکشن مہم پہ بے دریغ پیسہ لگانے والوں سے اگر عام دنوں میں کوئی بھکاری
بھیک مانگ لے تو انہیں ناگوار گزرتا تھا برسوں کی لاتعلقی اور عوام سے دوری
الیکشن کے دنوں میں اچانک ختم ہوتی دکھائی دی امیری اور غریبی کا فرق مٹتا
نظر آیا ایسے ووٹر جن کے پیارے کئی برس قبل اﷲ کو پیارے ہو چکے تھے
امیدواروں کو وہ بھی یاد آئے ان کے گھروں میں جاکر مگرمچھ کے آنسوؤں نے
پاکستانی اور انڈین فلموں کے ٹریجڈی اداکاروں کی اداکاری کو مات دے دی ۔
صوبہ پنجاب کے 12اضلاع میں کل 16266پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں
3551حساس ترین ، 8300حساس اور 4415نارمل ہیں ۔ لاہور میں کل 3269پولنگ
اسٹیشنز ہیں جن میں سے 839انتہائی حساس ، 2430حساس ہیں جبکہ کوئی بھی پولنگ
سٹیشن نارمل نہیں ، فیصل آباد میں کل 3915پولنگ اسٹیشنوں میں 1029حساس ترین
، 2877حساس اور 9نارمل ہیں، گجرات میں کل 1250پولنگ اسٹیشنوں میں سے
182حساس ترین جبکہ 1068نارمل پولنگ سٹیشن ہیں،چکوال میں 558کل 823پولنگ
اسٹیشنوں میں سے 265 حساس ترین ، 558حساس جبکہ کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل
نہیں ہے ۔بھکر میں کل 591پولنگ اسٹیشنوں میں سے 53حساس ترین ، 160 حساس
جبکہ 378پولنگ اسٹیشن نارمل ہیں ، ننکانہ صاحب میں کل 607پولنگ اسٹیشنوں
میں سے 125حساس ترین ، 131حساس جبکہ 351پولنگ اسٹیشن نارمل ہیں، قصور میں
کل 1250پولنگ اسٹیشنوں میں سے 265حساس ترین ، 224حساس اور 761پولنگ اسٹیشن
نارمل ہیں ، پاکپتن میں کل 683پولنگ اسٹیشنوں میں سے 250حساس ترین اور
433نارمل ہیں ، اوکاڑہ میں کل 1115پولنگ اسٹیشنوں میں سے 99حساس ترین ،
1015حساس اور 1پولنگ اسٹیشن نارمل ہے ، لودھراں میں کل 576پولنگ اسٹیشنوں
میں سے 121حساس ترین اور 455نارمل ہیں، وہاڑی میں کل 1085پولنگ اسٹیشنوں
میں سے 274حساس ترین ، 811حساس جبکہ کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے جبکہ
بہاولنگر میں کل 1102پولنگ اسٹیشنوں میں سے 49حساس ترین ،94جبکہ 959پولنگ
اسٹیشن نارمل ہیں ۔
12اضلاع کے بلدیاتی انتخابات کو (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کی مقبولیت جانچنے
کا پیمانہ قرار دیا جائے گا کہ آزاد امیدوار وں کی کامیابی ’’ رنگ میں بھنگ
‘‘ ڈال سکتی ہے پی پی پی جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق والے بھی کہیں ناکہیں
اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے گلی محلے کی سطح پر
پڑنے والا ووٹ (ن) لیگ کی حکومت کی کارکردگی بارے میں واضح آگاہی دے گا
جبکہ پی ٹی آئی کو پڑنے والا ووٹ بھی اس کے مستقبل کا تعین کرے گا کہ عوام
اس کے بطور اپوزیشن اقدامات سے کتنے خوش ہیں سند ھ میں پاکستان پیپلز پارٹی
کا پلہ بھاری ہے وہ سندھ میں کلین سویپ کر جائے گی پچھلے دنوں میں لاہور
میں الیکشن مہم کے دوران تشدد کا عنصر سامنے آیاہے جس میں پی ٹی آئی کے
دوکارکن جاں بحق ہو گئے تھے حساس علاقوں میں سیاسی تشدد کے واقعات رونما
ہوسکتے ہیں رب کائنات سے دعا ہے کہ آج کا دن بخیروعافیت سے گزر جائے آمین۔ |