ایران خود کو تنہا کررہا ہے

مسلم ممالک کے اتحاد میں جب ایران کو شامل نہ کیا گیا تو بہت شور مچایا گیا کہ جب یہ تمام مسلم ممالک کا نمایندہ اتحاد ہے تو اس میں ایران اور اس کے ہم خیال مسلم ممالک شامل کیوں نہیں ہیں؟یہ اعتراض خواہ جس قدر بھی نیک نیتی کے ساتھ کیا گیا ہو ،تاہم سعودی عرب کی جانب سے اپنے ہی ایک شہری کو دیگر چالیس سے زاید مجرموں کے ساتھ ،بغاوت کا جرم ثابت ہونے پر،قانونی و شرعی تقاضوں کی تکمیل کے بعد،سزائے موت دینے پر ایران کے اشتعال انگیز رد عمل کا مشاہدہ کرنے کے بعد یہ بات سمجھ میں آ جانی چاہیے کہ اس اتحاد میں بھارت وروس نواز ایران اور اس کے ہم خیال ممالک کو شامل کیوں نہیں کیا گیا؟یہ بات دو جمع دوچار کی طرح واضح اور ہر قسم کے ابہام سے پاک ہے کہ شیخ باقر النمر کو پھانسی اس لیے نہیں دی گئی کہ ان کا اہل تشیع سے تعلق تھا،یا وہ ایک شیعہ اسکالر،مبلغ یا علمی شخصیت تھے،بل کہ ان پر بغاوت اور سعودی عرب کے اندرونی معاملات میں ایرانی مداخلت کی راہ ہم وار کرنے پر دی گئی۔مانا کہ شیخ النمر کی ہم دردیاں ایران کے ساتھ تھیں،یہ بھی تسلیم کہ وہ ایران کے لیے ،بل کہ دنیا بھر کے اہل تشیع کے لیے ایک قابل احترام شخصیت تھے،لیکن وہ تھے تو سعودی عرب ہی کے شہری ناں……تو سعودی عرب اپنے کسی مجرم کو پھانسی نہیں دے سکتا،جب کہ وہاں شرعی قانون قصاص نافذ ہے اور کسی بھی مجرم کو سزا تمام قانونی و شرعی اصولوں کے مطابق جرم ثابت ہونے کے بععد ہی دی جاتی ہے،سو سعود ی عرب نے من جملہ اور مجرموں کے شیخ النمر کو بھی پھانسی دے دی۔ایران میں اس نوع کی پھانسیاں ہوتی رہتی ہیں،ایران میں خمینی انقلاب کے بعد سے یہ چلن تسلسل سے جاری ہے۔دور حکومت کسی کا بھی ہو،وہاں مجرموں کو سزائے موت دی جاتی رہی ہے۔بلاشبہ ان میں اکثر یا سبھی کا تعلق اہل سنت سے ہوتاہے،تو کیا ان کی پھانسیوں کے رد عمل میں دنیا بھر کے اہل سنت سراپا احتجاج ہوجائیں؟دنیاکے مسلم ممالک کی اکثریت کا سرکاری مذہب اہل سنت ہے،تو کیا یہ تمام ممالک اپنے ہاں ایرانی سفارت خانے نذر آتش کردیں؟ایران کو سوچنا چاہیے کہ وہ کون سی ریت ڈال رہاہے۔کیاایران کے نقش قدم پر چل کر ایسا کیا گیاتو ایران کے لیے مسائل پید نہیں ہوجائیں گے؟

اگرسعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یہ کہا ہے کہ ایران کو سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی،تو کیا غلط کہاہے؟کیا ایران ہتھیار تقسیم نہیں کرتا ہے؟کیا عرب معاملات میں ایران کی تاریخ مداخلت اور جارحیت سے بھری ہوئی ہے؟کیابحرینی حکومت نے یہ الزام بلاووجہ عاید کیا تھاکہ اس کے ہاں گڑبڑ اور حکومت مخالف مظاہروں میں ایران کا ہاتھ کارفرما ہے۔ ایران کی بحرین،یمن اور دیگر مسلم ممالک میں مداخلت کا کیا جواز ہے؟حال ہی میں ایرانی پاسداران انقلاب کیلئے کویتی اور امریکی فوجی مقامات اور تنصیبات کی مانیٹرنگ اور تصاویر اتارنے کا اعتراف کرنے والے جاسوسوں کو کویتی عدالت نے سزائے موت سنائی ،کیا یہ کویت کے اندرونی معاملات میں ایرانی مداخت کا واضح ثبوت نہیں تھا؟

زیادہ دور جانے کی بات نہیں ،ایران کو اگر اختلاف وہاں کے شاہی نظام سے ہے،جیساکہ ایران نواز دانش فروش اس بات کا ڈھنڈورا پیٹتے رہتے ہیں،توعربی زبان کے خلاف ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کے پروگرام میں ایرانی شاعر مصطفی بادکوبہ ای نے سخت الفاظ کیوں استعمال کیے؟مانا کہ یہ ایک سرکاری کلچرل ادارے میں ہونے والے پروگرام کے شرکا میں سے ایک کے عربی کو اہل جنت کی زبان قرار دینے کا رد عمل تھا،لیکن کیا نبی ﷺ کی زبان سے اس قدر عداوت کسی مسلم کہلائے جانے والے ملک کو زیب دیتی ہے؟دراصل ایرانی شاعر کی ہفوات ایرانی حکومت کی اسی عرب دشمن پالیسی کا اظہار تھے،ہے جس کے تحت اب ایران میں عربی کوفارسی کی ضد سمجھا جاتا ہے۔ کیا یران عربوں کی ضد میں قرآن عربی کا انکار کر سکتاہے؟

ایران ہی نہیں تمام ایران نوازوں نے بھی اس پھانسی پر اسی قسم کے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔آخر سعودی عرب کی جانب سے اپنے ایک شہری کو پھانسی دینے پر پاکستان،لبنان،شام ،عراق سمیت مسلم دنیامیں اشتعال انگیزی کو ہوا دینے کا کیا جواز بنتا ہے؟ حسن نصر اﷲ کا کہناہے کہ آلِ سعود دنیا بھر میں شیعہ اور سنی میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں۔ کیا یہ اس واقعے کی کوکھ سے شیعہ سنی منافرت کو جنم دینے کی کوشش نہیں ہے؟ایرانی قدامت پسند روزنامہ حمایت کا یہ کون سا انداز بیان ہے کہ اس نے دھمکی دی ہے : سعودی حکام کو اب یہ حقیقت قبول کرنا پڑے گی کہ خطے میں شیخ نمر کے حمایتی ان سے بدلہ لے کر رہیں گے۔ پاکستان کے چند عاقبت نا اندیش شیعہ راہ نماؤں نے تو یہاں تک کہ دیا کہ سعودی عرب نے اپنی قیادت میں بنائے گئے 34 ممالک کا پہلا تحفہ شیخ آیت اﷲ باقر نمر کو قتل کرکے دیا ہے ۔کیا یہ اس وسیع تر مسلم اتحاد کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہیں ہے؟

شایدسعودی عرب نے اس سزائے موت کے لیے جس وقت کا انتخاب کیا،وہ درست نہ ہو ،لیکن اس تنازعے کو شیعہ سنی منافرت کے بیج بونے کے لیے استعمال کرنا کون سی دور اندیشی ہے؟کیا شیخ النمر کے ہمر اہ جن 46افراد کو سزا ہوئی وہ اہلسنت عقائد کے حامل نہیں تھے ؟اگر مقتول شیعہ راہ نما کی سزا اہل تشیع کے ساتھ سعودی عرب کے بغض کا نتیجہ تھا،تو باقی لوگوں کو کس جرم میں مارا گیا،جب کہ وہ تو اہل سنت عقاید کے حامل تھے۔

ایران خطے کا ایک ذمے دار ملک ہے۔وہ اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے،لیکن کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اسے زیب نہیں دیتی۔اس کی انہی حرکتوں نے اسے مسلم بلاک سے الگ ایک ملک بنادیا ہے۔روس اور بھارت سے اعلانیہ اور امریکا واسرائیل سے خفیہ مراسم کے بل بوتے اور سعودی عرب کے شاہی نظام کے کاتمے کی آڑ میں اس کے توسیع پسندانی عزائم کا اصل ہدف کیا ہے؟یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ایران کو چاہیے کہ سمجھ داری سے کام لے اور خطے کے ممالک سے برادرانہ مراسم استوار کرے،کہیں اس کا ولایت فقیہ کا نظریہ اور توسیع پسندانہ عزائم اسے خطے میں تنہا نہ کردیں!!
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 307893 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More