مو لوی ہرگز نہ شد مولا ئے روم تا غلام شمس تبریزی نہ شد

دانش کدے سے حیرت کدے کا سفر

علم حقیقی اور محبت حق کا حسن

علم کی محفل سجی ہے۔ معلم علم کی دولت بانٹ رہاہے اور متعلم سو جان سے نثار لفظوں کے سحر میں کھوئے ہیں۔عقل و دانش کی باتیں ہورہی ہیں ، چاروں طرف کتابوں کے ڈھیر لگے ہیں اور فقہ و دین کی بحث چھڑی ہے۔ ایسے میں کہیں سے کوئی دیوانہ ، قلندرانہ شان سے چلاآتاہے۔ ہوش سے بیگانہ، خرد سے بے خبر، اپنی ہی چال میں مست، اپنے ہی حال میں مست۔ علمی مباحثے میں مداخلت کرتاہے اور کتابوں کے ڈھیر کی طرف اشارہ کرکے معلم سے گویاہوتاہے،”یہ کیاہے؟۔“ معلم کو اس درویش کی مداخلت ناگوار گزرتی ہے اور اک تجاہلِ عارفانہ سے کام لیتے ہوئے کہ ڈالتاہے،”یہ وہ ہے جس سے تو واقف نہیں۔“ گویا اس قلندر کو جتادینا چاہتاہے کہ بھیا! جا تیرا اس دانش کدے میں کیاکام؟ عقل والوں کی محفل میں دیوانے کی آمد نامنظور۔ ابھی معلم یہ کہ کے اپنے شاگردوں کی طرف متوجہ ہوا ہی چاہتاہے کہ درویش کی انگلی کی اک جنبش سے علم کاخزانہ نذرِ آتش ہوجاتاہے۔ معلم حیرا ں وپریشاں بے ساختہ پکار اُٹھتاہے ۔” یہ کیاہے؟ ۔“اب کے درویش اک ادائے بے نیازی سے جواب دیتاہے ،” یہ وہ ہے جس سے تو واقف نہیں۔“ اتنا کہ کے وہ اپنی راہ لیتاہے اور معلم کی حالت دگرگوں ہونے لگتی ہے۔ کیسا علم، کہاں کی دانش؟ کیا عقل کی باتیں؟ کہاں کی سوچ اور سمجھ؟ سب کچھ جیسے اس درویش کے ساتھ رخصت ہوجاتاہے۔ چین، قرار، سکون کی دولت، سبھی کچھ۔علم و حکمت کی باتیں بے کار لگنے لگتی ہیں، وہ دانائی اور عقل سے کنارہ کش ہوتاہے اور اسی درویش کی تلاش میں صحرا نوردی اختیارکرتاہے۔ گلی گلی، قریہ قریہ اسی کی جستجو تن من کو بھٹکائے پھرتی ہے۔ دانش کدے سے حیرت کدے کا سفر شروع ہوتاہے گویا خرد تیاگ دی گئی اور جنوں کا لبادہ اُوڑھ لیاگیا۔
ھیچ چیزے خودبخود نشد
ھیچ آہن خود بخود تیغے نشد
مولوی ھر گز نہ شد مولائے روم
تاغلامِ شمس تبریزے نشدر

دنیا میں جو لوگ انسانیت کیلئے مثال بن گئے، انھوں نے ہمیشہ علم اور صداقت کا شمع روشن رکھا۔ اور محبت سے خود کو گوہر نایاب بنا کے تاریخ بشریت میں نقوش چھوڑ گئے۔
shafiqahmaddinar khan
About the Author: shafiqahmaddinar khan Read More Articles by shafiqahmaddinar khan: 35 Articles with 46178 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.