ماہ رمضان اور روزہ کی فضیلت

……صحیح بخاری اور مسلم شریف کی احادیث کی روشنی میں﴾

قرآن مجید کی سورۃ البقرہ میں ارشاد ربانی ہے’’اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بنو‘‘ اور فرمایا ’’رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا ، جو لوگوں کے لیے باعث ہدایت اور حق وباطل میں فرق کرنے والا ہے‘‘۔

ماہ رمضان اسلامی سال کانواں مہینہ ہے جس طرح ہم پر نمازفرض ہے اسی طرح ماہ رمضان کے روزے رکھنابھی ہر بالغ ، تندرست اور مقیم فرض ہیں۔ روزے کے معنی اﷲ کی رضا کیلئے صبح سے شام تک کھانے پینے اورشہوات سے رک جانا ہے، جب نبیﷺ مدینہ میں آئے تو ہر مہینہ میں تین روزے رکھتے تھے اور عاشورہ کا روزہ رکھا کرتے تھے پھر اﷲ تعالٰی نے آیت (کتب علیکم الصیام) نازل فرما کر رمضان کے روزے فرض کئے۔ اسی ماہ مبارک میں قرآن مجید لوح محفوظ سے آسمانِ دنیا پر بیت العزۃ میں نازل کیا گیا (ابن کثیر) ۔ بخاری او رمسلم شریف حدیث کی صحیح ترین کتب ہیں جن میں متعدد احادیث روزہ اور رمضان کی فضیلت میں وارد ہوئی ہیں ۔جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔

عبداﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲﷺنے فرمایا اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم کی گئی ہے۔ اول ،گواہی دینا کہ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں اور بیشک محمد ﷺ اﷲ کے سچے رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوٰۃ ادا کرنا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا(بخاری 1649/)۔

مشہور حدیث جبرائیل ؑ میں ہے" حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک دن نبی کریم ﷺ لوگوں میں تشریف فرما تھے کہ ایک شخص آیا اور پوچھنے لگا کہ ایمان کسے کہتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ایمان یہ ہے کہ تم اﷲ کے وجود اور اس کی وحدانیت پر ایمان لاؤ اور اس کے فرشتوں کے وجود پر اوراﷲ کی ملاقات کے برحق ہونے پر اور اس کے رسولوں کے برحق ہونے پر اور مرنے کے بعد دوبارہ اٹھنے پر ایمان لاؤ۔ پھر اس نے پوچھا کہ اسلام کیا ہے؟ آپ ﷺ نے پھر جواب دیا کہ اسلام یہ ہے کہ تم خالص اﷲ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رمضان کے روزے رکھو ۔ (صحیح بخاری/ حدیث نمبر49)

حضرت ابوہریرہ فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور شیطان زنجیروں میں جکڑ دئیے جاتے ہیں(صحیح بخاری/ 1825 )

ابوہریرہؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں آپ ﷺ نے فرمایا جس نے ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اس کے اگلے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں اورجس نے شب قدر میں ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے قیام کیا تو اس کے اگلے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔(صحیح بخاری / 1936 )

حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ روزہ ڈھال ہے، اسلئے روزہ دار نہ تو بری بات کرے اور نہ جہالت کی بات کرے اگر کوئی شخص اس سے جھگڑا کرے یا گالی گلوچ کرے توکہہ دے میں روزہ دار ہوں۔ فرمایا ،قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے کہ روزہ دار کے منہ کی بو اﷲ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بہتر ہے، وہ کھانا پینا اور اپنی مرغوب چیزوں کو روزوں کی خاطر چھوڑ دیتا ہے اور نیکی کا بدلہ دس گنا ہے اور ( اﷲ تعالیٰ کا قول)روزہ کا بدلہ میں دیتا ہوں۔ (صحیح بخاری/ 1820 (

حضرت سہل ؓنبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جنت میں ایک دروازہ ہے جس کو "ریان "کہتے ہیں قیامت کے دن اس دروازے سے روزے دار ہی داخل ہوں گے کوئی دوسرا داخل نہ ہوگا، کہا جائے گا کہ روزہ دار کہاں ہیں؟ وہ روزہ دار کھڑے ہوں گے اس دروازہ سے ان کے سوا کوئی داخل نہ ہو سکے گا، جب وہ داخل ہوجائیں گے تو وہ دروازہ بند ہوجائے گا اور اس میں کوئی داخل نہ ہوگا۔ (صحیح بخاری / 1822 )

حدیث قدسی ہے ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ نے فرمایا انسان کے ہر عمل کا بدلہ ہے، مگر روزہ کہ وہ خاص میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا اور روزہ(گناہوں سے ) ڈھال ہے۔ جب تم میں سے کسی کے روزے کا دن ہو، تو نہ شور مچائے اور نہ فحش باتیں کرے اگر کوئی شخص اس سے جھگڑا کرے یا گالی گلوچ کرے تو کہہ دے میں روزے سے ہوں، اور قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ میں محمد ﷺ کی جان ہے روزہ دار کے منہ کی بو اﷲ کے ہاں مشک کی خوشبو سے زیادہ بہتر ہے۔ روزہ دار کو دو خوشیاں حاصل ہوتی ہیں، جب افطار کرتا ہے تو خوش ہوتا ہے اور جب اپنے رب سے ملے گا تو روزہ کے سبب سے خوش ہوگا۔ (صحیح بخاری / 1830 )

طلحہ بن عبیداﷲ ؓسے روایت ہے کہ ایک اعرابی رسول اﷲ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اس کے بال الجھے ہوئے تھے۔ اس نے عرض کیا یا رسول اﷲ ﷺ ہمیں بتائیے کہ ہم پر اﷲ نے کتنی نمازیں فرض کی ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا پانچ نمازیں ،لیکن اگر تو نفل پڑھے تو اور بات ہے، پھر اس نے عرض کیا کہ ہمیں بتائیے کہ کتنے روزے اﷲ نے ہم پر فرض کئے ہیں؟ آپ نے فرمایا ماہ رمضان کے روزے، لیکن اگر تو نفل رکھے تو الگ بات ہے۔ پھر اس نے عرض کیا کہ ہمیں بتائیے کہ اﷲ نے ہم پر کتنی زکوٰۃ فرض کی ہے؟ راوی کا بیان ہے رسول اﷲ ﷺ نے اسے شرائع اسلام بتا دئیے اس شخص نے کہا قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو باعزت بنایا، میں اس سے نہ تو کچھ کم کروں گا نہ تو کچھ زیادہ کروں گا جو اﷲ تعالیٰ نے ہم پر فرض کی ہے۔ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا وہ شخص کامیاب ہوگیا اگر اپنے قول میں سچا ہے یا یہ فرمایا کہ وہ شخص جنت میں جائے گا اگر اپنے قول میں سچا ہے۔ (صحیح بخاری/ 1817 )

حضرت ابوسعید خدریؓ فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا جو بندہ بھی اﷲ تعالیٰ کے راستے میں ایک دن روزہ رکھتا ہے اﷲ تعالیٰ اس دن کی وجہ سے اس کے چہرے کو دوزخ کی آگ سے ستر سال کی دوری کے برابر کر دے گا۔ (صحیح مسلم/ 217 )

ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں" میں نے رسول اﷲ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جس شخص نے رمضان کی راتوں میں ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے قیام کیا تو اس کے اگلے (پچھلے) گناہ بخش دئیے جاتے ہیں"(صحیح بخاری / 1930 )

حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ نبی ﷺ سے فتنہ کے متعلق حدیثیں کس کو زیادہ یاد ہیں؟ حذیفہؓ نے کہا میں نے آپ ﷺ کو کہتے ہوئے سنا کہ انسان کی آزمائش اس کے بال بچوں اور اس کے مال اور پڑوسی میں ہوتی ہے۔ نماز روزہ اور صدقہ اس کے لئے کفارہ ہیں۔( صحیح بخاری ، 1821 )

ان آیات مبارکہ اورصحیح احادیث مبارکہ سے روزہ اور رمضان کی اہمیت اور فضیلت واضح ہوتی ہے اسلئے ہمیں چاہئیے کہ اﷲ کے اس خصوصی مہمان ماہ رمضان کی قدر کرتے ہوئے نیکیوں میں زیادہ سے زیادہ بڑھ جانے کی کوشش کریں۔
Naeem Ul Islam
About the Author: Naeem Ul Islam Read More Articles by Naeem Ul Islam: 101 Articles with 72999 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.