صلوٰۃ التسبیح کا طریقہ

متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
امیر: عالمی اتحاد اہل السنت والجماعت
صلوۃ التسبیح بہت اہمیت کی حامل ہے۔اس کی چار رکعت ایک سلام کے ساتھ ہیں۔ ہر رکعت میں پچہتر(75) بار یہ تسبیح سبحان اﷲ والحمد ﷲ ولا الہ الا اﷲ واﷲ اکبر پڑھنی چاہئے۔ طریقہ اس حدیث میں منقول ہے۔

حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے حضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اﷲ عنہ کو ارشاد فرمایا۔ اے چچا ! کیا میں آپ کو ایک ہدیہ ، تحفہ اور ایک خبر نہ دوں؟ کیا میں آپ کو دس باتیں نہ بتاؤں کہ جب آپ انہیں کرلیں تو اﷲ تعالی آپ کے نئے پرانے بھول کرکئے اور جان بوجھ کر کئے ہوئے ، چھوٹے بڑے، چھپ کر کئے یا ظاہر سب گناہ معاف فرما دیں۔ وہ دس خصلتیں(باتیں) یہ ہیں کہ آپ چار رکعت پڑھیں۔ ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ اور کوئی سورۃ پڑھیں۔ جب پہلی رکعت میں قرات سے فارغ ہوں تو قیام ہی کی حالت میں یہ کلمات سبحان اﷲ والحمد ﷲ ولا الہ الا اﷲ واﷲ اکبر پندرہ بار پڑھیں، جب رکوع کریں تو حالت رکوع میں دس بار پڑھیں ، پھر رکوع سے سر اٹھائیں تو دس مرتبہ کہیں۔ پھر سجدہ کے لئے جھک جائیں تو سجدہ میں دس مرتبہ کہیں۔ پھر سجدہ سے سر اٹھائیں تو دس مرتبہ کہیں۔ پھر سجدہ کریں تو دس مرتبہ کہیں ، پھر سجدہ سے سر اٹھائیں تو دس مرتبہ کہیں (پھر دوسری رکعت کے لئے کھڑے ہو جائیں)ہر رکعت میں یہ کل پچہتربار ہوگئے۔ آپ چار رکعت میں ایسا ہی کریں۔ اگر ہر دن پڑھنے کی طاقت ہو تو ہر دن پڑھیں، اگر ایسا نہ کرسکیں تو ہر جمعہ کو ایک بار پڑھیں، ہر جمعہ کی طاقت نہ ہوتو ہر مہینہ میں ایک بار پڑھیں ، اگر ہر مہینہ میں نہ پڑھ سکیں تو سال میں ایک بار پڑھیں اور اگر سال میں بھی نہ پڑھ سکیں تو عمر بھر میں ایک بار ضرور پڑھیں۔
(سنن ابی داود ج1 ص190 باب صلوۃ التسبیح)

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ثناء پڑھنے کے بعد مذکورہ تسبیح پندرہ بار پڑھے۔ پھر رکوع سے پہلے رکوع کی حالت میں ، رکوع کے بعد، سجدہ اولیٰ میں ، سجدہ کے بعد بیٹھنے کی حالت میں ، پھر دوسرے سجدہ میں دس دس بار پڑھے پھر سجدہ ثانی کے بعد نہ بیٹھے بلکہ کھڑا ہو جائے۔ باقی ترتیب وہی ہے۔
(جامع ترمذی ج1 ص109 باب ما جاء فی صلوۃ التسبیح)
muhammad kaleem ullah
About the Author: muhammad kaleem ullah Read More Articles by muhammad kaleem ullah: 107 Articles with 120768 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.