ہماری ویب کا ایک اور مثالی کردار

اُردو زبان کی ترویج و ترقی کو فروغ دینے کا پہلا اعزاز پاکستان کی پہلی ویب سائٹ "ہماری ویب " کو ۱۴ /اگست ۲۰۰۷کو حاصل ہؤا جو اس کے نام سے ہی ظاہر ہے۔ ہماری ویب یقیناَ ہمارے تمام انٹرنیٹ یوزرز (internet users) بشمول ہمارے نوجوانوں٬ طلبہ٬ پروفیشنلز اور فیملی کے تمام افراد کے لیے انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک منفرد پورٹل ہے- پاکستان سمیت دنیا بھر میں اردو پڑھنے اور لکھنے کا ذوق رکھنے والوں کیلئے یہی ایک بہترین سائٹ ہے اسی وجہ سے اس پر لکھنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے جو کہ اب لاکھوں میں پہنچ چکی ہے۔

لیکن آج اس کے بانی و چیف ایکزیکٹو جناب ابرار احمد صاحب نے اپنے تھنک ٹینک کی مدد سے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی توفیق محض اللہ ہی کیطرف سے ہو سکتی ہے کیونکہ اپنے بارے میں مثبت سوچ رکھنے اور اس پر عمل کرنے والوں کی تعداد تو خاصی ہے اور مثبت سوچ کیطرف مائل کرنے والے لکھاری بھی آج لاکھوں میں پہنچ چکے ہیں ، لیکن اس وطنِ پاکستان کے بارے میں چار سُو منفی ہی منفی خیالات ، باتیں اور اعمال کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ جس کی وجہ سے پچھلے ساٹھ سال سے یہی اندیشہ رہتا ہے کہ یہ وطن اب گیا اور تب گیا اور آدھا تو انہی حرکتوں کیوجہ سے چلا بھی گیا۔ لیکن آج ہماری ویب کی جانب سے ایک اعلان ہؤا جس نے کم از کم میرے اندر تو وہ جوش و ولولہ پیدا کیا کہ جس نے منفی احساسات کی تاریک کھائی میں سے نکال کر مثبت سوچ کی وہ روشنی دکھائی کہ مجھ میں ایک اچھوتی خواہش نے جنم لیا کہ اس ملک کا ہر ذی شعور و پڑھا لکھا شخص ایک آرٹیکل نہیں تو کم از کم ایک جملہ ہی لکھ ڈالے کہ "میرا پاکستان کیسا ہو"۔ یقیناً یہاں رہنے والا عام آدمی کبھی نہیں چاہے گا کہ یہاں کوئی مزید بگاڑ جنم لے۔

اس موضوع پر آرٹیکل لکھنے کا مقابلہ کروانا تو غیر معمولی بات ہے ہی لیکن اس قسم کی سوچ پیدا کرنے کی طرف مائل کرنے میں سبقت لے جانا ایک بے مثال اعزاز ہے جو ہماری ویب کے نصیب میں آیا۔ یہ حب الوطنی کی ایک عظیم مثال ہے یقیناً۔ میرا ایمان ہے کہ بے شمار افراد جو پاکستان کے حالات سے مکمل طور مایوس ہو چکے ہونگے ان میں بھی امید کی کرن پیدا ہوگی اور اپنے اندر دفن شدہ مثبت سوچ کے ساتھ اس مقابلے میں اس لئے شریک نہیں ہونگے کہ بیس ہزار روپے کا انعام پا لیں بلکہ اس آس میں لکھیں گے کہ ایک بہتر پاکستان بنانے میں اپنا ایک آنسو ٹپکا کر اس ملک کی تقدیر بدل ڈالیں اور کیوںنہ بدلے ۔ لاکھوں دلوں کی آواز آرٹیکل کی شکل میں عرش تک پہنچے گی انشاء الللہ۔
Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 180 Articles with 149174 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More