یومِ آزادی ،تاریخ اور تقاضے

تحریر:فتح محمد عرشیؔ پائی خیل،

؂ دلیل صبح ِ روشن ہے ستاروں کی تنک تابی
افق سے آفتاب اُبھرا،گیادورِ گراں خوابی
اﷲ تعالیٰ کالاکھ لاکھ شُکرہے کہ آج ہم پاکستان کا69واں یومِ آزادی بڑے جوش وخروش سے منارہے ہیں۔ کیاآپ نے کبھی سوچاکہ ہم اس دن گھروں اوربازاروں کوکیوں سجاتے ہیں؟رات کوچراغاں کیوں کرتے ہیں؟ پاکستانی پرچم والی جھنڈیاں کیوں لگاتے ہیں؟سبزہلالی پرچم کیوں لہراتے ہیں؟اس کاجواب تلاش کرنے کے لئے ہمیں ایک صدی پیچھے جاناپڑیگا۔

یہ اُس وقت کاقصہ ہے جب انگریزہم پرحکومت کررہے تھے۔برصغیرمیں ہندؤں کی اکثریت تھی ۔وہ چاہتے تھے کہ انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے بعدہم مسلمانوں کواپناغلام بنالیں۔گویابرصغیرکے مسلمان مایوسی کے اندھیروں میں بھٹک رہے تھے ۔ان حالات میں رحمت ِ خداوندی جوش میں آئی۔شاعرِ مشرق علامہ محمداقبالؒ نے پاکستان کاخواب دیکھاتوہمیں امیدکی کرن نظرآئی ۔
ؔ ؂ کوئی قابل ہوتوہم شانِ کئی دیتے ہیں
دھونڈنے والوں کودنیابھی نئی دیتی ہیں۔

اﷲ تعالیٰ نے ہمیں ایک ایسالیڈرعطاکردیاجوتھاتودُبلاپتلا،مگردرحقیقت وہ عزم وہمت کاپہاڑتھا۔جوبھی رکاوٹ اس کے راستے میں آئی ،وہ اس کی ٹھوکروں سے اُڑگئی ۔اس نے دلوں کویقین کی روشنی سے بھردیا۔اس نے انگریزحکومت اورہندوسامراج کے خلاف دوہری جنگ لڑی،اورجیت کردکھائی۔ہندؤں کا’’اکھنڈبھارت‘‘کا تصورخاک میں ملادیا۔اوردنیاکے نقشے پرایک آزادملک ’’پاکستان ‘‘کااضافہ کردیا۔
؂ یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیاہوئی حیران
اے قائداعظم!تیرااحسان ہے احسان

دوستو!پاکستان ہمیں یوں ہی مفت میں نہیں مل گیااس کے حصول کے لئے برصغیرکے مسلمانوں نے ان گنت قربانیاں دیں ۔ ہزاروں عصمتیں لٹیں۔لاکھوں گھربربادہوئے ۔تب جاکرپاکستان بنا۔اس کی بنیادوں میں شہیدوں کالہوشامل ہے۔
؂ یہ کیاتھا؟کس لئے تھا؟مُدّعاکیا،ماجراکیاتھا؟
مجھے معلوم ہے یہ جُزودوحرف’’لاالٰہ‘‘ کیاتھا؟
یہ ساری کاوشیں تھیں دین کی ،ایمان کی خاطر
ہزاروں کلفتیں تھیں ایک پاکستان کی خاطر

14اگست1947کوجب پاکستان بناتویہ دنیاکی سب سے بڑی اسلامی ریاست تھی ۔لیکن افسوس کہ ہم قائدکی امانت کی حفاظت نہ کرسکے اور1971میں مشرقی پاکستان ہم سے علیحدہ ہوکربنگلہ دیش بن گیا۔اورہم سے یہ اعزازچھن گیا۔
؂ شرق سے غرب تک میری پروازتھی
میں توشاہین تھاذہن ِ اقبال کا
ایک بازوپہ اُڑتاہوں میں آج کل
دوسرادشمنوں کوگوارانہ تھا!

دوستو!کبھی سوچاکہ ایساکیوں ہوا؟ہم دن بدن ذلت کی پستیوں میں کیوں گرتے جارہے ہیں؟صرف اس لئے کہ ہمیں انتشار،نااتفاقی،بے ایمانی اورتعصب جیسی مہلک بیماریوں لاحق ہوچکی ہیں۔ہم 14اگست کے دن تقریریں کرتے ہیں۔وطن سے محبت کے دعوے کرتے ہیں اورپھر۔۔۔۔۔اگلے دن بھول جاتے ہیں۔

آئیے !آج ایک بارپھریہ عہدکریں کہ ہم پاکستان کی حفاظت ،سالمیت اورترقی کے لئے جان بھی قربان کردیں گے ۔کیونکہ پاکستان ہماری پہچان ہے۔پاکستان ہے توہم ہیں یہ نہیں توہم بھی نہیں۔اورہاں ۔۔۔۔اس باراس عہدکوبھولنامت!
؂ خداکرے کہ میری ارضِ پاک پراُترے
وہ فصل ِ گُل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو
 
Hafiz kareem ullah Chishti
About the Author: Hafiz kareem ullah Chishti Read More Articles by Hafiz kareem ullah Chishti: 179 Articles with 295867 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.