قومی اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف متفقہ قرار داد منظور

گزشتہ کل جمعہ کے روز وفاقی وزیر اُمور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے مؤرخہ 22 اگست بروز سوموار کو الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر اور نعرہ بازی کے خلاف ’’قرار دادِ مذمت ‘‘ ایوانِ بالا میں پیش کی تھی، جسے قومی اسمبلی نے M.Q.M کی حمایت سے اتفاق رائے سے منظور کرلیاہے۔ M.Q.M کے ارکان سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں نے قرار داد کی حمایت کی ۔

M.Q.M کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار ا ور وزیر ریاستی و سرحدی اُمور جزل ( ر ) عبد القادر بلوچ نے قرار داد پر اپنا اظہارِ خیال کیا ۔ قرار دار پر بحث پیر کو بھی جاری رہے گی ۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ : ’’یہ ایوان ٗکراچی پریس کلب کے باہر M.Q.M کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں مؤرخہ 22 اگست بروز سوموار کو پاکستان کے خلاف تقریر اور پاکستان مخالف نعرے لگانے پر الطاف حسین کی اشتعال انگیزاور متنازع فیہ تقریر ، ملک کی اساس اور اس کی سا لمیت پر تابڑ توڑ حملے ، میڈیا ہاؤسز بالخصوص A.R.Y پرحملوں کی پر زور مذمت کرتا ہے ۔ یہ ایوان ٗ کسی بھی قسم کے جرائم ، دہشت گردی اور پاکستان مخالف نعروں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ نیز اس بات کا مطالبہ کرتا ہے کہ ان افراد کے خلاف قانون و آئین کے مطابق کار روائی عمل میں لائی جائے ۔ یہ ایوان ٗ پالیمنٹ ، میڈیا ، افواج ، عدلیہ اور دستور کے تحت کام کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔‘‘

M.Q.M کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے کہا کہ: ’’ مجھے بھی قرارداد پڑھنے کا موقع ملتا تو ہمارا مؤقف بھی سامنے آجاتا ۔ 22 اگست ہمارے لئے سب سے برا دن تھا ۔ تحریک کے بانی نے لکیر کھینچی تو ہم نے بھی لکیرکھینچ لی ہے، اور الطاف حسین سے مکمل طور پر قطع تعلق کرلیاہے ۔ میں آپ سب کے شک و شبہ کو سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے کوئی اپنا سب کچھ قربان کرسکتا ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے لئے آگ و خون کے دریا عبور کیے تھے ، وہ پاکستان کے بانی تھے ۔ پاکستان کے ساتھ ہماری محبت غیر مشروط ہے ۔ ایک بیان کی پاداش میں سارے مہاجروں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ اس لئے اس بیان سے قطع تعلق کیا ہے ۔ اُمید ہے کہ ایوانِ بالا بھی ہماری عزت نفس کا ضرور خیال رکھے گا ۔ سندھ میں کوٹہ سسٹم نے تعصب کی کیفت پیدا کی ۔ 40سال بعد بھی سندھ میں کوٹہ سسٹم کا قانون ختم نہیں ہوا ۔ رینجرز کراچی کے D.G کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خلاف بیان کی ستائش کرتا ہوں ۔ ‘‘

لیفٹینٹ جزل (ر) عبد القادر بلوچ نے کہا کہ : ’’بانیانِ پاکستان ‘‘کا تعلق پورے پاکستان سے ہے ، صرف ایک شہر میں رہنے والے’’ بانیانِ پاکستان‘‘ نہیں ہیں ۔1947ء میں آگ اور خون کے دریا عبور کرکے پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے لوگوں میں سے 95 فی صد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے، صرف 5 فی صد لوگ دوسرے صوبوں میں آباد ہیں ۔ M.Q.M کے رہنماؤں کی باڈی لینگوئج سے اب بھی الطاف حسین کی عزت و احترام نظر آرہا ہے ۔‘‘

1984ء میں الطاف حسین نے کراچی میں مزارِ قائد کے سامنے پاکستان کا جھنڈا جلایا تھا اور بھارت میں جاکر پاکستان اور دو قومی نظریے کے خلاف بات کی تھی ، بلاشبہ اس شخص نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ۔ اگر یہ کہا جائے کہ M.Q.M کا کوئی عسکری ونگ نہیں تھا تو یہ عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہوگی ۔

فاروق ستار کو M.Q.M کو عوام کے لئے قابل قبول بنانے کے لئے الطاف حسین اور M.Q.M کی تاریخ سے الگ کرنا ہوگا ۔ M.Q.M نے خود کراچی میں فوج طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ پاکستان کے خلاف بات کرنے والے شخص کے خلاف ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کوئی منا سب سزا ضروردے ۔

دوسری جانب M.Q.M نے بھی اپنے بانی الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں قرار داد جمع کرا دی ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ متحدہ رہنما اور کارکن محب وطن ہیں ۔ قرار داد میں میڈیا ہاؤسز پر حملوں کی بھی پرزور مذمت کی گئی ہے ۔ قرار داد رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی ، جس پر M.Q.M کے 22 ارکانِ قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ M.Q.M پاکستان ہر قسم کے جرائم اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے ، لہٰذا حکومت پاکستان اور اس کے سرکاری ادارے کھلے دل سے M.Q.M کا خیر مقدم کریں۔
 
Mufti Muhammad Waqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqas Rafi: 188 Articles with 278995 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.