قارئین! سب سے پہلے آپ سب کو عید قربان مبارک ہو۔جیسا کہ
آپ سب جانتے ہیں کہ عید قربان حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل
علیہ السلام کی سنت ہے جس کو پورے عالم اسلام کے مسلمان بڑے مذہبی جوش و
خروش سے مناتے ہیں یہ سب وہ اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کرتے
ہیں۔دوستو اس دن آپ کو نادار لوگوں کو کبھی بھی نہیں بھولنا چاہئے جو سارا
سال مہنگائی کی وجہ سے گوشت نہیں خرید سکتے اور یوں عید قربان پر ان لوگوں
کو بھی گوشت جیسی عظیم نعمت کھانے کا شرف حاصل ہو جاتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ گوشت میں ایسے اجزاء ہیں جو انسا نی جسم کو طاقت
دیتے ہیں اور خون پیدا کرتے ہیں اس کے علاوہ انسان کو فربہ کرتے ہیں۔ماہرین
کے مطابق سرخ گوشت کو اعتدال مین رہ کر کھانا چائیے ورنہ یہ مضر صحت ہو
سکتا ہے۔ویسے بھی آجکل کے دور میں لوگ گوشت کا زیادہ استعمال کرتے ہیں یہی
وجہ ہے کہ ہر انسان کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا نظر آتا ہے۔صحت مند زندگی
کے لئے ضروری ہے کہ ہم سبزیوں اور دالوں کے استعمال کو بڑھا دیں۔اگر گوشت
کھانا بھی تو کسی سبزی یا دال کے ساتھ شامل کر کے کھایا جا سکتا ہے۔
عام طور پر ایک شخص کوایک وقت میں 200گرام سے زیادہ سرخ گوشت کا ستعمال
نہیں کرنا چاہیئے۔کوشش کریں کہ گوشت کے ساتھ سلاد ،دہی اور لیموں کا
استعمال ضرور رکھیں۔
سرخ گوشت کے استعمال سے بلڈ پریشر ،کولیسٹرول ،گھٹیا ،دل کے امراض،قبض،یورک
ایسڈ کا بڑھنا،گردوں کی خرابی،موٹاپا اور کئی دوسرے امراض لاحق ہونے کا
خطرہ رہتا ہے۔اس کے علاوہ گوشت خوروں کا دماغ کند ذہن ہو سکتا ہے۔عید پر
گوشت ضرور کھائیں لیکن اعتدال مین رہ کر کھائیں۔اتنا گوشت ہی استعمال کریں
جتنا آپ کا معدہ اسے ہضم کر سکے۔ورنہ پھر آپ مندرجہ بالا امراض کا شکار
ہونے کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں۔زیادہ گوشت کھانا آپ کو ہسپتال کا رستہ
دکھا سکتا ہے ۔عید کے دن کو بھر پور گذارنے کے لئے کم گوشت کا استعمال کریں۔
دوستو ہم قربانی کے گوشت کو کئی کئی ماہ تک فریزر میں سٹور کر لیتے ہیں جو
کہ انتہائی مضر صحت بات ہے۔گوشت کو کم از کم ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں
کھا لینا چاہیئے۔ایک ماہ سے زیادہ فریز شدہ گوشت آپ کی صحت کو خراب کر دیتا
ہے بجائے فائدہ ہونے کے آپ کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ گوشت
آپ کے مسوڑوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور زیادہ گوشت کھانے سے خدانخواستہ
کینسر جیسی موذی بیماری بھی ہو سکتی ہے۔آخر میں میں آپ سے گذارش کرتا ہوں
کہ آپ گوشت ضرور کھائیں لیکن اعتدال میں رہتے ہوئے کھائیں تا کہ آپ صحت مند
رہتے ہوئے سب گھر والوں کے ساتھ عید کو بھر پور طریقے سے منا سکیں۔صحت مند
اشیاء کھائیں اور صحت مند نظر آئیں۔شکریہ۔ |