اقوام متحدہ کے اجلاس کے لئے بھارت کی سازش

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف خطاب کریں گے جس میں امکان ہے کہ میاں صاحب کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سب سے زیادہ اہم ہے اور فوری طور پر حل طلب مسئلہ ہے لیکن اسے حل کرنے میں بھارت کی طرف سے ہمیشہ تاخیری حربے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ اس بار مسئلہ کشمیرکو دبانے کے لئے اڑی کے فوجی اڈے پر حملہ کروایا گیا تاکہ اس واقعہ کا الزام پاکستان پر ڈال کر پاکستان کو دہشتگردی کا ذمہ دار قرار دیا جائے اور عالمی طاقتوں کے سامنے یہ موقف رکھا جائے کہ پاکستان دہشتگردی کو سپورٹ کرنے والا ملک ہے۔ امریکہ اس وقت بھارت کی ہم نوائی میں پیش پیش ہے ۔ کچھ عرصے قبل ہی امریکہ میں بھارت نواز سنیٹرز نے پاکستان کو دہشتگرد ریاست ڈکلیئر کروانے کی بات کی تاہم دیگر سینیٹرز نے اس بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا بلکہ شدت سے اس تجویز کی مخالفت کی۔ اہم بات یہ ہے کہ امریکہ میں ایک طرف تو بار بار یہ بات اٹھائی جاتی ہے کہ پاکستان پر اقتصادی اور لاجسٹک سپورٹ کی پابندیاں عائد کی جائے تو ایک دوسری لابی پاکستان کی خلاف اس بھڑکتی ہوئی آگ پر پانی ڈالنے کی کوشش کرتی ہے ۔ پھر اس خبر کو بہت زیادہ میڈیا پر اچھالا جاتا ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے اور چونکہ امریکہ خود بھی اپنے مفادات کے لئے پاکستان سے بہتر تعلقات رکھنا چاہتا ہے اور کلی طور پر پاکستان کے خلاف نہ ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے لہذا دونوں باتیں ملی جلی رکھتا ہے کہ ایک طر ف سے پاکستان پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور دوسری طرف پاکستان کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ امریکہ میں پاکستان کی حمایت اور سپورٹ موجود ہے۔ یہ سب کچھ ملی بھگت سے ہوتا ہے ۔ اڑی کا واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک بہت زیادہ شدت اختیار کر گئی ہے اور بھارت کو عالمی سطح پر جواب دینا مشکل ہو رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی ہو رہی ہے جبکہ بھارتی فورسز کی طرف سے بربریت کے نئے ریکار ڈ قائم کئے جا رہے ہیں ایسی صورت میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارتی حکومت اور سیکیورٹی فورسز پر سوالات کھڑے کر رہی ہیں ۔ عام خیال یہی ہے کہ بھارت نے ان سوالات سے بچنے کے لئے اڑی کے فوجی اڈے پر حملہ کروایا تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی زیادتی سے دنیا کی توجہ ہٹائی جا سکے۔اب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف مقبوضہ کشمیر کے بارے میں کیا بات کرتے ہیں اور کس طرح کرتے ہیں یہ بہت اہم ہے۔ لیکن دوسری طرف بھارت کی سازش بھی تیار ہے اور میاں محمد نواز شریف کو سازش کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار رہنا پڑے گا ۔جب بھارت کی طرف سے یہ اڑی کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور اس میں پاکستان کو دہشتگرد وں کی سپورٹ کرنے والا ملک یا ایک دہشتگرد ملک ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی تو اس کا پاکستان کے وزیراعظم اور سفارتکاروں کے پاس کیا جواب ہے اور پاکستان اپنا مقدمہ کیسے لڑے گا یہ سب سے زیادہ اہمیت کی حامل بات ہے۔
Riaz Aajiz
About the Author: Riaz Aajiz Read More Articles by Riaz Aajiz: 95 Articles with 68398 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.