ایک خادم قوم کی دعا

(نوٹ٬ مجھ پر کفریہ فتویٰ لگانے سے پہلے یہ دعا کرنے والے سے پوچھ لیجیے گا)

اے اللہ تیرا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ تو نے ہم جیسے لوگوں پر اتنا کرم کیا اور ہمیشہ کیا جب سے یہ ملک جس کا نام پاکستان ہے بنا، ہمیشہ تو نے ہمیں یہاں حکمرانی دی کاروبار دیا، اور کبھی بھی منافع کم نہ ہونے دیا اور جب کبھی ضرورت پڑی تو اندرون ملک اور بیرون ملک سے ڈالروں کے انبار ہمارے لئے آ گئے اور آج ۔۔۔۔۔ جب گھر گھر ماتم ہو رہا ہے، لوگوں کے لئے ایک وقت کی روٹی مشکل ہے، گھر بار تباہ ہو چکے ہیں٬ جوان مارے جا رہے ہیں، بوڑھے ڈوب چکے ہیں، بچے بیماریوں کا شکار ہیں اور باقی بھوک کا شکار ہو رہے ہیں ایسے حالات میں اے اللہ تیرا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے، میرا گھرانہ نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اسکے حفاظت بہترین سپاہی کر رہے ہیں میرے دسترخوان پر دنیا کی ہر نعمت موجود ہے، میرے بینک میں اربوں اور تجوری میں کروڑں موجود ہیں اور باہر کے بینکوں میں ڈالرز ہیں اور ہر بڑے شہر میں محل ۔ ۔۔ اے اللہ تو کتنا مہربان ہے ہم پے کہ جب میرے ملک کے لوگ بس کا کرایہ برداشت نہیں کر پا رہے تو ہر سال کی طرح ہمیں اپنے کعبے میں بلاتا ہے اور اپنے محبوب کے روضے میں رمضان گزارنے کا شرف دیتا ہے اور تو اور اب تو نے میرے ملک میں سیلاب بھیج کر ہماری عید پر دنیا بھر سے ہمارے لئے ڈالرز کی شکل میں عیدی رمضان سے پہلے ہی دے دی ہے ۔ ۔۔ ۔ اب میرے بچے خوش ہیں کہ اس سال ہم سارا یورپ گھوم سکیں گے اور کرسمس کی روشنیوں کا مزہ لے سکیں گے اے اللہ تیرا اتنا کرم ہے اور مجھے یقین ہے ایسا ہی کرم تو مجھ پر اور میری آنے والی ساری نسل پر رکھے گا کیونکہ تو تو ہماری ہی سنتا ہے نا ۔ ۔ ۔ اور تو نے یہ دنیا ہم جیسے لوگوں کے لئے ہی تو بنائی ہے تھینک یو ۔ ۔۔ ۔ میرے اللہ ، اب میں نے جشن بہاراں میں جانا ہے، جہاں آج ہم نے مستی کی تمام حدیں توڑنی ہیں، اور تیری عبادت کے نشے کے بعد دنیا والا نشہ بھی تو کرنا ہے تا کہ جنت کے نشوں کی عادت ہو جائے۔۔۔ آمین ثمہ آمین
Azhar Ul Haq
About the Author: Azhar Ul Haq Read More Articles by Azhar Ul Haq: 7 Articles with 8097 views I am Azhar, a fat man, and open minded person .. . love to live . . . with friends and family.. View More