ادب و کتب خانہ کے صنفی اشاریہ کی تقریب رونمائی

خوش قسمتی سے ادب و کتب خانہ کے سرپرست فرید سبزواری اور فہیم سبزواری کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بزم اکرم نے ایک ظہرانہ ۲۸ دسمبر ۲۰۱۶ء کو عثمانیہ ریسٹورنٹ، گلشن اقبال میں منعقد کیا۔ دیگر سرپرستوں میں زین صدیقی، عذرا قریشی اور سیدآباد علی آباد بھی موجود تھے۔ مہمانوں خصوصی کے فرائض ڈاکٹر غنی الاکرم سبزواری نے ادا کئے اور صدر مجلس محمد خورشید عالم تھے۔دیگر حاضرین میں ڈاکٹر نسیم فاطمہ، عبدالصمد انصاری، ڈاکٹر نسرین شگفتہ، سید احمد نقوی اور لیاقت علی خاں نے بزم اکرم کی نمائندگی کی۔

تقریب کا آغاز اللہ کے بابرکت نام سے ہوا۔ ڈاکٹر نسیم فاطمہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر نسرین شگفتہ نے ادب و کتب خانہ اور صنفی اشاریہ مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا۔ صدر مجلس محمد خورشید عالم نے بزم اکرم کی سر گرمیوں کو سراہتے ہوئے اراکین بزم اکرم کو دلی مبارکباد پیش کی اور کلسا کینیڈا چیپٹر کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر غنی الاکرم سبزواری نے لائبریری پروموشن بیورو اور بزم اکرم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

اسی تقریب میں زین صدیقی نے اپنی تازہ ترین تصنیف"اک رنگ دگر" مطبوعہ لائبریری پروموشن بیورو معزز مہمانوں کی خدمت میں پیش کی۔اس پر تمام مہمانوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر بزم اکرم عبدالصمد انصاری نے مہمانوں کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔