بیٹا نواز شریف ، وعدہ پورا کرو،عصمت صدیقی

انتخابات میں وہ عوام کے سامنے کہا کرتا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو میں واپس لے کر آؤنگا ۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی جو قوم کی بیٹی ہے اور جسے امریکہ نے برسوں سے قید کیا ہوا ہے وزیر اعظم بننے کے بعد قوم کی بیٹی کو وطن لے آؤنگا ۔ یہ میرا آپ سے وعدہ ہے۔ اس وعدے کی تکمل کیلئے آپ لوگ مجھے ووٹ دیجئے ۔

اس طرح کے جملے اور وعدے وزیر اعظم ایک جلسے میں نہیں بلکہ بہت سارے جلسوں میں کر چکے ہیں ۔ پھر یہ ہوا کہ عوام نے انہیں ووٹ دے کر ملک کا وزیر اعظم بنایا ۔ حلف اٹھانے کے بعد جب وہ سب سے پہلے کراچی آئے تو عافیہ کے بچوں سمیت مجھے گورنر سندھ ہاؤس بلایا اور ہماری ان سے ملاقات ہوئی ۔ اس ملاقات میں کئے گئے وعدے جو انہوں نے مجھ سے میرے بچوں سے کئے میں کبھی بھلا نہیں سکو نگی۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ میری امی جان میں آپ کا بیٹا ہوں اور عافیہ کو میں ہی واپس لاؤنگا۔مصیبت کے دن اب گذر گئے اور سب ختم ہوگئے اب میں آگیا ہوں اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ عافیہ کو واپس لے کرمیں ہی آؤنگا۔ اسی طرح کی انہوں نے اور بھی بہت ساری باتیں کیں ، بہت دلاسے دیئے انکی ان تمام باتوں کو میں کبھی نہیں بھلا سکتی اور اس کے ساتھ میں یہ بھی کہتی ہوں کہ وہ غلط بیانی نہیں کر سکتے وہ اپنا کہا ہوا بھول نہیں سکتے وہ بیٹی کو واپس لے کر آئیں گے ۔

یہ چند باتیں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی کی ہیں جو انہوں نے اک نجی ٹی چینل کے ٹاک شو اور متعدد بار ملاقاتیوں سے کیں ہیں۔ ان کا اس بات پر یقین ختم نہیں ہوپا رہا ہے کہ نواز شریف نے جو وعدہ ان سے برسوں قبل گورنرسندھ ہاؤس میں کئے تھے وہ اسے پورے کئے بغیر اپنی مدت وزارت پوری کریں گے۔ ان کا تو اب بھی یہ کہنا اور سمجھنا ہے کہ وزیر اعظم تو امریکی صدارت کی منتقلی سے قبل اپنا فریضہ ادا کریں گے کیونکہ انہوں نے وعدہ اک ماں سے کیا تھا اور یہ ماں جانتی ہے کہ جب اس وزیراعظم پرماضی میں سخت وقت آیا تھا تو راتوں کے آخری پہر میں کون اٹھ کر ان کے حق میں دعا مانگا کرتی تھی ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں انہوں نے یہاں تک کہا کہ امریکی اٹارنی جنرل نے ہمارے وکیل سے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اگر اس صورتحال میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے خط لکھ دے تو امریکی حکومت ڈاکٹر عافیہ کو رہاکر دے گی۔ اب جبکہ نئے امریکی صدر کو چند دنوں بعد اپنی صدارت کا آغاز کرنا ہے تو ایسی صورت میں بھی اس ماں کے پختہ یقین کے پورا ہونے کی دعا ہی کی جاسکتی ہے ۔
عافیہ موومنٹ میں قوم کی بیٹی کی رہائی کیلئے کام کرنے والے رضاکار جب بھی صورتحال سے ، حکومتی ، سیاسی ، مذہبی و دیگر جماعتوں کے اور کبھی عوام تک مایوس ہوجاتے ہیں تو ایسی صورتحال میں قوم کی بیٹی کی والدہ عصمت صدیقی ہی ان کی ہمت بڑھاتی ہیں ان کے حوصلوں کو وہ ٹوٹنے ،کم ہونے نہیں دیتیں ہر ایسے موقع پر وہ رضاکاروں کو پرامید کردیتی ہیں ۔ وہ ان سے کہا کرتی ہیں کہ آپ لوگ انفرادی و اجتماعی طورپر اپنی جدوجہد جاری رکھو اور انسان کام جدوجہد کرنا ہے ، لہذا امید رکھو کہ آپ کی جدوجہد اک روز ضرور کامیاب ہوگی اور جس بیٹی کیلئے ، جس بہن کو باعزت رہائی دلواکر واپس لانے کیلئے آپ لوگ محنت کر رہے ہیں وہ اک دن ضرور واپس آئے گی اور جلد واپس آکر اس ملک کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔قوم کی بیٹی کی ماں کا یہ جذبہ اس وقت بھی عروج پر تھا جب انہوں نے سزا کا سنا تھا اور اس قدر مدت گذر جانے کے باوجود آج بھی ان جذبہ وہیں پر ہے ۔

امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل اسٹفین ڈاؤنز نے ان دنوں صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان کو خط لکھا کہ وہ ان دنوں امریکہ حکومت کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے متعلق خط لکھیں لیکن وزیر اعظم اور ان کی کابینہ میں سے کسی نے بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔ جس سے اس بات کا بھی اشارہ عیاں ہوتا ہے کہ وہ وزیر اعظم اپنے وعدے کی تکمیل کیلئے کس قدر سنجیدہ ہیں ۔ لیکن یہ ساری باتیں ، ساے نکات و اشارے جب عصمت صدیقی کے سامنے کئے جاتے ہیں تو وہ اس وقت بھی مایوس نہیں ہوتی بلکہ امید کا دامن تھامے رکھتی ہیں ۔

حکومت کے ساتھ ملک کی دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اس قومی معاملے پر کردار بھی عوام کے سامنے ہے ۔ حزب اختلاف میں سرفہرست سابقہ حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی ہے جو ماضی میں پانچ سال ملک پر برسراقتداررہے لیکن انہوں نے بھی ماسوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا ۔ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان ، جن کے متعلق یہ کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ہی سب سے پہلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر آواز اٹھائی تاہم وہ اب اس آواز کو تاحال برقرار نہیں رکھ پائے ہیں اور ان دنوں پانامہ لیکس کے معاملات پر ان کی اور ان پوری جماعت کی تمام تر توجہ مرکوز ہے ۔ باقی ماندہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کا معاملہ بھی سب ہی کے سامنے ہیں ۔لیکن اس وقت ان سب کو ایک جانب رکھ کر وزیر اعظم کو آگے بڑھنا چاہئے اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا چاہئے ۔ یہ وعدہ انہوں نے ایک ماں سے نہیں کیا بلکہ انہوں نے قوم کی تمام ماؤں سے کیا ہے ۔ میاں صاحب کو اپنے اس وعدے کی پاسداری کا خیال رکھنا چاہئے اور اپنے وہ الفاظ جو انہوں نے عصمت صدیقی سے کہے تھے کہ میری امی جان ، میں آپ کا بیٹا ہوں اور عافیہ کو میں لاؤنگا ۔۔۔ ہاں انہیں اپنے ان الفاظ کی لاج رکھنی چاہئے ۔ایک بیٹا جھوٹا نہیں ہوسکتا ہے اور ایک قوم کی ماں کا وزیر اعظم بیٹا تو بالکل بھی جھوٹا نہیں ہوسکتا ہے یہ موقع ہے اس وزیر اعظم کو اپنی کہی ہوئی یہ بات پوری کرنے کا ۔ آج اگر اس وزیر اعظم نے قوم کی ماں سے کیا ہوا وعدہ پورانہیں کیا تو یاد رہے کہ جس طرح پانامہ لیکس میں اس وزیر اعظم کی عزت عوام کے سامنے آتی جارہی ہے ایک تحریک انصاف اور اس کاقائد عمران خان نہیں ، دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتیں نہیں ،ایک ادارہ نہیں ملکی اور غیر ملکی ادارے تک پانامہ لیکس پر اپنی رپورٹس دے رہی ہیں جن میں حقائق سب کے سامنے آتے جارہیں اور ان حقائق کے سامنے آنے کے بعد دیگر ممالک کے وزراء کاکیا اقدام ہوتاہے اور اس ملک کے وزیر اعظم کیا کردارواقدام کرتے ہیں ؟وہ سب اس ملک کے ، دیگر ملکوں کے حکمرانوں کے سب ممالک کے سامنے ہے۔

اس لئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف ، اب بھی وقت ہے ، قوم کی ماں سے کیا گیا قوم کی بیٹی کو باعزت رہائی دلواکر واپس لانے کا وعدہ اب پورا کرلیں، یہی بہتر ہے ایک بیٹے کیلئے ، اک وزیر اعظم بیٹے کا ایک ماں سے اور اس قوم کی بیٹی کی ماں سے۔۔۔۔۔
Hafeez khattak
About the Author: Hafeez khattak Read More Articles by Hafeez khattak: 201 Articles with 182551 views came to the journalism through an accident, now trying to become a journalist from last 12 years,
write to express and share me feeling as well taug
.. View More