عقل کے اندھے

عوام ہوتے ہی سیدھے ہیں۔ ہر آنے والے سے امید لگا لیتے ہیں کہ وہ ان کا نجات دہندہ ہوگا اور اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں۔

میں بھی ان ہی کا حصہ ہوں۔ اٹھارہ فروری کے بعد تو جیسے مجھے لگا کہ کمال ہی ہوگیا اب ہمارا پاکستان پھر سے خود مختار ہوجائے گا اور فرد واحد اور اس کے آقا امریکا کی غلامی سے نجات حاصل کرلےگا۔ عدلیہ پر جو شب خون مارا گیا اورمعصوم طالبات کو فاسفورس کے بموں سے جو جلایا گیا تو اس کا حساب تو اللہ لے ہی لیگا لیکن کم از کم ہم ان ظالموں سے تو نجات حاصل کرلیں گے۔

لیکن افسوس اٹھارہ فروری کا بھاری مینڈیٹ بھی آمریت سے نجات نہیں دلاسکا اور جو این آر او کے خون سے جس جمہوریت کو پروان چڑھایا گیا وہ کیسے مضبوط ہوسکتی تھی جب اس ملک کے مستقبل کی بنیاد مفاد پرستی پر رکھی جارہی تھی۔

بدعنوانی کے باوجود مفاہمت کے نام پر احتساب اور تمام مقدمات سے نجات، آٹھ برس کے دوران تمام گناہوں کے باوجود بھی امریکا کی آشیرباد سے ایوان صدر میں براجمان رہنا، بارہ مئی جیسے خونی جرائم کے باوجود بھی اقتدار کے مزے لوٹنا، یا کچھ بھی ہو۔۔۔۔ اٹھارہ فروری کو عوام نے جو بیج بویا تھا اس کا پھل کیا نکل رہا ہے یہ سب کے سامنے ہے۔ ہمیں نظر آرہا تھا کہ بیج ناقص ہے اور پہلے بھی اس سے حاصل ہونے والا پھل بے مزا اور غیر سود مند رہا تھا تب بھی ہم نے وہی بیج دوبارہ بودیا اور اب کے کہیں زیادہ توقعات بھی وابستہ کرلیں۔ یہ تو ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ہاں قیادت کا بحران ہے اور صرف مفاد پرستوں کو ٹولہ ہی آگے آگے ہے۔

لوگ مہنگائی سے تنگ آکر کومہ کی کیفیت میں چلے گئے ہیں جن پر اب نئی ستم ظریفیوں کا کوئی اثر نہیں ہورہا۔

آج جب لال مسجد آپریشن کو ایک برس مکمل ہوا تو نہ جانے کیوں میرے کانوں میں معصوم طالبات کی آہیں اور سسکیاں گونجنے لگیں جو آج سے پہلے میں نے سنی بھی نہیں تھیں۔ ہمارے دل اتنے مردہ ہوچکے ہیں کہ ایک برس پہلے تک ہمارے دل جو خون کے آنسو رو رہے تھے اب نئے آنے والوں سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں لیکن نئے آنے والے امریکا سے آئے ایک مہمان کو خوش کرنے کیلئے قبائلی عوام کا خون بہا رہے ہیں اور ایک ماہ پہلے تک جو معاہدوں کی بات کر رہے تھے اب وہی لوگ آپریشن آپریشن کھیل رہے ہیں۔

اللہ ہمارے حالات پر رحم و کرم کرے اور ہمیں انسانیت کا دکھ درد سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے، آمروں اور ظالموں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلائے۔ آمین ثم آمین
Saif Ullah
About the Author: Saif Ullah Read More Articles by Saif Ullah: 4 Articles with 5604 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.