نواز شریف کی قوم کو للکار..... !!!کیوں...؟

وعدوں پر ٹرخائے جانے والے بیچارے نواز شریف کا قوم کو باہر نکلنے کا عندیہ

اگر تمام سیاسی اور ذاتی کدورتوں کو بالائے طاق رکھ کر دیکھا جائے تو ملک کی مفلوک الحال سترہ کروڑ عوام کا اعتماد زیادہ نہیں تو تھوڑا بہت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف پر ضرور بحال ہوا ہے کہ آج نواز شریف ہی وہ سیاست دان ہیں جن کے دل میں ملک کی غریب عوام کا درد اَب بھی موجودہ ہیں جو عوام کے لئے کچھ کرنے کو تو بیتاب ہیں مگر وہ بھی کیا کریں ....؟وہ اپنی عادت اور خصلت کے ہاتھوں مجبور ہونے کی وجہ سے کُھل کر نہ تو حکومت کے خلاف ہی میدان میں کودنے کو تیار ہیں اور نہ عوام کے لئے ہی کٹ مرنے کی اپنے اندر ہمت پیدا کر پائے ہیں جبکہ دوسری طرف ہمارے موجودہ جمہوری حکمران ہیں کہ جن کے دل عوام کے دُکھ درد سے عاری ہیں اور آج یہ ارب پتی حکمران عوام کی نظر میں وہ حیثیت نہیں رکھتے ہیں جو مقام اور مرتبہ پی ایم ایل (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو مسلسل اپنے ملک کے غریب عوام کے حق کے لئے صرف آواز بلند کرنے پر حاصل ہوچکا ہے۔ جبکہ ہمارے ارب پتی حکمرانوں کی حقیقت اِس شعر سے عیاں ہے۔
اِک مفلس و قلاش ہے وہ لاکھ پتی بھی بیگانہ اخلاص، جودُزدِیدیہ دہن ہے
دیکھے جو حقارت سے کسی فرش نشین کو وہ ننگِ زمیں،ننگِ وفا،ننگِ وطن ہے

اور مجھے اِس موقع پر یہ کہنے دیجئے کہ ایسی شخصیات جو حکمرانِ وقت ہیں اور جنہوں نے قوم کو صرف بہلانے اور وعدوں پر ٹرخانے کا فن جان رکھا ہے.....کیا ایسے لوگوں کو حکمرانی کرنے کا کوئی حق ہے ....؟؟جو اپنے لئے تو سب کچھ کریں اور اپنے عوام کو کوڑا کرکٹ جان کر اِن کے ارمانوں کو اپنے پیروں تلے کچلتے چلیں......

اور آہ! یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ ایسے حکمران اپنے ہی عوام پر ظلم کئے جائیں اور کوئی اِن کے سامنے آواز اٹھانے والا بھی نہ ہو اور اِن کا جو جی چاہئے وہ کرتے پھریں تو ایسے میں یہ شعر دل و زباں پہ آتا ہے اور ایسے حکمرانوں کے لئے یہ شعر حاضرِ خدمت ہے کہ
نکہتِ گُل نے ہر اِک اِن کا چمن ہکا دیا کاغذی پُھولوں سے قُدرت نے ہمیں بہلا دِیا
اُن کو تو بخشی ِگئیں فردوس کی حُوریں یہاں وعدہ فروا پہ واعِظ نے ہمیں ٹرخا دِیا

اور اِس کے ساتھ ہی آج شائد قوم کا ہر فرد اِس حقیقت سے بھی اچھی طرح سے واقف ہو چکا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اِس حکومت کے عوامی خدمت کے دعویداروں نے عوام کو ہر سطح پر مایوس کیا ہے جس کی ایک خاص وجہ یہ ہے کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور ملک میں اِن حکمرانوں کے لچھن نے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے جس سے ہر فرد اپنے ہاتھ سیکھ رہا ہے اور مزے سے الفت اندوز ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف عوام ہے کہ مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگو ہوتے جارہے ہیں۔

ایسے میں ملک کے سابق وزیراعظم اور موجودہ حکومت میں فرینڈلی اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف جنہیں عوام کو حکومت کے خلاف للکارنے کا موقع ملا ہے جس کا اُنہوں نے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم دونوں ہی نے قوم کو مایوسیوں کے سمندر میں غرق کردیا ہے اور اِن دونوں نے اپنے اپنے کارناموں سے عوام کی تباہی اور بربادی کا کوئی موقع اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دیا ہے اور جن کی اَب دن رات یہی کوشش ہے کہ عوام اپنی تباہی سے دوبارہ نہ سنبھلنے پائے اور یہ اِسی حال میں رہے اور اِن کی حکومت عوام کے لاشوں پر چلتی رہے۔

تو ملکی حالات اور واقعات کے منظر اور پسِ منظر میں پی ایم ایل (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف جو گزشتہ دنوں وزیرآباد میں مسلم لیگی ایم این اے جسٹس (ر)افتخار ر چیمہ ، ڈی آئی جی پولیس ویلفیئر ذوالفقار چیمہ اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نثار چیمہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد مرحومہ کی رہائشگاہ پر جمع ہونے والے شہریوں سے خطاب کر رہے تھے اُنہوں نے عوامی ہجوم کو یہ سمجھے بغیر کے یہ عوام کس موقع پر جمع ہے اور ترنت لگے اپنی سیاست چمکانے اور اپنے دل کی بات کہنے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران ملکی دولت لوٹ کر قومی خزانے کو خالی کررہے ہیں اور اپنی جیبوں کو بھر کر ملک کی غریب عوام کو کنگال کرنے میں مصروف ہیں یوں ملک میں پیسہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔

اگرچہ جہاں تک میرا خیال یہ ہے کہ اِس موقع پر اپنے خطاب میں اپنی ذات میں مصالحت پسند اور خودغرض مگر ملک کے غریب عوام کے ہمدرد پی ایم ایل (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے موجودہ حکمرانوں کو مخاطب کر کے دو ٹوک الفاظ میں جو کچھ کہا وہ کسی محب وطن پاکستانی کی آواز ضرور کہی جاسکتی ہے مگر جب یہ آواز اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو اُنہوں نے کہا کہ حکمران ہاتھ میں کشکول لئے بیرونِ ملک پھرتے رہتے ہیں جبکہ اِنہیں عوام کی فلاح وبہبود کے نام پر اغیار سے بھیک مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں اگر یہ اپنے یہاں جاری رہنے والی اپنی کرپشن کو ہی بند کردیں تو اِن کے اتنے سے عمل سے ملک کی غریب اور مفلوک الحال عوام کے بہت سے مسائل خودبخود حل ہوسکتے ہیں اور عوام کو سُکھ کا سانس نصیب ہوگا اِن کا کہنا تھا کہ مگر اِس کے لئے سب سے پہلے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات کو من وعن تسلیم کریں اور ملک سے ہر صُورت میں کرپشن کو ختم کریں تو کوئی بات بنے.....؟؟ ورنہ پھر ملک میں وہ کچھ ہوگا.....؟؟جس کا حکمران گمان بھی نہیں کرسکتے......!! اور اِس کی ساری ذمہ داری بھی موجودہ حکمرانوں پر ہی ہوگی۔ قبل ازیں نواز شریف نے حکمرانوں کو عندیہ دیا کہ موجودہ حکومت کا انجام اچھا نظر نہیں آتا ہے اور اِس کے ساتھ ہی اُنہوں نے قوم کو بھی تھپکی دیتے ہوئے یہ بھی برملا کہا کہ اَب وقت آگیا ہے کہ قوم ملک میں تبدیلی کے لئے اُٹھ کھڑی ہو......اور اپنا حق غضب کرنے والوں سے اپنا حق چھین لے .....اور اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا معاہدوں اور وعدوں سے مکرنے والا کوئی شخص حکمران ہوسکتا ہے.......؟؟ اور جو کرپشن میں بھی ملوث ہو.....؟؟ اُنہوں نے اپنے مخصوص لب ولہجے میں کہا کہ اداروں میں کرپشن کی روک تھام کر کے 400ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے اور یہی کثیر رقم ملک کے غریب عوام کی فلاح وبہبود کے لئے خرچ کئے جائیں تو ملک سے غربت ختم ہوجائے گی۔

یہاں سوچنے کی بات تو یہ ہے کہ نواز شریف جو ایک عرصے سے مصالحت پسندی اور فرینڈلی اپوزیشن کے خول سے خود کو نہ نکال پائے تھے ....اور اَب گزشتہ دو ایک ماہ سے اُنہوں نے اپنی سیاست میں جو یوٹرن لیا ہے اِس کے پیچھے کیا راز پوشیدہ ہیں.....؟؟؟اَب اِس کا کھوج لگانا اور حقائق کو باہر نکالنا اہلِ دانش کا کام ہے کہ وہ نواز شریف میں آنے والی اِس وقتی تبدیلی کا بھی جائزہ لیں اور اِسے اُس معصوم عوام کے سامنے عیاں کریں جو آج نواز شریف کو اپنا سب سے بڑا مسیحا جانتے ہیں جبکہ عوام کو یہ بھی اچھی طرح سے معلوم ہونا چاہئے کہ ملک میں تبدیلی کے لئے عوام کو باہر نکلنے کے لئے اُکسانے والے نواز شریف کے اِس میں بھی اپنے سیاسی مفادات ضرور وابستہ ہوسکتے ہیں.....؟؟؟اور حکومت کے تو کیا کہنے.....؟؟؟ یہ تو ہے ہی بے حس وحرکت اور خودغرض حکمرانوں پر مشتمل .......جبکہ مہنگائی اور کرپشن کے ہاتھوں ماری عوام کی نظر آج بھی فوج پر لگی ہوئی ہے کہ اُسے اِن دونوں(موجودہ حکمرانوں اور نوازشریف سمیت دیگر کرپٹ سیاستدانوں ) سے نجات دلانے کے لئے فوج کو حرکت میں ضرور آجانا چاہئے تاکہ عوام کوتمام کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارہ حاصل ہوسکے اور ملک محب وطن فوجی حکمران کے سائے میں پروان چڑھ سکے۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 997632 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.