منشیات کے دنیاوی اور اخروی نقصانات

(ایک سبق آموز تحریر)

مذاہب عالم میں فوقیت وبرتری کا حامل دین صرف اسلام ہے جس میں شعبہائے حیات کے تمام ترپہلوؤں کو واشگاف کیا گیا ہے اور انسان کے لئے مہلک ترین عناصر کی طرف واضح اشارات کردئے گئے ہیں جو ایک عام ذہن کے لئے بھی قابل قبول ہیں۔

انسانی زندگی کو متاثر اور بدترین نتیجہ خیز دہانے تک پہنچانے والے عناصر میں منشیات کا غیرمعمولی دخل ہے۔یہ بنی نوع آدم کے لئے سراپا سوہان روح ہے۔ اس کے تلخ تجربات ومشاہدات کا دنیا کو اچھی طرح سے اندازہ ہوچکا ہے۔ اس نے کتنے انسانوں کی خوشگوار شام پر آہ وزاری کی برسات کردی، کتنے آباد گھروں میں ویرانی کا سماں پیدا کردیا، کتنے مہکتے پھولوں کومرجھاکرگلستاں کی شادابی ودلکشی پر اپنی سیاہ نشانیاں چھوڑ دی۔ مذہب اسلام نے حفظان صحت پر بہت دھیان دلایا ہیجن کی وجہ سے جن اشیاء کے استعمال سے جسم وصحت پر برا اثر پڑتا ہے یا کسی طرح سے بھی جسمانی نقصان کا باعث ہے وہ ممنوع وناجائزہے۔ چونکہ منشیات انسانی جسم وروح کے لئے بگاڑ وفساد کا سبب بنتا ہے بلکہ بسااوقات آدمی کی جان بھی چلی جاتی ہے اس بناپر منشیات کا استعمال شریعت کی رو سے حرام ہے خواہ وہ نشہ کسی قسم کا ہو۔ نبی ﷺ کا صاف صاف اعلان ہے:
کل مسکر خمر وکل مسکر حرامٌ(صحیح مسلم:2003)
ترجمہ: ہرنشہ آورچیز خمرہیاور ہرنشہ والی چیز حرام ہے۔

منشیات کے استعمال سے دنیا میں بھی بہت سارے گھاٹے اور نقصانات اٹھانے پڑتے ہیں اور دینی اعتبار سے اس کا جو برا انجام ہے وہ اپنی جگہ پر۔دنیاوی خسارے اور نقصانات کا اندازہ اس امر سے اچھی طرح لگایا جاسکتا ہے کہ اس سے سیکڑوں امراض پیدا ہوتے ہیں جو انسانیت کے لئے سم قاتل ہیں۔ شراب، تمباکو،بیڑی، سگریٹ،گٹکھا،گانجہ،چرس وغیرہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں حلق کی خرابی،جگرکی خرابی،امراض قلب،اسقاط حمل، قلت عمر،زخم معدہ،خون فاسد،تنفس کی خرابی،ہچکی،کھانسی،پھپھڑوں کی سوجن،کینسر،سردرد، بے خوابی،دیوانگی، ضعف اعصاب،فالج،مراق،ہارٹ اٹیک،ضعف بصارت،دمہ، ٹی وی،سل، خفقان،ضعف باہ،بواسیر،دائمی قبض،گردے کی خرابی،ذیابطیش وغیرہ اہم بیماریاں ہیں۔ ان میں بعض ایسی بیماریاں ہیں جن کا انجام سرعت موت ہے۔ اطباء کے قول کی روشنی میں تمباکو میں تین خطرناک قسم کے زہریلے اجزاء کی ملاوٹ ہوتی ہے۔ ان اجزاء میں ایک روغنی اجزاء سے بناہوا نیکوٹین ہے۔اگر اس روغن کو نکال کراس کا صرف ایک قطرہ کتے،بلی یا کسی بھی جانور کو کھلایا جائے تو فورا وہ موت کے منہ میں چلا جائے گا۔

نشہ خوری اس قدر مرض مہلک ہے کہ نشہ خور عالم نشہ میں کوئی بھی حد پار سکتا ہے۔ تصور کریں آپ کی نظر میں دنیا میں سب سے برا کام کیا ہوسکتا ہے؟۔شاید آپ میری اس بات سے متفق ہوں گے کہ اپنی ماں بہن کے ساتھ زنا کرنا دنیا میں سب سے بدترین گناہ اور لوگوں کی نظر میں سب سے رذیل حرکت ہے۔ نشے کا عادی ورسیا اس حد کو بھی پارکرجاتا ہے۔ نشہ خوروں کے گھر میں عورتیں سہمی سہمی سی رہتی ہیں، کہے تو کس سے، سنائے تو کس کو؟ پھر بھی جو حالات وواقعات اخبارات وجرائد کی سرخیاں بنتے ہیں وہ ہماری نظروں کے سامنے ہیں۔ میرے ہاتھ میں ایک چھوٹا عربی پمفلیٹ ہے۔ اس میں نشہ خوروں کے بہت سے واقعات درج ہیں ان میں ایک واقعہ یہ بھی ہے کہ ایک نوجوان لڑکی گھر سے بھاگ کر مسجد کے امام صاحب کے پاس آتی ہے۔ امام صاحب نے پوچھا کیا ہوا؟تو لڑکی کہتی ہے کہ میرا باپ نشے کا عادی ہے اور مسلسل انیس دن سے مجھ سے بدفعلی کرنے کی کوشش کررہاہے۔ آج زیادہ خطرہ محسوس کررہی تھی تو بھاگ کر آپ کے پاس چلی آئی تاکہ آپ میری کچھ مدد فرمائیں۔

نشہ خوروں کے ایسے واقعات پڑھ کر آنکھوں سے خون کے ٹپکتے ہیں۔ اے شرابیو!خدارا اپنے گھرکو، اپنے تن کو اور اپنی عاقبت کو اس طرح برباد نہ کرو۔

نشہ کا استعمال دینی اعتبار سے بہت سے خسارے کا باعث ہے۔ اسے بہت بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اﷲ تعالی کا فرمان ہے:
یسالونک عن الخمر والمیسر،قل فیھما اثم کبیر(البقرۃ: 219)
ترجمہ: لوگ آپ سے شراب اور جوئے کے بارے میں پوچھتے ہیں، آپ کہہ دیجئے کہ ان دونوں میں بہت بڑا گناہ ہے۔

یہ بڑے گناہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہرگناہ وشر کی چابھی ہے، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
اجتنبواالخمرفانھا مفتاح کل شرٍّ(صحیح الترغیب:2368)
ترجمہ: شراب نہ پی کیونکہ یہ ہر برائی کی چابی ہے۔

اس لئے اس کو ام الخبائث یعنی خبیث گناہوں کی جڑ سے بھی تعبیر کیا گیا ہے کیونکہ اس سے ہزاروں گناہوں کے دروازے کھلتے ہیں، حضرت عثمان رضی اﷲ عنہ ایک سبق آموز واقعہ ذکر کرتے ہیں اس سے عبرت ونصیحت حاصل کریں اور شراب ونشہ کی خباثت سے توبہ کریں۔

عن عثمانَ بنِ عفانَ قال: اجتنبوا الخمر فانھا ام الخبائث ،انہ کان رجل ممن خلا قبلکم تعبد،فعلقتہ امراۃ غویۃ ،فارسلت الیہ جاریتھا ،فقالت لہ: انا ندعوک للشھادۃ ،فانطلق مع جاریتھا ،فطفقت کلما دخل بابا اغلقتہ دونہ، حتی افضی الی امراۃ وضیئۃ ،عندھا غلام وباطیۃ خمر ،فقالت: انی واﷲ مادعوتک للشھادۃ ولکن دعوتک لتقع علی ،اوتشرب من ھذۃ الخمرۃ کاسا،او تقتل ھذاالغلام،قال: فاسقینی من ھذا الخمر کاسا،فسقتہ کاسا،قال: زیدونی،فلم یرم حتی وقع علیھا ،وقتل النفس ،فاجتنبوا الخمر، فانھا واﷲ لایجتمع الایمان وادمان الخمر ،الالیوشک ان یخرج احدھما صاحبہ (صحیح النسائي:5682)
ترجمہ: حضرت عثمان بن عفان رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں:شراب سے بچو کیونکہ یہ خباثتوں کی جڑ ہے، پہلے زمانہ میں ایک عابد انسان تھا۔ اسے ایک عورت نے اپنے دام فریب میں گرفتار کرنا چاہا اور ایک لونڈی کو اس شخص کے پاس اس بہانے سے بھیجا کہ میں تجھے گواہی کے لیے بلا رہی ہوں، تو وہ شخص اس لونڈی کے ساتھ چلا آیا۔ جب وہ شخص اندر جاتا تو وہ لونڈی مکان کے ہر دروازے کو بند کردیتی حتیٰ کہ وہ ایک عورت کے پاس پہنچا جو نہایت حسین وجمیل تھی اور اس عورت کے پاس ایک لڑکا اور شراب کا ایک برتن تھا۔ اس عورت نے کہا: خدا کی قسم! میں نے آپ کو گواہی کے لیے نہیں بلایا بلکہ اس لیے بلایا ہے تاکہ تو مجھ سے صحبت کرلے یا اس شراب میں سے ایک گلاس پیے یا اس لڑکے کو قتل کر ڈالے۔ وہ شخص بولا: مجھے اس شراب کا ایک گلاس پلا دو۔ اس عورت نے ایک گلاس اسے پلا دیا۔ جب اسے لطف آیا تو وہ بولا: اور دو، اور پھر وہاں سے نہ ہٹا جب تک کہ اس عورت سے صحبت نہ کرلی اور اس لڑکے کا ناحق خون نہ کرلیا۔ تو تم شراب سے بچو کیونکہ اﷲ کی قسم شراب اور ایمان ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے حتیٰ کہ ایک دوسرے کو نکال دیتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ایسیخبیث آدمی کو جہنم میں زانی عورتوں کی شرمگاہ سے جاری ہونے والی نہر سے سیراب کیا جائے گا۔

نبی ﷺ کا فرمان ہے:من مات مدمنا للخمر سقاہ اﷲ جل وعلا من نھر الغوطۃ ،قیل ومانھر الغوطۃ؟قال: نھر یجری من فروج المومسات یوذی اھل النارریح فروجھن(أخرجہ ابن حبان:1380 و1381 والحاکم:4/146 وأحمد:4/399)
ترجمہ: ہمیشہ شراب پینے والاجو مرا اﷲ تعالیٰ اس کو نہر غوطہ پلائے گا۔ پوچھا گیا کہ نہر غوطہ کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: زانیہ عورتوں کی شرمگاہوں سے جاری ہوئی نہر ہے ان کی بدبو سے دوزخیوں کو تکلیف دی جائے گی۔

اس حدیث کو امام حاکم نے صحیح الاسناد کہا اور امام ذہبی نے ان کی موافقت کی ہے۔ ہیثمی نے اس کے رجال کو صحیح کہا ہے اور منذری نے صحیح یا حسن یا ان کے قریب بتلایا ہے۔

اﷲ کی پناہ، جنہیں زانیہ عورت کی شرمگاہ سے جاری شدہ نہر سے سیراب ہونا ہے وہ شراب پئے ورنہ اس سیفورا توبہ کرلے، پتہ نہیں موت کب اور کس عالم میں آئے؟۔ اﷲ بہت معاف کرنے والا ہے۔

شرابی کی یہ درگت اس وجہ سے ہے کہ اس نے ام الخبائث کا ارتکاب کیا جو شیطانی عمل ہے، اﷲ کا فرمان ہے:
یاایھاالذین آمنوا انما الخمروالمیسر والانصاب والازلام رجس من عمل الشیطان فاجتنبوہ لعلکم تفلحون(المائدۃ:90)
ترجمہ: اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور تھان اور فال نکالنے کے پانسے کے تیر یہ سب گندی باتیں، شیطانی کام ہیں۔اان سے بالکل الگ رہوتاکہ تم فلاح یاب ہو۔

اس شیطانی عمل پر اﷲ اور اس کے رسول ﷺ کی لعنت ہے,انس بن مالک رضی اﷲ عنہ بیان کرتے ہیں:
لعنَ رسول اﷲ ﷺ فی الخمر عشرۃ ،عاصرھاومعتصرھاوشاربھاوحاملھاوالمحمولۃ الیہ وساقیھاوبائعھاوآکل ثمنھاوالمشتری لھاوالمشتراۃ لہ(صحیح الترمذي: 1295)
ترجمہ: شراب کی وجہ سیدس آدمیوں پر لعنت بھیجی: اس کے نچوڑوانے والے پر، اس کے پینے والے پر، اس کے لے جانے والے پر، اس کے منگوانے والے پر، اور جس کے لیے لے جائی جائے اس پر، اس کے پلانے والے پر، اور اس کے بیچنے والے پر، اس کی قیمت کھانے والے پر، اس کو خریدنے والے پر اور جس کے لیے خریدی گئی ہو اس پر۔
ذرا غور کریں، شراب کی لعنت کس قدر بری ہے کہ نہ صرف پینے والے ملعون ہیں بلکہ ان سے جڑے مزید نو آدمی ملعون ہیں۔
شراب پینے سے ایمان نکل جاتا ہے، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
لایزنی الزانی حین یزنی وھو مومن ولایسرق السارق حین یسرق وھومومن ولایشرب الخمر حین یشربھا وھومومن(صحیح مسلم:57)
ترجمہ: زانی جب زنا کررہا ہوتا ہے تو وہ زنا کرتے وقت مومن نہیں ہوتا اورچوری کے وقت چورمومن نہیں رہتا اورشرابی جب شراب نوشی کرتا ہے وہ بھی اس وقت مومن نہیں ہوتا۔
شراب پینے سے چالیس دن عبادت قبول نہیں ہوتی، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
الخَمرُ أُمُّ الخبائِثِ، فَمن شَرِبَھا لم تقبل صلاتہ اربعین یوما فان مات وھی فی بطنہ مات میتۃ جاھلیۃ(صحیح الجامع:3344)
ترجمہ: شراب ام الخبائث ہے جو اسے پیتا ہے چالیس دن تک اس کی عبادت قبول نہیں ہوتی اور اگر وہ اس حال میں مرا کہ اس کے پیٹ میں شراب تھی تو وہ جاہلیت کی موت مرا۔
شراب پینے سے کوڑے کی حد واجب ہوجاتی اور اگر چوتھی بار شراب پی لے تو قتل کا مستحق ہوجاتا ہے، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
من شربَ الخمرَ فاجلِدوہ فان عاد فی الرابعۃفاقتلوہ(صحیح الترمذي:1444)
ترجمہ: جس نے شراب پیا تو اس کو کوڑے لگاؤ اور جس نے چوتھی بار شراب پیا اسے قتل کردو۔
یہی فرمان نبوی نسائی میں اس طرح ہے۔
مَن شربَ الخمرَ فاجلِدوہُ، ثمَّ إن شربَ فاجلِدوہُ، ثمَّ إن شرِبَ فاجلِدوہُ، ثمَّ إن شرِبَ فاقتُلوہ(صحیح النسائی:5677)
ترجمہ: جس نے شراب پی تو اسے کوڑے لگاؤ، اگر پھر پیئے تو کوڑے لگاؤ، اگر پھر پیئے تو کوڑے لگاؤ، اگر پھر پیئے تو اسے قتل کر ڈالو۔
دنیا میں شراب پینے والا آخرت کی شراب سے محروم ہوگا، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
مَن شرِبَ الخمرَ في الدُّنیا، ثمَّ لم یتُبْ منھا، حُرِمَھا في الآخِرَۃ(صحیح البخاري:5575)
ترجمہ: جس نے دنیا میں شراب پی اور پھر اس نے توبہ نہیں کی تو آخرت میں وہ اس سے محروم رہے گا۔
ہمیشہ شراب پینے والا جہنم رسید کیا جائے گا، نبی ﷺ کا فرمان ہے:
ثلاثۃٌ لا یدخلُونَ الجنۃأبدًا: الدَّیوثُ، و الرَّجِلَۃُ من النِّساءِ، و مُدمِنُ الخمْرِ(صحیح الجامع:3062)
ترجمہ: تین شخص کبھی جنت میں داخل نہ ہونگے، ایک دیوث ?بے غیرت مرد)دوسرا مردانی شکل بنانے والی عورت اور تیسرا ہمیشہ شراب پینے والا۔
ان کے علاوہ بے شمار نقصانات ہیں جنہیں خوف طوالت کی وجہ سے ذکرنہیں کیا جارہاہے تاہم ایک مسلمان کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اور اسے نیکی پر ابھانے کے لئے اتنی باتیں ہی کافی ہیں۔ اﷲ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ ہمیں نشہ آور چیزوں سے بچا، ایسے لوگوں سے دور رکھ جو کسی بھی طور پر منشیات پر مدد کرتے ہیں اور ہمیں آخرت میں جنت نصیب فرماکر وہاں کی شراب سے سیراب کر۔ آمین

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350982 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.