اس کے قتل پہ میں جو چپ تھا میرا نمبر اب آیا

معروف صحافی نکھل واگےمنے ٹوئیٹ کیاتھا ’’اب اس دیش میں کوئی بات کہنی ہو تو لوگوں کی بھیڑ کے ساتھ ہی کہنی پڑے گی، ورنہ دوسری بھیڑ کچل دے گی‘‘۔ بہت سارے دانشوروں کواس آسان سے فقرے کا مطلب سمجھ میں نہیں آیا لیکن ضلع احمدنگر میں شری گونڈا کے لوگ واگلے کی بات سمجھ گئے اور ۱۲گئو رکشکوں کو سبق سکھادیاجن میں ۷ زخمی ہوگئے۔ مہاراشٹر کے کاشٹی گاوں میں مویشیوں کا میلہ لگتا ہے جس میں جانوروں کی خریدو فروخت ہوتی ہے ۔ یہ بازار حکومت کی اجازت سے لگایا جاتا ہے اب ظاہر ہے یہاں مویشیوں کو گاڑیوں سے لانا پڑے گا کیونکہ اگر ان کو چلا کر لایا جائیگا تو جانوروں کے ان کے لانے والے بھی ادھ مرے ہوجائیں گے ۔ یہ کاروبار صدیوں سے چلا آرہا ہے لیکن اب گئو رکشا کا ایک نیا دھندہ شروع ہوگیا ہے۔ گئورکشک دلوں کا حال جانتے ہیں ۔ ان کو پتہ چل جاتا ہے کہ کون سے جانور ذبح کرنے کی غرض سے لے جائے جارہے ہیں بلکہ انہیں اس بات کا بھی علم ہوجاتا ہے کہ کن مویشیوںکو بازار میں ذبح کرنے کی خاطر لایا جارہا ہے ۔یہ کمال کےانتریامی لوگ ہیں ۔

اکھل بھارتیہ کرشی گئو سیوا سنگھ بھی گئو سیوا کے کالے دھندے میں ملوث ایک تنظیم ہے۔ اس کے کارکنان کو ایک ٹیمپو پر شک ہوگیا جس کے ذریعہ ۲ گائے اور ۱۲ بیلوں کو بازار میں فروخت کے لیے لے جایا جارہا تھا ۔ یہ لوگ پونہ سے ٹیمپو کے تعاقب میں لگ گئے ۔ بالآخر شری گونڈا پولس تھانے کے احاطے میں اسے روک دیا گیا ۔ نام نہادگئورکشک شکایت درج کرانے کے لیے پولس اسٹیشن میں چلے گئے۔پولس انسپکٹر باجی راو پوار کے مطابق شام میں جب وہ کھانے کے لیے ہوٹل میں گئے تو ۲۰ تا ۲۵ لوگوں نے ان پر حملہ کردیا ۔گئو سیوکوں کے سردار شیوشنکر راجندر سوامی نے الزام لگایا کہ اس حملے میں کئی لوگ زخمی ہوگئے اور حملہ آور سونے کی چین بھی چھین کر لے گئے تاہم پولیس نےبھیڑ کو منتشر کردیا۔احمد نگر کے ڈی ایس پی سدرشن منڈے نے کہا کہ سوامی کی شکایت پر ۳۰افراد کے خلاف دفعہ ۳۰۷کے تحت کیس درج کرلیا گیااورملزمان کو گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے جن میں ٹیمپو کے مالک واحد شیخ اور ڈرائیور راجو فطرو بھائی شیخ بھی شامل ہیں۔

اس خبر میں گئو رکشک نہایت بے ضرر اور شریف لوگ معلوم ہوتے ہیں لیکن پچھلے کئی ماہ سے ان لوگوں نے ملک میں آتنک مچارکھا ہے۔ لنچنگ کو لے کر نہ صرف ایوان پارلیمان میں ہنگامہ ہوچکا ہے بلکہ کئی مرتبہ وزیراعظم کو بھی اس کی مذمت کرنی پڑی ہے ۔ کئی بے قصور لوگوں کو گائے کے نام پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ ان بدمعاشوں کی ڈھٹائی کا یہ عالم ہے کہ خوداپنی دہشت گردی کی ویڈیو بناکر پھیلاتے ہیں ۔اس دوران عام لوگ خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں اور انتظامیہ اپنے آقاوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ کہیں نام معلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرلینے پر اکتفاء کرلیا جاتا ہے تو کہیں نمائشی گرفتاریاں عمل میں آجاتی ہیں لیکن آج تک کسی گئو دہشت گرد کو سزا نہیں ملی۔ ان لوگوں نے پچھلے دنوں ناگپور کے قریب کاٹول تحصیل میں بی جے پی اقلیتی شعبے کے صدر سلیم اسماعیل شیخ کو بھی نہیں بخشا ۔ بیف لے جا نے کے شبہ میں اس کو پیٹ دیا اوراس کی ویڈیو بناکر پھیلادی ۔ عدالت کے مطابق مہاراشٹر میں گئو کشی کی ممانعت ضرور ہے لیکن بیف کے حمل نقل پر پابندی نہیں ہے۔ سلیم شیخ نے جب حملہ آوروں کودہائی دی کہ وہ بی جے پی کا رہنما ہے تو اسے بتایا گیا کہ وہ مسلمان بھی ہے ۔ کاش کہ سلیم اسماعیل بھی جانتا کہ وہ جوبھی بن جائے مگرہندو احیاء پرستوں کی نظر میں مسلمان ہی رہے گا۔

اس تشدد کے جواب میں چار گئو دہشت گرد اشون ، رمیش، موریشور اور جگدیش گرفتار کیا کیےگئے۔ ان پر دفع ۳۲۶ اور دفع ۳۴ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا لیکن ۳۰۵ سے گریز کیا گیا اس لیے کہ گئو رکشکوں کی طرح پولس کو بھی پتہ چل جاتا ہے کون سا حملہ قتل کرنے کے لیے کیا گیا تھا اور کون سازخمی کرنے کے لیے ۔ یہ معلوم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے وطنِ عزیز میں مسلمان ہمیشہ قتل کرنے کے لیے حملہ کرتا ہے اس لیے اگر وہ حملہ آور ہے تو دفع ۳۰۵ لگادی جاتی ہے جیسا کہ شرو گوندا میں کیا گیا اور عدم تشدد کا علمبردار ہندو اگر قتل بھی کردے تب بھی ہلکی پھلکی دفعات سے کام چلایا جاتاہے۔ مذکورہ واقعہ کی مذمت شیوسینا سے لے کر این سی پی تک سبھی نے کی اس لیے بی جے پی کو مجبوراًکنار پڑا کہ یہ امن و سلامتی کا سنگین معاملہ نہیں بلکہ کبھی کبھارہوجانے والا قابلِ مذمتسانحہ ہے۔ بی جے پی کا کوئی قومی یا صوبائی رہنما تو دور علاقائی لیڈر بھی سلیم کے گھر نہیں گیا ۔ سلیم تو خیر صرف زخمی ہوا مگر ان کو تودہلی سے چند گھنٹوں کے فاصلےپر واقع پہلو خان کے گھر میواتجانے کی توفیق بھی نہیں ہوئی۔ ان کی تنگ نظری کا یہ حال ہے کہ جاتے جاتے پرنب مکرجی نے ان کو جوتے سے مارا لیکن برا نہیں لگا مگر وہی بات حامد انصاری نے کہی تو جل بھن گئے ۔

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1221980 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.