ہمیں ہمارا دین اسلام ،قرآن مجید اوررسول اکرم ﷺ کی
تعلیمات وسیرت نے سکھایا ہے کہ سب سے اچھا اور بہترین انسان وہ ہے جو
دوسروں کو فائدہ پہنچائے اور تکلیف نا دیں، غریبوں ، مساکینوں اور عام
لوگوں کے دلوں میں خوشیاں بھرسکے، ان کی زندگی کے لمحات کو رنج وغم سے پاک
کرنے کو کوشش کریں ،چند لمحوں کے لئے ہی صحیح انہیں فرحت ومسرت اورشادمانی
فراہم کرکے ان کے درد والم اورحزن وملال کو ہلکا کرے، انہیں اگر مدد کی
ضرورت ہوتو ان کی مدد کرے اوراگر وہ کچھ نہ کرسکتاہو تو کم ازکم ان کے ساتھ
میٹھی بات کرکے ہی ان کے تفکرات کو دور کرے، اﷲ کے پیارے حبیب ﷺنے ارشاد
فرمایا ہے کہ ’’بہترین انسان وہ ہے جودوسرے انسانوں کے لئے نافع ومفید ہو،
جب انسان کسی انسان کی مدد وحاجت روائی کرتاہے تو فطری طور پر دونوں کے
درمیان اخوت وبھائی چارگی کے جذبات پیدا ہوتے اورالفت ومحبت پروان چڑھنے
لگتے ہیں، اﷲ کے حبیب ﷺ کی ایک اور حدیث جو بخاری شریف میں ہے ، آپ ﷺ کا
ارشاد پاک ہے، اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے تم میں سے
کوئی بھی مومن نہیں ہوسکتا یہاں تک کہ اپنے دوسرے بھائیوں کے لئے وہی پسند
کرے جو اپنے لئے پسند کرتاہے۔
خدمت خلق خدا عام معنی مخلوق خدا کی خدمت کرنا ہے،خدمت خلق خدا محبت الہی
کا تقاضہ،ایمان کی روح اور دنیا وآخرت کی کامیابی و کامرانی کا ذریعہ ہے،
صرف مالی اعانت ہی خدمت خلق خدا نہیں ہے بلکہ کسی کی کفالت کرنا،کسی کو
تعلیم دینا،مفید مشورہ دینا،کوئی ہنر سکھانا،علمی سرپرستی کرنا،تعلیمی
ورفاہی ادارہ قائم کرنا،کسی کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان جیسے دوسرے
امور خدمت خلق کی مختلف راہیں ہیں۔
انسان ایک سماجی مخلوق ہے اس لئے سماج سے الگ ہٹ کرزندگی نہیں گذارسکتا،اس
کے تمام تر مشکلات کا حل سماج میں موجو دہے،مال ودولت کی وسعتوں اور بے
پناہ صلاحیتوں کے باوجود انسان ایک دوسرے کا محتاج ہے، اس لئے ایک دوسرے کی
محتاجی کو دور کرنے کے لئے آپسی تعاون،ہمدردی،خیر خواہی اور محبت کا جذبہ
سماجی ضرورت بھی ہے،مذہب اسلام چونکہ ایک صالح معاشرہ اور پرامن سماج کی
تشکیل کا علم بردار ہے،اس لئے مذہب اسلام نے ان افراد کی حوصلہ افزائی کی
جو خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو،سماج کے دوسرے ضرورت مندوں اور محتاجوں کا
درد اپنے دلوں میں سمیٹے،تنگ دستوں اور تہی دستوں کے مسائل کو حل کرنے کی
فکر کرے،اپنے آرام کو قربان کرکے دوسروں کی راحت رسانی میں اپنا وقت صرف
کریں۔
قارئین : نماز کے قیام کے ساتھ قرآن مجید فرقان حمید میں زکوٰۃ اور صدقات
کا ذکر اﷲ تعالیٰ نے کثرت سے فرمایا ہے۔ زکوٰۃ، صدقات اور دوسروں کو کھلانا
پلانا اﷲ تعالیٰ کے ہاں سب سے مقبول عمل ہے۔ یاد رہے موت ایک اٹل حقیقت ہے
ہر ذی روح نے اس کا ذائقہ چکھنا ہے۔ موت چوں کہ اس دنیا سے خاتمے اور دوسرے
جہاں میں مستقل منتقل ہوجانے کا نام ہے لہٰذا موت کے بعد کوئی بھی ذی روح
نیا فعل سرانجام نہیں دے سکتا، جس کا اسے ثواب ملے۔ ہاں اس کی زندگی میں
دیا جانے والا صدقہ جاریہ، نیک اولاد، اﷲ تعالیٰ کو دیا گیا قرضہ حسنہ اور
فلاحی و رفاعی کام ہی جو اس نے زندگی بھر سرانجام دیے ہیں، اس کے لیے ثواب
اور نجات کا مسلسل باعث بنتے رہیں گے۔
جیسا کہ قرآن مجید فرقان حمیدکی سورۃ یٰس میں اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے ’’اور
جب ان سے فرمایا جائے اﷲ کے دیے ( ہوئے مال) میں سے کچھ اس کی راہ میں خرچ
کرو تو کافر مسلمانوں کے لیے کہتے ہیں کہ کیا ہم اسے کھلائیں جسے اﷲ چاہتا
تو کھلا دیتا۔ تم تو نہیں مگر کھلی گم راہی میں اور کہتے ہیں کب آئے گا وہ
وعدہ اگر تم سچے ہو۔‘‘
سیدنا ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، جب آدمی
فوت ہوجاتا ہے تو اس کا عمل موقوف ہوجاتا ہے مگر تین چیزوں کا ثواب جاری
رہتا ہے، ایک صدقہ جاریہ کا، دوسرے اس علم کا جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور
تیسرے نیک بخت اولاد کا جو اس کے لیے دعا کرے(اور ایصال ثواب کریں)۔ (مسلم)
حضرت انس ؓ بن مالک سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کوئی بھی مسلمان
جو ایک درخت کا پودا لگائے یا کھیت میں بیچ بوئے پھر اس میں سے پرندہ یا
انسان یا جانور جو بھی کھاتے ہیں وہ اس کی طرف سے صدقہ ہے۔ (صحیح بخاری) اس
کے ساتھ ایسے کام مثلاََ کوئی پانی کا کواں کھودا ہو اور لوگ اس میں سے
پانی کا استعمال کرتے ہو یا راستہ ہموار کیا ہو یا کوئی مسجد کی تعمیر
کرائی ہو یا اس میں حصہ ڈالا ہو وغیرہ وغیرہ تو یہ بھی بہت ہی بڑے اجر والے
کام ہے جو انسان کے مرنے کے بعد بھی اس کو نفع پہچاتے رہتے ہیں۔
غرض یہ ہے کہ اس امر میں اب شک وشبہ کی کوئی گنجائش نہیں رہی کہ عبادت صرف
نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کا نام نہیں بلکہ ہر سانس پر، ہر قدم اور ہر
معاملہ میں اطاعت الٰہی کا نام ہے اور اطاعت الٰہی میں حقوق اﷲ اور حقوق
العباد دونوں شامل ہیں۔ حقوق اﷲ کے معاملہ میں حقوق العباد کی فہرست بہت
طویل ہے۔ کہیں انسان کی اپنی ذات کے حقوق ہیں، کہیں والدین کے حقوق ہیں،
کہیں اساتذہ کے حقوق ہیں، کہیں رشتہ داروں کے حقوق ہیں، کہیں دوستوں کے
حقوق ہیں، کہیں ہمسائیوں کے حقوق ہیں اور کہیں اہل علم کے حقوق ہیں۔ یہاں
تک کہ جانوروں کے حقوق ہیں اور انہیں حقوق کی کماحقہ ادائیگی پر معاشرہ کی
صحت اور حسن کا دارومدار ہے۔ حقوق اﷲ کے مقابلے میں حقوق العباد کی زیادہ
اہمیت ہے، کیونکہ یہ مخلوق اﷲ تعالیٰ کی عیال ہے۔ ایک حدیث میں نبی محترمﷺ
نے فرمایا: ساری مخلوق اﷲ تعالیٰ کا کنبہ ہے۔ اس لئے اﷲ تعالیٰ کے نزدیک
تمام مخلوق میں سب سے زیادہ محبوب اور پسندیدہ وہ آدمی ہے جو اس کے کنبے
(مخلوق) کے ساتھ نیکی کرے۔
خدمت مخلوق خدا کی ذریعہ دوسروں کو نفع پہنچانا اسلام کی روح اور ایمان کا
تقاضا ہے، ایک بہترین مسلمان کی یہ خوبی ہے کہ وہ ایسے کام کریں جو دوسرے
انسانوں کے لئے مفید اور نفع بخش ہوں۔ اس نیکی کے ذریعے صرف لوگوں میں عزت
واحترام ہی نہیں پاتابلکہ اﷲ تبارک تعالیٰ کے ہاں بھی اہم رتبہ حاصل کرلیتا
ہے۔ پس شفقت و محبت، رحم و کرم، خوش اخلاقی، غم خواری و غم گساری خیرو
بھلائی، ہمدردی، عفو و درگزر، حسن سلوک، امداد و اعانت اور خدمت خلق ایک
بہترین انسان کی وہ عظیم صفات ہیں کہ جن کی بہ دولت وہ دین و دنیا اور آخرت
میں کامیاب اور سرخرو ہو سکتا ہے۔ ۔۔اﷲ تعالیٰ ہی ہمیں اپنے مخلوق کی خدمت
کرنے کی توفیق عطاء کریں ( آمین )
|