ہائے دسمبر تو کتنے ستم ڈھائے گا؟

لوگ دسمبر پر شاعری کرتے ہیں، اپنے اور دوسروں کے جذبات میں طلاطم بپا کرتے ہیں۔ مگر میرے ساتھ معاملہ الٹ ہے، کیونکہ دسمبر جب بھی آتا ہے خون کے آنسو رلاتا ہے۔ اپنی بے کسی اور بے بسی پر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔ اس دسمبر نے قلب مسلم پر ایسے ایسے گھاؤ لگائے ہیں کہ سمجھ نہیں آتا کہ "روؤں دل کو، کہ پیٹوں جگر کو میں"۔ میں بہت زیادہ ماضی میں نہیں جانا چاہتا، میں اپنے سامنے اپنی تارخ اور حالات کھولے بیٹھا ہوں. میرے سامنے سولہ دسمبر انیس سو اکہتر کی تصاویر اور کہانیاں ہیں. محب وطن پاکستانیوں کی ظالم مکتی باہنی اور بھارتی درندوں کے ہاتھوں کٹی پھٹی لاشیں ہیں، ارض بنگال پر مسلم بہو بیٹیوں کی لٹتی عصمتیں ہیں، جنرل نیازی کا ہتھیار اپنے دشمن کو پیش کرکے تاریخ مسلم پر دھبہ لگانا ہے، مشرقی پاکستان سے بنگلہ دیش کے سفر میں محب وطن پاکستانوں کی خون کی ندیاں ہیں۔ یہ پاکستان کے لیے ایسا گھاؤ ہے کہ شاید ہی کبھی بھر سکے۔ اس سے تھوڑا آگے بڑھیں تو انیس سو بانوے کا دسمبر مجھے گریبان چاک کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ بابری مسجد کی یادیں رلاتی ہیں۔ وہ مسجد جو پچھلے پانچ سو سال سے مسلمان برصغیر کی شان و شوکت کا مظہر تھی، جو ہند کے مسلم کی غیرت تھی۔ جو محمد عربیﷺ کے اسلام کی عظمت کا نشان تھی، اسی دسمبر میں بابری مسجد کو شہید کردیا گیا، یہ صرف بابری مسجد کی ہی شہادت نہ تھی بلکہ یہ مسلم امہ کی مجموعی غیرت کی شہادت تھی۔ مجھے عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو دور یاد آتا ہے کہ جب جہاد کا دروازہ کھلا تھا ، جب مسلمان غیرت و حمیت والا تھا تو گرجے اور کلیسے مسجدوں میں تبدیل ہو رہے تھے مگر آج محمد عربیﷺ کے دین پر کیسا دن آیا تھا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے دشمن کتنی جرات و بہادری کے ساتھ مسجد کو شہید کر رہے تھے اور صرف اسی پر بس نہیں بلکہ مسجد کو شہید کرنے بعد مسلمانوں کو تہ تیغ کیا گیا، ان کو زندہ جلایا گیا۔ تین ہزار مسلمان ایسے تھے جو بابری مسجد کے ساتھ ہی شہید کردیے گئے مگر ضمیر امت سو رہا تھا شاید۔ آج پھر سے 6 دسمبر ہے اس مسجد کی شہادت کا دن، مگر ہماری نسل نو کو تو شاید یاد ہی نہ ہو کہ بابری مسجد بھی کوئی مسجد تھی جس کو دنیا کے گندے اور پلید مشرک ہندو نے شہید کردیا اور اب بی جے پی کی حکومت بہت تیزی سے وہاں رام مندر کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے۔ اگر تھوڑا سا اور آگے چلوں دسمبر دو ہزار چودہ کی بات کروں تو مجھے اپنے معصوم بچے نظر آتے ہیں جن کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں سروں میں گولیاں مار مار کر شہید کیا گیا تھا۔ دشمن نے میدانوں میں اپنی ہزیمت کا بدلہ ان معصوم کلیوں سے لیا تھا۔ وہ کتابوں پر بکھرا خون، وہ چیتھڑوں میں بٹی میرے پھولوں کی لاشیں میرے دشمن کی بزدلی کا ثبوت دے رہی تھیں۔ دسمبر کا میرے کلیجے پر یہ گھاؤ بھی بہت گہرا تھا۔ اگر دسمبر دو ہزار سولہ کی بات کروں تو میرے سامنے حلب میں خون مسلم کی ارزانی تھی، ماؤں بہنوں کا اپنی عزت کی حفاظت کے لیے خودکشیاں کرنا تھا، میری آنکھوں کے سامنے وہ مظلوم تھے پوری دنیا کے کافروں میں جس کا دل کرتا وہ شکار کرنے شام میں جا گھستا اور جی بھر کا قتل عام کرتا ہے، دو ہزار سترہ کے دسمبر میں میں یہ سب یاد کرکے آج کے حالات دیکھتا ہوں تو میرے سامنے میرے کشمیر و عراق لہولہو ہیں، میرے برما و افغانستان میں جلتے اور کٹتے مسلمان ہیں. برما میں جلتی بستیاں اور مسلمانوں کے کٹے پھٹے لاشے میرٰ آنکھوں کے سامنے اندھیرا طاری کردیتے ہیں۔ اے دسمبر تو ہی بتا میں سقوط ڈھاکہ کی داستان غم سناؤں، بابری مسجد کی شہادت اور مسلمانوں کے قتل عام پر ماتم کروں یا سانحہ پشاور کا نوحہ پڑھوں؟ میں سقوط حلب کا رونا روؤں یا برما کے جلتے مسلمانوں کی حالت زار بیان کروں؟ میں کشمیر کے بچوں کی بے کسی پر لکھوں یا کہ فلسطین کے شہیدی کھیل کھیلنے والے بچوں کی عکاسی کروں؟ جب میں بے بس ہو کر تھک کر گرتا ہوں تو میری نظر قرآن کی ان آیات پر پڑتی ہے "اذن للذین یقاتلون بانھم ظلمو" تو میری ہمت بندھتی ہے، میری نظر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر نظر پڑتی ہے تو مجھے محمد صلی اللہ علیہ وسلم پریشانیوں اور حملوں کی دور میں میدان بدر میں نکل کر رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کو پیغام دے جاتے ہیں تمہارے سارے مسائل اور سقوطوں کا حل اور اپنے گرتی مسجدوں، تڑپتے لاشوں اور شہداء کا بدلہ و قصاص جہاد فی سبیل اللہ میں ہے اور اسی میں تمہاری بقا ہے۔

Muhammad Abdullah
About the Author: Muhammad Abdullah Read More Articles by Muhammad Abdullah: 39 Articles with 38286 views Muslim, Pakistani, Student of International Relations, Speaker, Social Worker, First Aid Trainer, Ideological Soldier of Pakistan.. View More