گرم پانی سے وضو اور غسل کا حکم


ٹھنڈی کے موسم میں گرم پانی اور گرمی کے موسم میں ٹھنڈا پانی میسر ہونااﷲ کی نعمت میں سے ہے ،اس پہ اﷲ کا شکر بجا لانا چاہئے ۔ پانی ٹھنڈ یا گرم ہونا یہ موسم کی طبیعت پہ ہے ، موسم سرد ہوا تو پانی سرد ہوجائے گا اور گرم موسم سے پانی گرم ہوجائے گا۔ اﷲ نے بندوں کو ایسی سہولت میسر کی کہ موسم کے ٹھنڈے پانی کو مختلف طریقوں سے گرم کرلیتے ہیں اور طبعی گرم پانی کو سرد بناکر اﷲ کی اس بیش قیمت نعمت سے محظوظ ہورہے ہیں ۔
گرم پانی سے وضو کی بابت کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی سے وضو زیادہ اجر کا باعث ہے اس لئیوضو کی خاطر گرم پانی نہیں استعمال کرنا چاہئے ۔ یہ خیال غلط ہے ، نبی ﷺ نے اچھی طرح سے وضو کرنے کا حکم دیا ہے اور ٹھنڈی کے موسم میں بعض کو دیکھا جاتا ہے کہ اچھی طرح سے وضو نہیں کرتے جبکہ گرم پانی کامل وضو پر مددگار ہے ، اس سے بندہ مکمل طور پر بلاحرج وضو کرسکتا ہے ۔
ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا :
ألا أدلُکم علی ما یمحو اﷲُ بہِ الخطایا ویرفعُ بہِ الدرجاتِ ؟ قالوا : بلی . یا رسولَ اﷲِ ! قال إسباغُ الوضوء ِ علی المکارہِ(صحیح مسلم:251)
ترجمہ: کیا میں تمہیں ایسی چیزیں نہ بتاوں جن سے اﷲ گناہوں کو مٹاتا اور درجات کو بلند کرتاہے؟' لوگوں نے عرض کیا: اﷲ کے رسول !کیوں نہیں ،آپ ضرور بتائیں،آپ نے فرمایا: ناگواری کے باوجودمکمل وضوکرنا۔
شدت برد میں گرم پانی نہ ملنے پہ ٹھنڈے پانی سے وضو کرنا بلاشبہ زیادہ اجر کا باعث ہے مگر گرم پانی میسر ہو تو اچھی طرح وضو کے لئے زیادہ معاون ہے اور اس سے اجر میں کمی نہیں ہوگی ۔ یہ اﷲ کی طرف سے سہولت ہے ۔
اسی طرح کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ اﷲ نے قرآن میں پانی نہ ملنے پر یابیمارکو پانی مضرہونے پر تیمم کا حکم دیا ہے پھر وضو اور غسل کے لئے پانی گرم کرنے کی بات کہاں سے پیدا ہوتی ہے ؟ان کی نظر میں خاص طور سے ایسے شخص کا مسئلہ ہوتا ہے جو سخت تھنڈی کے موسم میں رات کو جنبی یا محتلم ہوگیا وہ فجر کے وقت کیا کریجبکہ سرد پانی اس کو نقصان پہنچارہاہو؟ اس سلسلے میں علماء کی رائے یہ ہے کہ وہ پانی گرم کرکے غسل کرے ،اگر پانی گرم کرنے کی سہولت نہ ہوتو تیمم کرلے ۔ اس مسئلہ کی وجہ سے بعض لوگوں کے ذہن میں جومذکورہ اشکال پیدا ہواہے اس کے کئی جوابات ہیں۔
پہلا جواب : علماء کا اس بات پہ اجماع ہے کہ جب تک پانی کا رنگ، بو اور مزہ نہ بدلے اس وقت تک پانی پاک ہے جیساکہ علامہ نووی رحمہ اﷲ نے حدیث "الماء طہور لا ینجسہ شیء "( پانی پاک ہے ، اسے کوئی چیز ناپاک نہیں کرتی ) کے تحت اجماع پہ ابن المنذر کا قول نقل کیا ہے ۔
أجمع العلماء علی أن الماء القلیل والکثیر إذا وقعت فیہ نجاسۃ فغیرت لہ طعما أو لونا أو ریحا فہو نجس(نیل الاوطار: 1/45)
ترجمہ: علماء کا اس بات پہ اجماع ہے کہ پانی خواہ کم ہو یا زیادہ اگر اس میں نجاست گر گئی اور اس کا مزہ یا رنگ یا بو بدل گئی تو وہ نجس ہے ۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر پانی گرم کرنے سے اس تینوں صفات میں سے کوئی صفت نہیں پیدا ہو تو وہ پاک ہے ، اس سے وضو اور غسل کیا جائے گا ۔
دوسرا جواب : اﷲ کا فرمان ہے :
وَإِن کُنتُم مَّرْضَیٰ أَوْ عَلَیٰ سَفَرٍ أَوْ جَاء َ أَحَدٌ مِّنکُم مِّنَ الْغَائِطِ أَوْ لَامَسْتُمُ النِّسَاء َ فَلَمْ تَجِدُوا مَاء ً فَتَیَمَّمُوا صَعِیدًا طَیِّبًا فَامْسَحُوا بِوُجُوہِکُمْ وَأَیْدِیکُمْ إِنَّ اللَّہَ کَانَ عَفُوًّا غَفُورًا (النساء :43)
ترجمہ: اور اگر تم بیمار ہو یا سفر میں ہو یا تم میں سے کوئی قضائے حاجت سے آیا ہو یا تم نے عورتوں سے مباشرت کی ہو اور تمہیں پانی نہ ملے تو پاک مٹی کا قصد کرو اور اپنے منہ اور اپنے ہاتھ مل لو ، بے شک اﷲ تعالی معاف کرنے والا ،بخشنے والا ہے ۔
اس آیت میں اﷲ نے مطلق پانی کا ذکر کیا ہے جو ٹھنڈا پانی ، گرم پانی اور عام پانی سبھی کو شامل ہے ۔ اور یہ تینوں قسم کے پانی تخلیق کائنات سے ہی پائے جاتے ہیں ۔ ایک تو قدرتی طور پر ٹھنڈ سے پانی ٹھنڈا اور گرمی سے گرم ہوتا ہے ، دوسرے یہ کہ شروع زمانے سے لوگ بھی اپنے طور پر پانی کو ٹھنڈا اور گرم کرتے رہے ہیں لیکن اس میں پہلے دقت رہی ہوگی تاہم آج سائنس کی ترقی سے پانی ٹھنڈا اور گرم کرنا نہایت ہی آسان ہوگیا ہے ۔ اس لئے آج لوگوں کا معمول یہ ہے کہ ہرکام کے لئے گرمی میں ٹھنڈا پانی اور ٹھنڈی میں گرم پانی استعمال کرتے ہیں ۔ جب آج کل ٹھنڈی میں گرم پانی کا استعمال معمول بناہواہے تو ظاہر سی بات ہے جسے وضو یا غسل کرنے کی ضرورت ہو اور اس کے لئے ٹھنڈا پانی نقصان دہ ہو تو وہ پانی گرم کرکے وضو اور غسل کرے گا ، بلانقصان کے بھی گرم پانی سے وضو اور غسل میں کوئی حرج نہیں۔
تیسرا جواب : سمندر، تالاب، کنواں اور نہر وغیرہ کا پانی گرمی میں دھوپ کی وجہ سیگرم ہوتا ہیاور اس سے وضو اور غسل کرسکتے ہیں ۔
ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ کہتے ہیں : ایک آدمی نے رسول اﷲ? سے عرض کیا: اﷲ کے رسول ! ہم سمندرکا سفر کرتے ہیں اور اپنے ساتھ تھوڑا پانی لے جاتے ہیں، اگر ہم اس سے وضو کرلیں تو پیاسے رہ جائیں گے ، تو کیا ایسی صورت میں ہم سمندر کے پانی سے وضو کرسکتے ہیں؟ رسول اﷲ?نے فرمایا :
ہو الطَّہورُ ماؤہُ ، الحلُّ میتتُہ(صحیح الترمذی:69)
ترجمہ: سمندر کا پانی پاک ہے اور اس کا مردار حلال ہے۔
اس حدیث سے پتہ چلتا ہے کہ جب سمندر کے ٹھنڈے اور گرم پانی سے ہم وضو کرسکتے ہیں تو اپنے طور پر پانی گرم کرکے بھی وضو کرسکتے ہیں ، اسی طرح غسل بھی۔
چوتھا جواب : بندوں پر اﷲ کی طرف سے یہ ایک بڑی سہولت ہے یعنی ٹھنڈی کے موسم میں گرم پانی اﷲ کی طرف سے بڑی سہولت وبڑی نعمت ہے ۔ یہی نہیں بلکہ اس قسم کی ہزاروں نعمتیں ہیں جنہیں گن نہیں سکتے ۔ ان نعمتوں سے فائدہ اٹھاکر رب کا شکریہ بجالانا چاہئے ۔
وَسَخَّرَ لَکُم مَّا فِی السَّمَاوَاتِ وَمَا فِی الْأَرْضِ جَمِیعًا مِّنْہُ إِنَّ فِی ذَٰلِکَ لَآیَاتٍ لِّقَوْمٍ یَتَفَکَّرُونَ (الجاثیۃ:13)
ترجمہ: اور آسمان وزمین کی ہرہر چیز کو بھی کو اس نے اپنی طرف سے تمہارے لئے تابع کردیا ، جو غور کریں یقینا وہ اس میں بہت سی نشانیاں پا لیں گے ۔
موسم سرما میں ہیٹر، گرم کپڑے، گرم مکان، گرم گاڑیاں اور استعمال کی گرم گرم دیگر چیزیں سب اﷲ کی نعمت ہیں اور یہ اس زمانے کی سہولیات میں شمار ہوں گی اور جب سہولت آجائے تو اسے اختیار کرنا چاہئے ، اس کے متعدد دلائل ہیں چند ایک نیچے درج کئے جاتے ہیں۔
(۱) اﷲ تعالی کا فرمان ہے : یُرِیدُ اللَّہُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلا یُرِیدُ بِکُمُ الْعُسْرَ(البقرۃ:185)
ترجمہ: اﷲ تعالی کا ارادہ تمہارے ساتھ سہولت کا ہیسختی کا نہیں ۔
(۲)اﷲ تعالی کا فرمان ہے : یُرِیدُ اللَّہُ أَن یُخَفِّفَ عَنکُمْ وَخُلِقَ الْإِنسَانُ ضَعِیفًا (النساء :28)
ترجمہ: اﷲ چاہتا ہے کہ تم سے تخفیف کردے کیونکہ انسان کمزور پیدا کیا گیا ہے۔
(۳)حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن الدینَ یُسرٌ ، ولن یُشادَّ الدینَ أحدٌ إلا غلبَہ ، فسدِّدوا وقاربوا ، وأبشروا ، واستعینوا بالغدوَۃِ والرَّوْحۃِ وشیء ٍ من الدُّلْجَۃِ .(صحیح البخاری:39)
ترجمہ: بے شک دین آسان ہے اور جو شخص دین میں سختی اختیار کرے گا تو دین اس پر غالب آ جائے گا (اور اس کی سختی نہ چل سکے گی) پس ( اس لیے ) اپنے عمل میں پختگی اختیار کرو۔ اور جہاں تک ممکن ہو میانہ روی برتو اور خوش ہو جاؤ اور صبح اور دوپہر اور شام اور کسی قدر رات میں ( عبادت سے ) مدد حاصل کرو۔
(۴)حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا نے بیان کیا کہ رسول کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا:
یا أیُّہا الناسُ ، خُذوا مِن الأعمالِ ما تُطِیقُون ، فإن اﷲَ لا یَمَلُّ حتی تَمَلُّوا( صحیح البخاری:5861)
ترجمہ: لوگو ! عمل اتنے ہی کیا کروجتنی کہ تم میں طاقت ہو کیونکہ اﷲ تعالیٰ نہیں تھکتا جب تک تم ( عمل سے ) نہ تھک جاؤ۔
(۵)سیدنا جابر بن عبداﷲ رضی اﷲ عنہما کا بیان ہے :أنَّ رسولَ اللَّہِ صلَّی اللَّہُ علیہِ وسلَّمَ رأی رجلًا یظلَّلُ علیہِ والزِّحامُ علیہِ فقالَ لیسَ منَ البرِّ الصِّیامُ فی السَّفرِ(صحیح أبی داود:2407)
ترجمہ: رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے دیکھا ایک شخص کو سایہ کیا جا رہا ہے اور لوگ اس پر ازدحام کیے ہوئے ہیں ۔ ( روزے اور گرمی کے باعث وہ غش کھا گیا تھا ) تو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا :سفر میں روزہ رکھنا کوئی نیکی کا کام نہیں ہے ۔
اس حدیث کی روشنی میں جس طرح مشقت ہونے والے شخص کے لئے سفر میں روزہ نہ رکھنا افضل ہے اسی طرح ٹھنڈے پانی سے مشقت ہونے پر گرم پانی سے وضو کرنا افضل ہے ۔
مذکورہ بالا تمام دلائل سے ٹھنڈی میں وضو اور غسل کے لئے گرم پانی کی سہولت اختیار کرنے کا پتہ چلتا ہے ۔ نبی ? اور صحابہ کرام کی عملی زندگی سے بھی اس قسم کی سہولت کا پتہ چلتا ہے ۔
ایک شبہ کا ازالہ : ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ سورج سے گرم ہوئے پانی کا استعمال برص کا سبب ہے۔ اس سلسلے میں بعض مرفوع روایات اور بعض آثار بیان کئے جاتے ہیں ۔ کوئی بھی روایت سندا ثابت نہیں ہے ۔ مثلا
(۱)عن عائشۃَ قالت أسخنتُ لرسولِ اللَّہِ صلَّی اللَّہُ علیہِ وسلَّمَ ماء ً فی الشَّمسِ لیغتسِلَ بہ فقال لی یا حُمَیراء ُ لا تفعلی فإنَّہُ یورِثُ البرَصَ.
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے نبی ? کے لئے دھوپ سے پانی گرم کیا تاکہ آپ غسل کریں تو آپ نے مجھ سے کہا اے حمیراء ! ایسا مت کرو ، یہ برص (ایک بیماری) کا سبب ہے۔
اس روایت کو ابن عدی نے موضوع کہا ہے ۔( الکامل فی الضعفاء : 3/475)
(۲)قال عمرُ بنُ الخطابِ - رضیَ اﷲُ عنہُ - : لا تغتسلوا بالماء ِ المشمسِ ، فإنَّہُ یُورثُ البرصَ۔
ترجمہ: حضرت عمربن خطاب رضی اﷲ نے فرمایا: دھوپ سے گرم کئے ہوئے پانی سے غسل نہ کرو کیونکہ یہ برص کا سبب ہے۔
امام نووی رحمہ اﷲ نے کہا ہے کہ یہ اثر ضعیف ہے اور دھوپ سے گرم پانی کے متعلق کچھ بھی ثابت نہیں ہے ۔(الخلاصہ: 1/69)
اور بھی کئی دلائل ہیں لیکن کوئی بھی ثابت نہیں ہے اس لئے عقیلی نے کہا ہے کہ دھوپ سے ہوئے گرم پانی کے متعلق کچھ بھی سندا صحیح ثابت نہیں ہے ۔(الضعفاء ؛2/176)
اس کا مطلب یہ ہوا کہ دھوپ سے ہوئے گرم پانی کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے ۔
گرم پانی سے وضووغسل اور طب : آجکل اطباء حضرات خود ہی لوگوں کو گرم پانی سے نہانے کا مشورہ دیتے ہیں بطور خاص مریض کو جو اس بات کا ثبوت ہے کہ گرم پانی سے نہانا صحت کے لئے نقصان دہ نہیں ہے بلکہ سردی سے متاثرہونے والی جلد کے لئے فائدہ مند ہے ۔ ہاں مسلسل زیادہ گرم پانی سے غسل طبی اعتبار سے نقصان دہ بتلایا گیا ہے اس لئے ہلکا گرم پانی سے نہائیں ۔ جب غسل میں کوئی حرج نہیں تو وضو میں بدرجہ اولی کوئی حرج نہیں ۔
 

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350240 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.