وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہا ں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے مختلف امورپرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس بڑے
پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے پہلے ہی بہت تاخیر ہوئی ہے ۔ضائع شدہ وقت کی تلافی
محنت اورپیشہ ورانہ انداز سے کام کر کے کرنا ہوگی۔ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ،تاخیر کے
بغیر تیزی سے پروگرام کو آگے لے کرجاناہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسانی صحت سے
منسلک اس اہم ترین پروگرام کو جتنی جلدی ممکن ہو آگے بڑھایا جائے۔پینے کا صاف پانی
ایک نعمت اور شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے۔عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے
جو کچھ انسانی بس میں ممکن ہو وہ اقدام اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف
پانی کی فراہمی کیلئے جرمن کمپنی کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔صوبائی وزیر
ہاؤسنگ سیدسلطان ہارون بخاری،چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے طاہر
اقبال،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری ہاؤسنگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف
پانی کمپنی نارتھ،چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب صاف پانی کمپنی ساؤتھ،جرمنی کی معروف
کمپنی کے واٹر سیکٹر کے ماہرجان بوئل(Mr.Johan Boel) اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں
شرکت کی۔