خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل بروز جمعرات صوبائی اسمبلی کی عمارت میں ہوگی۔ یہ نشست سابق سینیٹر سید شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
ضمنی انتخاب میں تین امیدوار آمنے سامنے ہوں گے جن میں تاج محمد آفریدی، خرم ذیشان اور عرفان سلیم شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دو امیدوار، عابد خان یوسفزئی اور نثار خان، الیکشن سے دستبردار ہو چکے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سعید گل کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی، ڈائریکٹر الیکشنز محمد ندیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ظہیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن سہیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشنز فہد علی شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاء محمد امجد پولنگ افسران کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔