دنیا بھر میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے، چائنہ سے شروع ہونے والا یہ وائرس اب دنیا کے مختلف ملکوں میں پھیل چکا ہے۔ حکومتیں اس وباء پر قابو پانے کی ہر ممکن کوششیں کر رہی ہیں، مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لیکن بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے کہ یہ وائرس صرف کھانسی یا نزلے کے نتیجے میں خارج ہونے والے ذرات سے نہیں بلکہ مختلف اشیاء کو چھونے، پھر انہی ہاتھوں کو چہرے پر لگانے سے بھی یہ وائرس جسم کے اندر آ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کرنسی نوٹ ایک سے دوسرے ہاتھ میں جاتے ہیں اور کافی اقسام کے وائرسز اور بیکٹیریا کو جمع کرلیتے ہیں۔ لوگوں کو مشورہ ہے کہ کرنسی نوٹوں کو استعمال کرنے کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح سے دھوئیں اور اس دوران چہرے کو چھونے سے مکمل گریز کریں۔
ماہرین نے مزید مشورہ دِیا کہ جس حد تک ممکن ہو کیش لیس پیمنٹ کا انتخاب کریں۔
یہ وائرس بے جان اشیاء سے پھیلنے کا خطرہ اتنا نہیں جتنا جاندار اشیاء سے پھیلنے کا ہے، لیکن یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ ان بے جان اشیاء سے ہم بالکل محفوظ ہیں۔ جتنا ممکن ہو احتیاط برتیں۔
برطانوی روزنامے دی گارڈین نے ان اشیا کی فہرست جاری کی ہے جو کورونا وائرس کی منتقلی کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔
ان اشیاء میں کرنسی نوٹ، دروازوں کے ہینڈل، اسپتال کی دیواریں، جہاز کی نشستیں، زینے کی ریلنگ، مشترکہ باتھ روم، اے ٹی ایم مشین، موبائل فونز اور دفتر کے کچن شامل ہیں۔