ڈیجیٹل ٹریفک چالان کی ادائیگی سے بچنے اور نئی شناختی دستاویزات یا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، ٹریفک پولیس نے طویل عرصے سے زیرِ التوا چالان ادا نہ کرنے والے ڈیفالٹرز کو عدالتی سمن بھجوانے شروع کر دیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ڈیجیٹل چالان جاری ہونے کے بعد 10 روز کے اندر جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں رقم دگنی ہو جاتی ہے، جبکہ عدم ادائیگی پر چالان متعلقہ عدالتوں کو بھجوا دیے جاتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جرمانے کی رقم دگنی ہونے کے باعث متعدد شہری ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے سے گریز کر رہے تھے، جس کے بعد اب مقررہ مہلت گزرنے کے باوجود چالان ادا نہ کرنے والوں کو عدالتی سمن جاری کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس وقت تقریباً 8 لاکھ ڈیجیٹل چالان اور ضبط شدہ دستاویزات کے معاملات زیرِ التوا ہیں۔ عدالتی سمن کے ذریعے شہریوں کو جرمانے کی ادائیگی اور اپنی ضبط شدہ دستاویزات واپس حاصل کرنے کی ہدایت کی جائے گی، جبکہ عدالتی احکامات کے باوجود ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔